باتوں سے خوشبو آئے
نیک بندوں کی بُرائی کرنا
کسی شخص کے بُراہونےکے لئے اتنا کافی ہے کہ وہ خود نیک نہ ہو لیکن نیک بندوں کی بُرائی کرتا پھرے۔
(اِرشادِ حضرت سیّدُنا مالِک بن دِیناررحمۃ اللہ علیہ)
(شعب الایمان ، 5 / 316 ، رقم : 6780)
دل کی سختی کی نشانی
دل کی سختی کی نشانی یہ ہے کہ سمجھانے کا فائدہ نہ ہو ، نصیحت اَثْر نہ کرے اور نیک لوگوں کے ساتھ بیٹھنے کی بَرَکت بھی ظاہر نہ ہو۔ (اِرشادِ حضرت سیّدُنا ابوعثمان رحمۃ اللہ علیہ) (حسن التنبہ ، 2 / 18)
نیک بندوں سے مَحبت کی بَرَکت
جو نیک بندوں سے مَحبت کرتا ہے وہ ان کی برکتیں ضرور پاتا ہے۔ ایک کتے (Dog)نے نیک بندوں یعنی اَصْحابِ کَہْف سے محبت کی اور ان کے ساتھ رہا تو اللہ پاک نے قراٰنِ کریم میں اَصْحابِ کَہْف کے ساتھ ان کے کتے کا ذِکْر بھی فرما دیا۔ (اِرشادِ حضرت سیّدُنا ابوالفضل جوہری رحمۃ اللہ علیہ) (حسن التنبہ ، 3 / 31)
احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی
عاق کرنے کی شرعی حیثیت
بے علموں کے ذہن میں یہ ہے کہ جس طرح عورت کا علاقۂ زوجیت قطع (یعنی بیوی ہونے کا رشتہ ختم) کرنے کے لئے شرعِ مُطَہَّر نے طلاق رکھی ہے کہ اس کا اختیار (Authority) بدستِ شوہر ہے اور اس کے لئے کچھ الفاظ ہیں کہ جب شوہر سے صادِر ہوں طلاق واقع ہو ، یوں ہی اولاد کاعلاقۂ ولدیت قطع (یعنی اولاد ہونے کا رشتہ ختم) کرنے کے لئے عاق کرنابھی کوئی شرعی چیزہے جس کا اختیار بدستِ والدین ہے اور اس کیلئے بھی کچھ الفاظ مُقرَّر ہیں کہ والدین ان کا استعمال کریں تو اولاد عاق ہوکر تَرْکہ سے محروم ہوجائے۔ مگریہ محض تراشیدہ (یعنی گھڑے ہوئے) خیال ہیں جس کی اَصْل شرعِ مُطَہَّرمیں اصلاً (یعنی بالکل) نہیں ، نہ علاقۂ ولدیت وہ چیز ہے کہ کسی کے قطع کئے منقطع ہوسکے ، مگر مَعَاذَ اﷲ بحالتِ اِرْتِداد (یعنی صرف دینِ اسلام سے نکل جانے کی صورت میں اولاد اور والدین کا رشتہ ختم ہوسکتا ہے) وَالْعِیَاذُ بِاﷲ تَعَالٰی۔ (فتاویٰ رضویہ ، 26 / 85)
حرام کے مختلف درجات
حرام حرام میں فرق ہوتا ہے۔ بھنگ ، چرس ، شراب سب حرام ہیں مگر شراب سب میں بَدتَر (Worst) ہے۔ (فتاویٰ رضویہ ، 22 / 606)
عطّار کا چمن کتنا پیارا چمن!
بچّوں کی فطرت
اے عاشقانِ رسول! بچّوں میں یہ فِطری (یعنی قدرتی Natural) بات ہوتی ہےکہ وہ بڑوں کی نَقّالی (یعنی انہیں Copy) کرتے ہیں ، اگر گھر میں نَمازوں کا ماحول ہوگا تو بچّے بھی نَمازوں کی نَقّالی کریں گے اور اگر (مَعَاذَ اللہ) گانے باجے یا ڈانس کا ماحول ہوگا تو بچّے بھی ڈانس کریں گے۔ (مدنی مذاکرہ ، 19صفرالمظفر1441ھ)
نیک اعمال پر اِسْتِقامت پانے کا نسخہ
نیک اعمال پر اِسْتِقامت پانے کے لئے اِبتداءً نفس کو جَبْراً نیکیوں کی طرف گامزن کرنا پڑتا ہے۔
(مدنی مذاکرہ ، 29جمادی الاخریٰ1436ھ)
Comments