سفر نامہ
یوکے کا سفر
* مولانا عبدالحبیب عطاری
ماہنامہ ربیع الاول1442ھ
پنجاب کا سفر : دسمبر2019ء کے دوسرے عشرے میں نگرانِ شوریٰ حاجی محمد عمران عطاری سلّمہ البارِی کے ہمراہ پنجاب کے مختلف شہروں کا سفر ہوا جہاں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ اور دیگر ذمّہ داران کے مشوروں کا بھی سلسلہ رہا۔ مختلف مدنی مشوروں اور تربیتی اجتماعات کے ساتھ ساتھ داتا گنج بخش علی ہجویری اور بابا فریدُالدّین گنج شکر رحمۃ اللہ علیہما کے مزارات پر حاضری کی سعادت بھی نصیب ہوئی۔ ان دنوں پنجاب میں شدید دھند (Fog) کا راج تھا۔
یوکے روانگی : پنجاب سے کراچی واپسی کے بعد اب مدنی کاموں کے سلسلے میں یوکے کا سفر درپیش تھا۔ نگرانِ شوریٰ 19دسمبر کو بذریعہ دبئی یوکے جانے کے لئے روانہ ہوگئے جبکہ میری روانگی 20دسمبر کوہوئی۔ ہم تین اسلامی بھائیوں نے 20دسمبر بروز پیر دوپہر12 بجے کی فلائٹ سے پہلے دبئی جانا تھا جہاں سوا گھنٹے رکنے کے بعد دوسری فلائٹ سے برمنگھم کے لئے روانگی تھی۔ کراچی ایئرپورٹ پہنچ کر معلوم ہوا کہ ہماری فلائٹ آدھا گھنٹا لیٹ ہے۔ یہ سُن کر ہمیں کچھ تشویش ہوئی کہ کہیں ہماری اگلی فلائٹ متأثر نہ ہو۔ بہرحال پہلے دبئی پہنچے اور وہاں نمازِ ظہر ادا کرکے جہاز میں سوار ہوئے تو نگرانِ شوریٰ پہلے سے موجود تھے۔
مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً 2بجے ہماری فلائٹ نے اڑان بھری ، یاد رہے کہ دبئی سے برمنگھم تقریباً سوا سات گھنٹے کا فضائی سفر ہے۔ نگرانِ شوریٰ نے تقریباً2 ہفتے پر مشتمل اس سفر میں درجنوں بیانات کرنے تھے اس لئے آپ کا زیادہ تَر وقت مطالعہ اور بیانات کی تیاری وغیرہ میں گزرا۔ میں نے بھی اپنا وقت بعض ضروری معاملات پر نگرانِ شوریٰ سے مشاورت ، مطالعہ اور آرام میں
گزارا۔ نمازِ عصر اور نمازِ مغرب ہم نے ہوائی جہاز میں ہی باجماعت ادا کی۔ ہوائی جہاز میں ایسی جگہ موجود ہوتی ہے جہاں کھڑے ہوکر نماز پڑھی جاسکتی ہے جبکہ سمتِ قبلہ (Qibla Direction) فضائی عملے یا مختلف موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے معلوم کی جاسکتی ہے۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ دعوتِ اسلامی کی مجلس آئی ٹی نے بھی نماز کے اوقات اور سمتِ قبلہ معلوم کرنے کے لئے ایک بہترین ایپ بنام “ Prayer Times “ بنائی ہے جسے Play Store سے Prayer Times Dawateislami لکھ کر یا نیچے دئیے گئے لنک کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ https : / / play.google.com / store / apps / details?id=com.dawateislami.namaz
دورانِ سفر وقت کی قدر دانی : پیارے اسلامی بھائیو! مصروف سے مصروف شخص بھی عموماً سفر کے دوران معاشی (Financial) یا گھریلو مصروفیات سے آزاد ہوتا ہے۔ اگر ہم کوشش کریں تو سفر کے دوران ملنے والے وقت کو دنیا و آخِرت کے لئے نفع بخش بنا سکتے ہیں۔ موبائل فون یا ٹیبلیٹ کے ذریعے دورانِ سفر تلاوتِ قراٰنِ کریم ، اچھی دینی کتابوں کا مطالعہ ، سنّتوں بھرا بیان ، مدنی مذاکرہ یا نعت شریف سننا ، ذِکْر و دُرود میں مشغول رہنا وغیرہ ایسے نیک کام ہیں جن کے ذریعے سفر کے دوران ملنے والے فارغ وقت کو بھی دنیا و آخِرت کے لئے فائدہ مند بنایا جاسکتا ہے۔ اس کے بَرعَکس سفر میں گانے باجے یا فلمیں ڈرامے دیکھنے سننے یا بدنگاہی کا سلسلہ دنیا و آخِرت کی بربادی کا سبب بن سکتا ہے۔
فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے : جو شخص سفر کے دوران اللہ پاک کی طرف توجہ رکھے اور اس کے ذکر میں مشغول رہے ، اللہ کریم اس کے لئے ایک فرشتہ محافِظ مقرر کردیتا ہے ، اور جو بیہودہ شعر وشاعری اورفضول باتوں میں مصروف رہے تو اللہ پاک اس کے پیچھے ایک شیطان لگا دیتا ہے۔ (حصن حصین ، ص83)
