خوابوں کی دنیا
* مولانا محمد اسد عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ اگست 2022ء
قارئین کی جانب سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں کی تعبیر
خواب : ایک اسلامی بہن جن کے بال حقیقت میں بہت بڑے ہیں مگر انہوں نے خواب میں اپنے بال بہت چھوٹے اور کالے سیاہ دیکھے ہیں تو اس کی تعبیر بیان کر دیجئے کہ اپنے بڑے بالوں کو خواب میں چھوٹا دیکھنا کیسا ہے؟
تعبیر : خواب میں بالوں کا چھوٹا ہونا غم اور فکر کی علامت ہے۔ اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا کیجئے اور ذکرُاللہ کی کثرت کیجئے۔ ہوسکے تو راہِ خدا میں صدقہ کیجئے اِنْ شآءَ اللہ عافیت کا معاملہ ہوگا۔
خواب : آج صبح تقريباً فجر کے بعد مجھے خواب آيا کہ مجھ سمیت میری امّی اور باقی بہنیں نماز ميں مشغول تھیں کہ گھر ميں اندھیرا ہوگیا اور اچانک ہمارے کچن کے سب برتن نیچے گرنے لگے ، جب ہم اس طرف متوجہ ہوئے تو ايک خوفناک ہاتھ اشارے سے ہميں کچن کے اندر بلانے لگا ، اسی دوران موبائل میں پير و مرشد اميرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا ويڈيو کلپ آیا جس میں انہوں نے اس مصیبت سے بچنے کے لئے یَاعَلِیمُ اور یَارءُوْفُ کا وِرد بتایا ، ميں نے سب کو يہ وظیفہ بتایا ، اتنے ميں ميرے بھائی اس صورتِ حال سے نمٹنے کے لئے ايک بزرگ کو ساتھ لے آئے۔ بس اسی وقت خوفزدہ کیفیت میں ميری آنکھ کھل گئی۔ ( بنتِ رمضان )
تعبیر : اللہ پاک آپ کو اور آپ کے گھر والوں کو ہر طرح کی آزمائش سے محفوظ فرمائے ، اس خواب کی وجہ سے پریشان نہ ہوں بعض اوقات شیطان اس طرح کے خواب دکھاتا ہے ، شجرہ میں دئیے گئے اَوراد میں سے اپنی اور گھر کی حفاظت کے کچھ اَوراد کو معمول میں رکھئے۔
خواب : خواب میں بار بار صاف پانی دیکھنے کی تعبیر بتا دیجئے ، پہلے پہل صرف ٹخنوں تک پانی نظر آیا پھر بعد کے خوابوں میں پانی کی روانی بڑھ گئی پھر رات کے منظر میں گہرا سمندر نظر آیا پھر مختلف خوابوں میں مسلسل سمندر ہی نظر آتا رہا ، اتنا بڑا سمندر جس کا گویا کنارہ ہی نہ ہو۔ ( ہمشیرہ حسن ، لاہور )
تعبیر : صاف پانی کا دیکھنا اچھا ہے یونہی سمندر کا دیکھنا کسی بڑے شخص سے واسطہ پڑنے کی علامت ہوا کرتا ہے۔
خواب : میں خواب میں اند ھیرا بہت دیکھتی ہوں ، ایک گھر ہے وہاں گڑھوں میں کوئلے ہیں مجھے راستہ نہیں مل رہا بھاگ رہی ہوں۔ دوسرا خواب کافی پہلے دیکھا تھا کہ میں اور میری نند بیٹھی ہیں ، کچھ لوگ ہمیں تنگ کر رہے ہیں ، میں اسے بولتی ہوں آؤ ہم غوثِ پاک سے مدد مانگیں اور پھر ہم اَلمدد یاغوثِ پاک پکارنے لگتے ہیں ، اتنے میں ایک بزرگ نظر آتے ہیں جن کا چہرہ سرخ اور لباس ، داڑھی اور عمامہ سب سفید تھے ، پھر ہم درخت سے سیب توڑتی ہیں ان دونوں خوابوں کی تعبیر بتا دیجئے۔ ( بنتِ خالد عطاریہ ، کوٹ ادو )
تعبیر : بزرگ کی زیارت باعثِ برکت ہوتی ہے البتہ اندھیرا اور گڑھا کسی آزمائش کی طرف اشارہ ہے ، اللہ پاک کی بارگاہ میں عافیت کی دعا کیجئے اور اس کے لئے راہِ خدا میں خرچ کیجئے۔
خواب : مجھے اکثر خواب میں ایسا لگتا ہے کوئی مجھ پر تعویذ کر رہا ہے لیکن میں خواب میں ہی دُرودِ پاک پڑھ رہا ہوتا ہوں جس پر وہ تعویذ والا بولتا ہے کہ جب تک یہ پڑھنا نہیں چھوڑے گا تب تک میں کچھ نہیں کر سکتا۔
تعبیر : یقیناً دُرودِ پاک کی بے شمار برکتیں ہیں اللہ پاک مصائب و آلام سے محفوظ فرماتا ہے ، آپ اس کی کثرت کیجئے لیکن ضروری نہیں کہ حقیقت میں کوئی آپ پر تعویذ کر رہا ہو فقط خواب کی بنیاد پر کسی کے بارے میں سوچنا یا خود کو پریشانی میں مبتلا کرنا دُرست نہیں ہوتا ، اللہ پاک کی ذات پر توکل رکھئے ، اِنْ شآءَ اللہ ایسا کوئی معاملہ نہ ہوگا۔
خواب : مجھے خواب میں چھپکلی نظر آتی ہے۔
تعبیر : چھپکلی دیکھنے کی بہت سی تعبیریں ہیں جو کہ خواب دیکھنے والے کی شخصیت ، مصروفیت اور حالات و واقعات کے مختلف ہونے سے مختلف ہوتی ہیں ، البتہ چھپکلی کا دیکھنا ایک برے شخص کی علامت ہے جو غیبت کرتا اور لوگوں کی چغلیاں کھاتا ہے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* ( نگران مجلس مدنی چینل )
Comments