بچوں کے لئے موبائل اور سوشل میڈیا  کا استعمال

ماں باپ کے نام

بچوں کے  لئے  موبائل اور سوشل میڈیا  کا استعمال

*مولانا آصف جہانزیب عطّاری مدنی

 ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ اگست2022ء

 ہم جس دور میں زندگی گزار رہے ہیں اس میں اولاد کی تربیت کے متعلق بہت سے مسائل درپیش ہیں جن میں ایک اہم مسئلہ بچے ،  موبائل اور سوشل میڈیا ہے ،  کیونکہ آج کل کے والدین  مصروف ہیں ،   اولاد کی تربیت کے لئے  وقت دینا  ایک مشکل کام ہے ،  اب والدین نے بچوں کی شرارتوں سے بچنے کا ایک آسان ذریعہ یہ بنالیا ہے کہ اسمارٹ فون بچے کے حوالے کر دیا جائے ،  کیونکہ جب تک وہ  موبائل بچے کے پاس رہے گا بچے کی شرارتوں سے گھر والے امان میں رہیں گے ،  گھر میں بھی سکون رہے گا اور والدین بھی اپنے کام بآسانی کر سکیں گے۔

اسی وجہ سے ہمارے بچےموبائل کے  عادی ہو گئے۔ بچوں کو بھی ان چیزوں میں بہت اٹریکشن محسوس ہوتی ہے ، لیکن  سوشل میڈیا کی وجہ سے ان  ننھے ذہنوں پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں ہم اس کا اندازہ ہی نہیں کر تے ،  آئیے !  سوشل اسکرین دیکھنے اور  میڈیا کے  استعمال سے بچوں کو جو نقصانات ہو رہے  ہیں  ان کا ایک جائزہ ملاحظہ کیجئے :

 ( 1 ) ایک ریسرچ کے مطابق صرف 4  مہینے کا بچّہ اسکرین کا عادی بن چکا ہے اور والدین کی لا پرواہی  کی  وجہ  سے اوسطاً ایک بچہ ساڑھے 4 گھنٹے اسکرین دیکھتا ہے ۔

 ( 2 )  ہمارے بچے  آج کل  کارٹونز اور موویز کے عادی  ہوتے جارہے ہیں جس کی وجہ سے  بچوں  کے رول ماڈل  اورپسندیدہ  لوگ بھی کارٹونز ہیں اور غیرمحسوس طریقے سے ہمارے بچے غصیلے ،  لڑاکو اور ضدی ہوتے جار ہے  ہیں ۔

 ( 3 )  بچوں کو  ٹچ اسکرین کا استعمال تو بہت اچھے سے آرہا ہوتا ہے مگر جسمانی ایکٹیویٹیز میں بچے کمزور ہیں ۔ مثال کے طور پر بچوں کو اپنا جوتا ٹھیک سے پہننا نہیں آتا مگر smart phone کا استعمال اچھے سے آتاہے۔

 ( 4 )   ایک سائیڈ ایفیکٹ یہ بھی ہے  کہ ہمارے بچوں کے اندر یکسوئی    کی کمی ہوتی جارہی ہے یعنی بچے ٹِک کر کوئی  کام نہیں کر سکتے ،  بچہ  اسکرین پر اُچھل کُود ،  مَوج مَستی ،  چیخنا چلانا دیکھتا ہے ،  وہی  عملی زندگی میں کرتا ہے ۔

 ( 5 ) بچوں کے لئے سوشل میڈیا کے استعمال کا ایک بڑا نقصان یہ  ہے  کہ بچوں میں گناہ اور حرام کی تمیز ہی ختم ہوتی  جارہی ہے ،  اور دین سے دوری  بچوں کے کچے ذہنوں کو تباہ کر رہی ہے ۔

محترم والدین !  بچوں کی تربیت  ایک مشکل اور اہم کام ہے  جس کے  لئے  بہت احتیاط کی ضرورت ہے ،  بچوں کو موبائل کے استعمال کی اجازت دینے کے حوالے  سے  چند گزارشات ہیں  ان پر عمل کیا جائے  تو  موبائل اور سوشل میڈیا  کے نقصانات  پر  کچھ  نہ  کچھ قابو پایا جا سکتا ہے۔

 ( 1 )     بچوں  کو اگر موبائل سے دور رکھنا ممکن نہیں تو کم از کم ان کو موبائل میں کیا  دیکھنا چاہئے  اس چیز پر ہم کنٹرول کرسکتے  ہیں ، لہٰذا بچوں کو صرف وہی  چیزیں  دیکھنے  دیجئے  جو ان کی   شخصیت پر اچھے اثرات مرتب کریں۔

 ( 2 ) بچوں کے لئے  موبائل  کے استعمال کا ٹائم فکس کیجئے  اور اس پر سختی سے  عمل   کراوئیے ۔

 ( 3 ) بچوں  کو جسمانی  ایکٹیویٹیز کا ٹائم اور جگہ فراہم کیجئے  تاکہ  ان کی توجہ  اسکرین کی طرف کم ہو سکے ۔

 ( 4 )  بچوں کو اگر اسکرین کے ذریعے اخلاقی تربیت دینی  ہے تو اس کے  لئے  بچو کا مدنی  چینل اور  اس پر نشر ہونے  والے  کارٹون  بہت مفید ہیں ،  جن میں بچوں کی اخلاقی تربیت بھی ہے  اور بچے کا اسکرین ٹائم کا شوق بھی  پورا ہو جاتا ہے۔

 ( 5 ) سب سے  اہم بات یہ ہے کہ آپ خود ان کے لئے وقت نکالیں ،  کیونکہ  جو  وقت آپ دیں  گے  اس کا  نعم البدل  کوئی  اور چیز نہیں ہو سکتی۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*( شعبہ بچوں کی دنیا ( چلڈرنزلٹریچر ) المدینۃ العلمیہ ،  کراچی )


Share

Articles

Comments


Security Code