اللہ پاک کے فضل و کرم سے اب Emirates ایئر لائن میں سفر کرنے والے افراد مدنی چینل کی طرف سے فراہم کردہ کچھ سلسلے (Programs) بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اس ایئرلائن کے مسافروں کی خدمت میں مدنی مشورہ ہے کہ دورانِ سفر مدنی چینل کے سلسلے دیکھیں اور اپنے وقت کو نیکی میں گزاریں۔
شاندار استقبال : تقریباً 7 بجے ہم برمنگھم ایئرپورٹ پہنچے اور امیگریشن وغیرہ کے بعد باہر نکلے تو عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد نگرانِ شوریٰ کے استقبال کے لئے موجود تھی۔ صرف برمنگھم نہیں بلکہ لندن ، بریڈ فورڈ اور یوکے کے دیگر شہروں سے آئے ہوئے اسلامی بھائی بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ ایئرپورٹ پر اسلامی بھائیوں سے ملاقات کے بعد ہم فیضانِ مدینہ پہنچے۔ اتنا لمبا سفر کرنے کے بعد لوگ عموماً آرام کرتے ہیں لیکن چونکہ اسلامی بھائیوں کا ایک ہجوم(Crowd) موجود تھا اس لئے یہاں بھی کافی دیر ملاقات کا سلسلہ جاری رہا۔
تقریبِ کاح میں شرکت : ملاقات سے فارغ ہوکر میں نے مبلغِ دعوتِ اسلامی قُدرتُ اللہ عطّاری کے صاحبزادے کی تقریبِ نکاح میں شرکت اور نکاح پڑھانے کی سعادت پائی جہاں کثیر علمائے کرام اور دیگر اسلامی بھائی موجود تھے۔
کامیابی کا راستہ : مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے انگلش مدنی چینل پر مبلغِ دعوتِ اسلامی سیّد فضیل رضا عطاری ’’Path To Success (کامیابی کا راستہ) “ کے نام سے براہِ راست (Live) سلسلہ کرتے ہیں۔ ان کی درخواست پر نگرانِ شوریٰ اس سلسلے میں جلوہ گر ہوئے اور تقریبِ نکاح سے واپس آ کر میں بھی شریک ہوگیا۔ اللہ پاک کے فضل و کرم سے مدنی چینل اُردو کے علاوہ انگلش اور بنگلہ زبانوں میں بھی نیکی کی دعوت عام کرنے میں مصروفِ عمل ہے۔ اِنْ شَآءَ اللہ وہ دن دور نہیں جب مدنی چینل کا فیضان عربی سمیت دیگر عالمی زبانوں (International Languages) میں بھی جاری ہوجائے گا۔
رات تقریباً11بجے جب ہم سلسلہ “ Path To Success (کامیابی کا راستہ) “ سے فارغ ہوئے تو تھکن سےچُور تھے ، اس لئے فوراً آرام کیا۔
تربیتی اجتماع کا آغاز : اگلے دن نمازِ فجر کے بعد یوکے بھر کے ذمّہ دار اسلامی بھائیوں کے تربیتی اجتماع کا آغاز ہوا۔ تربیتی اجتماع کا پہلا دن کابینہ نگران اور اراکین اسلامی بھائیوں کے لئے مختص تھا۔ نمازِ فجر کے بعد مجھے “ قراٰن ایک خزانہ ہے “ کے عنوان پر بیان کی سعادت ملی جس میں تفسیرِ قراٰن سے متعلق کچھ مدنی پھول پیش کئے ، قراٰنِ پاک پڑھنے اور سمجھنے کا ذہن دیا۔ اس کے بعد ناشتے اور آرام کا وقفہ ہوا۔
نمازِ ظہر کے بعد نگرانِ شوریٰ کا بیان شروع ہوا۔ ان دنوں یوکے میں نمازِ ظہر ، عصر اور مغرب کافی قریب قریب تھیں۔ دوپہر ڈیڑھ بجے نمازِ ظہر ، ڈھائی بجے عصر اور4 بجے مغرب کی نماز تھی۔ ظہر سے عصر اور پھر عصر سے مغرب نگرانِ شوریٰ کا بیان اور سوال و جواب کا سلسلہ جاری رہا۔ آج چونکہ ہفتہ تھا اس لئے نمازِ مغرب کے بعد ساڑھے4بجے جبکہ پاکستان میں تقریباً ساڑھے 9بجے تھے براہِ راست مدنی مذاکرے میں شرکت ہوئی۔
مدنی مذاکرے کے بعد تقریباً 7بجے نمازِ عشا اور پھر کھانے (Dinner) کا سلسلہ ہوا۔ کھانے کے بعد 8بجے دوبارہ تربیتی اجتماع شروع ہوا اور نگرانِ شوریٰ نے تقریباً 12 بجے تک ذمّہ داران کی تربیت فرمائی۔ اس دوران کبھی خوفِ خدا اور تزکیۂ نفس پر کلام ہوا تو کبھی ذکرِ مدینہ سے دل منور ہوئے ، کبھی رِقّت طاری ہوئی تو کبھی اسلامی بھائیوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کرکے خوشی کا سامان کیا۔
اللہ کریم ہمارے اس سفر کو قبول فرمائے اور مرتے دَم تک اخلاص کے ساتھ دین کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
نوٹ : یہ مضمون مولانا عبدُ الحبیب عطّاری کے آڈیو پیغامات وغیرہ کی مددسے تیار کرکے انہیں چیک کروانے کے بعد پیش کیا گیا ہے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ* رکنِ شوریٰ و نگران مجلس مدنی چینل
Comments