گزارشات
عملِ نیک کیا بھی تو چھپانے نہ دیا
امّ میلاد عطاریہ
ذوالقعدۃ الحرام1441
اوّل تو نفس و شیطان ہمیں نیکیاں کرنے ہی نہیں دیتے اور اگر ہم محنت و کوشش کرکے کوئی نیکی کرنے میں کامیاب ہو بھی جائیں تو نفس و شیطان ہماری عبادت کو مقبول ہونے سے روکنے کیلئے مختلف ہتھکنڈے آزماتے ہیں جن میں سے “ رِیا “ ایک مضبوط ہتھکنڈا ہے۔
رِیا کاری کیاہے؟ “ اللہ پاک کی رِضا کے علاوہ کسی اور ارادے سے عبادت کرنا ریاکاری کہلاتا ہے۔ “ گویا عبادت سے یہ غرض ہو کہ لوگ اس کی عبادت پر آگاہ ہوں تاکہ وہ ان لوگوں سے مال بٹورے یا لوگ اس کی تعریف کریں یا اسے نیک آدمی سمجھیں یا اسے عزّت وغیرہ دیں۔ ([i])
قراٰنِ کریم میں ریا سے بچنے کا حکم : اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے : ) فَمَنْ كَانَ یَرْجُوْا لِقَآءَ رَبِّهٖ فَلْیَعْمَلْ عَمَلًا صَالِحًا وَّ لَا یُشْرِكْ بِعِبَادَةِ رَبِّهٖۤ اَحَدًا۠(۱۱۰)( ترجمۂ کنزُ الایمان : تو جسے اپنے رب سے ملنے کی امید ہو اُسے چاہئے کہ نیک کام کرے اور اپنے رب کی بندگی میں کسی کو شریک نہ کرے۔ ([ii]) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)
ریاکار کی علامات : (1)تنہائی میں ہو تو عمل میں سُستی کرے اور لوگوں کے سامنے ہو تو جوش دکھائے (2)اس کی تعریف کی جائے تو عمل میں اِضافہ کر دے اور (3)اگر مذمت کی جائے تو عمل میں کمی کر دے۔ ([iii])
ریاکاری کے چند نقصانات : (1)رِیاکار کا عمل قبول نہیں ہوتا([iv]) (2)ریاکار سے جہنم بھی پناہ مانگتا ہے([v]) (3)ریاکار اپنے رب کی توہین کرنے والا ہوتاہے([vi]) (4)ریاکار زمین و آسمان میں مَلْعُون ہے([vii]) (5)ریاکار اپنے رب کو ناراض کرنے والا ہوتا ہے([viii]) (6)ریا کار کا آخرت میں کوئی حصہ نہیں۔ ([ix])
ریاکاری کے چند علاج : (1)اللہ پاک سے دُعا کیجئے (2)ریاکاری کے نقصانات پیشِ نظر رکھئے (3)اِخلاص اپنائیے (4)نیت پر نظر رکھئے (5)اکیلے ہوں یا لوگوں کے سامنے ایک سا عمل کیجئے (6)نیکیاں چھپائیے (7)اَوراد و وظائف پڑھنے کی عادت بنائیے۔
پیاریاسلامی بہنو! غور کیجئے کہ ہمارے شب و روز نیک بننے میں گزررہے ہیں یا خود کو نیک ثابت کرنے میں؟ یاد رکھیں! عمل کو ریا کاری سے بچانا ، عمل کرنے سے زیادہ مشکل کام ہے ، اس مشکل کام کو سر انجام دینے کے لئے دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے وابستہ ہوجائیے ، اِنْ شَآءَ اللہ دعوتِ اسلامی سے وابستہ ہونے کی برکت سے اچھے اخلاق و اوصاف آپ کے کردار کا حصہ بنتے چلے جائیں گے ، ہر اسلامی بہن کو چاہئے کہ فکرِ مدینہ اور ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماع میں شرکت کرکے ریاکاری سمیت دیگر تمام ظاہری و باطنی اَمراض سے شفا حاصل کرنے کی کوشش کرے۔
ریاکاری کے مزید نقصانات اور بچنے کے طریقے جاننے کیلئے مکتبۃُ المدینہ کی کتاب “ ریاکاری “ کا مطالعہ مفید ثابت ہوگا۔
Comments