نیکیاں
جنّت میں گھر بنوائیے (قسط : 01)
* عبد الماجد نقشبندی عطاری مدنی
ماہنامہ ربیع الاول 1442ھ
اللہ پاک اور اس کے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے مختلف نیکیو ں پر جُدا جدا اجر و ثواب کی بشارات عطا فرمائی ہیں اور بعض نیکیاں وہ ہیں جن پر جنّت میں گھر بنائے جانے کی بشارت عطا فرمائی گئی ہے۔ یہاں ایسی 10 نیکیاں ذکر کی گئی ہیں جن کے کرنے سے جنّت میں گھر بنائے جانےکی بشارت ہے :
(1)جنّت میں گھر دِلانے والی چار چیزیں : نبیِّ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشادفرمایا : چار چیزیں جس شخص میں ہوں گی اللہ پاک اُس کے لئے جنّت میں گھر بنائے گا : ( 1)وہ جس کا محافِظ لَا ٓاِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ ہو (2)وہ جسے کچھ حاصل ہو تو اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ کہے (3)کوئی گناہ سَرزَد ہوجائے تو اَسْتَغْفِرُ اللّٰہ کہے اور (4)جب اسے کوئی مصیبت پہنچے تو اِنَّا لِلّٰہِ پڑھے۔ ([i])
(2)سنّتِ مؤکّدہ پڑھنے کی فضیلت : نبیِّ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : جو دن رات میں 12 رکعتیں پڑھا کرے اس کے لئے جنّت میں گھر بنایا جائے گا ، چار رکعتیں ظہر سے پہلے ، دو رکعتیں ظہر کے بعد ، دو رکعتیں مغرب کے بعد ، دو رکعتیں عِشا کے بعد اور دو رکعتیں فجر سے پہلے۔ ([ii])
پیارے اسلامی بھائیو! اس حدیث میں جن بارہ رکعتوں کی ادائیگی پر جنّت میں گھر بنائے جانے کی بشارت عطا فرمائی گئی یہ بارہ رکعتیں سنّتِ مؤکَّدہ ہیں ، ہمیں بھی چاہئے کہ فرض نماز کی ادائیگی کے ساتھ ان بارہ رکعتوں کو بھی پابندی سے ادا کیا کریں۔
(3)چاشت کی بارہ رکعتیں : سرکارِ دوعالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : جو چاشت کی بارہ رکعتیں ادا کرے گا اللہ پاک اس کے لئے جنّت میں سونے کا ایک محل بنائے گا۔ ([iii])
(4)10مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھنا : نبیِّ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : جس نے دس مرتبہ ( قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌ ) پڑھا (یعنی پوری سورت پڑھی) تو اللہ پاک اس کے لئے جنّت میں گھر بنائے گا۔([iv])
(5)مسجد تعمیر کروانا : نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : جو اللہ پاک کی رضا کے لئے مسجد بنائے گا ، اللہ پاک اُس کے لئے جنّت میں ایک گھر بنائے گا۔ ([v])
مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : مسجد چھوٹی بنائے یا بڑی ، اکیلا بنائے یا دوسروں کے ساتھ مل کر اگر نیت میں اِخلاص ہے تو اِنْ شَآءَ اللہ یہ ہی ثواب ہے۔ ([vi])
(6)مسجِد کی صفائی کرنا : سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ رَحمت نشان ہے : جو مسجد سے تکلیف دِہ چیز نکالے گااللہ پاک اُس کے لئے جنّت میں گھر بنائے گا۔ ([vii])
بقیہ اگلے ماہ کے شمارے میں
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ* شعبہ تخریج ، المدینۃالعلمیہ ، باب المدینہ کراچی
Comments