علمائےکرام اوردیکرشخصیات کے تأثرات

علمائےکرام اور دیگر شخصیات کے تأثرات

(1)مولانا محمد عطاءُالرّحمٰن قادری(لاہور) : قبلۂ اول کے عکس سے مزیَّن رَجَبُ الْمُرجب1441ھ کا “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ نظر نواز ہوا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ! قلب و روح کی تسکین کا باعث بنا۔ یوں تو تمام ہی مضامین خوب سے خوب تَر کا مِصداق ہیں لیکن خاص طور پر “ اپنے بُزُرگوں کو یاد رکھئے “ ، “ سفرنامہ صوفی کانفرنس “ اور “ کولیسٹرول کے اسباب “ پڑھ کر معلومات میں خوب اضافہ ہوا۔ یہ جریدہ مَا شَآءَ اللّٰہ! باطنی حُسن کے ساتھ ساتھ ظاہری حُسن سے بھی اس قدر مالا مال ہے کہ دیکھ کر بےاختیار سُبْحٰنَ اللہ!کے کلمات زبان پر جاری ہوجاتے ہیں۔ صفحۂ آخر پر مکتبۃُ المدینہ اَلْعَرَبیہ کے جدہ شریف میں اسٹال (Stall) لگنے کا پڑھ کر حیرت کے ساتھ ساتھ بے حد مسرت ہوئی۔ اللہ پاک  اپنے حبیب کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صدقے مزید خیر وبرکت سے نوازے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(2)مولانا غلام مرتضیٰ عطّاری (مدرس جامعہ غوثیہ رضویہ مصباح العلوم ، جڑانوالہ ، فیصل آباد) : “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کی تو کیا بات ہے! ہر ماہ اپنی آب و تاب کے ساتھ شائع ہو رہا ہے مَا شَآءَ اللّٰہ۔    اس ماہنامہ میں اہلِ تصوّف ومعرفت ، عُلَما و طَلَبہ ، بچّے اور بُزُرگ ، تاجر اور خواتین سب کیلئے کافی راہنمائی (Guidance) موجود ہے۔ اللہ پاک دعوتِ اسلامی اور مجلس “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کو دن گیارہویں اور رات بارہویں ترقّی عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

متفرق تأثرات

(3) “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں علم کا خزانہ  ملتا ہے۔ اس کا ہر ہر شمارہ بہترین ہوتا ہے۔ اللہ پاک اس کاوش کو قبول فرمائے اور اس کو مزید ترقّی دے۔ (رضوان عطاری ،  ڈی جی خان)

 (4) “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ علم میں اضافے    کا بہترین ذریعہ ہے ، اس میں بہت دلچسپ معلومات پڑھنے کو ملتی ہیں۔ اللہ  پاک اس ماہنامےکو مزید ترقی و عروج عطا فرمائے۔ (بنتِ بہادر ، درجۂ ثالثہ ،  جامعۃُالمدینہ چباں)

 (5)مارچ 2020ء کے “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کا مطالعہ کیا ، کافی کچھ سیکھنے کو ملا ، نئی باتیں پڑھنے  کو ملیں۔ اس ماہنامہ میں حضرت سیّدُنا ذُوالْبِجَادَین رضی اللہ عنہ کے بارے میں پڑھ کر صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی قربانیوں کا احساس ہوا۔

(بنتِ طارق حسین ، سکھر)

 (6)مجھے “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ پڑھنے کا بہت شوق ہے ، میں نے جنوری اور فروری2020ء کا ماہنامہ ڈاؤن لوڈ کیا تھا ، ان میں مجھے “ کیا علماء نے دین کو مشکل بنایا ہے ؟ “ مضمون  بہت پسند آیا۔ میں نے نیّت کی کہ اب “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ مکتبۃُ المدینہ سے لایا کروں گا اور اس کا مُطالعہ کیا کروں گا۔ پھر میں نے مارچ 2020ء کا ماہنامہ مکتبۃُالمدینہ سے حاصل کیا اور اس کا دینی اور دنیاوی اعتبار سے مجھے بہت فائدہ ہوا۔ (محمد عمر عطاری ،  میرپور کشمیر)

 (7)اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ! “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کا ہر شمارہ مدینہ مدینہ ہوتا ہے۔ مختلف موضوعات پر کافی معلومات حاصل ہوجاتی ہے۔ ایک عرض ہے کہ ماہنامہ میں کسی نئی کتاب کا تعارُف (Introduction) بھی شامل کیا جائے تو اچّھا ہوگا۔

(اکبر کندی عطاری ، عیسیٰ خیل)

 (8)اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ! ڈیڑھ سال سے “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ پڑھ رہا ہوں۔ اس ماہنامہ کے پڑھنے سے بہت زیادہ دینی و دنیاوی فوائد حاصل ہوئے ہیں۔ (محمد عرفان ، فیصل آباد)


Share