دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا محمد عمرفیاض عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اگست 2022ء


عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 

امام صاحبان کے لئے سنّتوں بھرے اجتماع  کا انعقاد

میرے جنازے کو ایسا شخص کندھا نہ دے

جو صحابیِ رسول  حضرت  امیرِ معاویہ رضی اللہ عنہ سے چِڑتا ہو  ۔

امیر ِاَہل ِسُنّت کی وصیت

18 مئی 2022ء   کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں امام صاحبان کے لئے سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیاجس میں دور و نزدیک سے کثیر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ اجتماع میں امیرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّار قادری  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے سنّتوں بھرا بیان فرمایاجس میں عاشقانِ رسول کو مسجدوں کی آباد کاری اور لوگوں کے ساتھ حسن سلوک کرنے سمیت دیگر امور پر  قیمتی مدنی پھول عطا فرمائے۔ اجتماعِ پاک میں شریک امام صاحبان نے امیرِ اہلِ سنّت سے مختلف سوالات بھی کئے  جن  کے آپ نے علم و حکمت سے بھرپور جوابات ارشاد فرمائے۔  کاتبِ وحی حضرت سیّدنا امیرِ معاویہ رضی اللہ عنہ سے متعلق کئے گئے سوال کے جواب میں امیر اہلِ سنت نے اپنے جذبات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ  حضرت سیّدنا امیرِ معاویہ رضی اللہ عنہ جنّتی صحابی ہیں ، آپ کی شان و عظمت پر کئی احادیث موجود ہیں ، مجھے حضرت امیرِ معاویہ رضی اللہ عنہ سے بہت پُرانا پیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کے چوتھے خلیفہ امیر المؤمنین حضرت سیّدنا  مولیٰ علی المرتضیٰ شیرِ خدا کرم اللہ وجہہ الکریم کی شان حضرتِ سیّدنا امیرِمعاویہ رضی اللہ عنہ سے بہت زیادہ  بلند ہے۔ کروڑ ہا درجے بلند بھی کہوں تو کم ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ حضرت  امیرِ معاویہ صحابی نہیں ہیں۔ معاذا للہ۔ امير اہل سنت  نے اپنے مریدین کو یہ وصیت کی کہ میرے جنازے کو ایسا شخص کندھا نہ دے جو صحابیِ رسول ، کاتبِ وحی حضرت  امیرِ معاویہ رضی اللہ عنہ سے چِڑتا ہو۔ مجھے ایسا کندھا نہیں چاہیئے جو گستاخ ِرسول ہو ، گستاخِ صحابہ و اہلِ بیت ہو ، ایسا کندھا کسی کام کا نہیں ہے۔ امیر ِاہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے  تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ  کسی صحابی ، کسی امام اورکسی بھی  ولیُ اللہ کے خلاف ہمیں کسی سے سننا ہی نہیں ہے کہ وسوسہ آئے۔ اِن کو وہ سنے جس میں لچک ہو ، جو دیوار نرم ہوتی ہے وہاں کیل گَڑھ جاتی ہے۔ ہمیں  نرم دیوار نہیں بننا ، ہمیں سیسہ پِلائی ہوئی دیوار بننا ہے۔

”ٹرانسلیشن ڈیپارٹ دعوتِ اسلامی“ کے

اسلامی بھائیوں کے درمیان ٹریننگ سیشن

مفتی دعوتِ اسلامی  مفتی محمد   قاسم  عطّاری نے بیان فرمایا

دعوتِ اسلامی کے شعبہ ٹرانسلیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت 21 مئی 2022ء  کو  عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ٹرانسلیشن ڈیپارٹ کے ملک و بیرونِ ملک  ( افریقہ ، یورپ ، ایشیا )  میں موجود ٹرانسلیٹرز ، مفتشین اور دیگر ٹیم ممبرز نے شرکت کی۔  سیشن میں  شیخ الحدیث والتفسیر مفتی محمد قاسم عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے شُرکا کی تربیت کی۔ ترجمے کے کام کی اہمیت و عظمت بیان کرتے ہوئے مفتی محمدقاسم عطّاری  کا کہنا تھا کہ ”حدیث کا ترجمہ کرنے والا رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور ان کے احکامات کی ترجمانی کررہا ہوتا ہے۔  اردو ترجمہ پڑھنے والا یہ نہیں کہتا کہ ترجمہ نگار کا فرمان ہے بلکہ وہ یہی کہتا ہے کہ رسولُ اللہ کا فرمان ہے۔ “انہوں نے مزید کہا کہ ترجمہ بنیادی طور پر ایک زبان کے کلا م کو دوسری زبان میں منتقل کرنے کا نام ہے ، ایک زبان کی فصاحت ، زورِبیانی ، تہذیب ، سوچ ، نظریات ، حسنِ بیان اور ذوق کو دوسری زبان میں منتقل کرنے سے ہی ترجمے میں نکھار آتا ہے اور اس کے لئے مسلسل کوشش اور سیکھنے کی تگ و دو میں رہنا ضروری ہے ۔ ترجمے کی روح یہی ہے کہ جن الفا ظ اور قیودات کا اصل زبان میں لحاظ کیا گیا ہے اس کا لحاظ ترجمہ شدہ زبان میں بھی رکھا جائے  البتہ اس میں ہر زبان کی فصاحت اور حسنِ بیان کا لحاظ رکھنا نہایت ضروری ہے ۔

نشتر ٹاؤن لاہور کے علاقے اٹاری سروبہ میں

جامعۃُ المدینہ و مدرسۃُ المدینہ گرلز کا افتتاح

افتتاحی تقریب میں رکنِ شوریٰ حاجی یعفوررضا عطّاری کا بیان

دعوتِ اسلامی کے زیرِا ہتمام نشتر ٹاؤن لاہور کے علاقے اٹاری سروبہ نزد دربار بابا برکت شاہ میں جامعۃ المدینہ و مدرسۃُ المدینہ گرلز  ’’ فیضانِ فاطمۃ الزہراء  رضی اللہ عنہ ا ‘‘  کا افتتاح کیا گیاجس میں اہلِ محلہ اور ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے  بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری نے ”مساجد و مدارس بنائیں“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور وہاں موجود عاشقانِ رسول کو راہِ خدا میں اپنا مال خرچ کرنے کے فضائل بیان کئےاور کہا  کہ بنانے والوں نے مسجد بنادی ہے اب بسانے والوں نے اِسے بسانا ہے ، آپ اللہ کے گھر کو آباد کریں گے تو اس کی برکت سے اللہ رَبُّ العزّت آپ کے گھر کو آباد فرمائے گا۔ رکنِ شوریٰ نےشُرکا کو  دعوتِ اسلامی کے اجتماعات اور مدنی مذاکروں میں شرکت کرنے ، مدنی قافلوں میں سفر کرتے رہنے اور دینی کاموں میں مصروف رہنے کی ترغیب بھی دلائی جس پر شُرکا نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کرتے ہوئے دینی کاموں میں  شمولیت اختیار کرنے کی نیتیں کیں۔  

میلسی میں فیضان اسلامک  اسکول سسٹم کی برانچ کا افتتاح

افتتاحی تقریب میں سیاسی و سماجی راہنماؤں اور ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی کی شرکت

13 مئی 2022ء   کو دعوتِ اسلامی کےتحت میلسی میں  ’’ فیضان اسلامک اسکول سسٹم ‘‘  کی برانچ کا افتتاح کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں نگرانِ شعبۂ  تعلیم مبلغِ دعوتِ اسلامی عبدالوہاب عطّاری نے سنتوں بھرا بیان کیا جبکہ پرنسپل فیضان اسلامک اسکول سسٹم پروفیسرمحمد عامر عطّاری نے معزز مہمانوں کو اسکول کے نصاب اوراسلامک اسکولنگ سسٹم کے حوالے سے بریف کیا۔ اس موقع پر مجلس رابطہ ذمہ دار ملتان ڈویژن فداعلی عطّاری ، نگران کابینہ میلسی مظہرعطّاری مدنی ، پی ٹی آئی ممبرقومی اسمبلی اورنگزیب خان کھچی ، ایم پی اے وسابق صوبائی وزیرٹرانسپورٹ پنجاب محمد جہانزیب خان کھچی ، صدرپریس کلب عزیزاللہ شاہ ، جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن تاجران ملک کاشف ، جوائنٹ سیکرٹری مرکزی انجمن تاجران ملک محمدحنیف سمیت شہر بھر سے مختلف سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔ شخصیات نے دعوتِ اسلامی کے دینی ، تعلیمی اور فلاحی کاموں کو سراہا اوردعوتِ اسلامی کی ترقی میں اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*  ( فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز ، کراچی )


Share