تعزیت و عیادت
ماہنامہ جنوری2022
حضرت علّامہ پیر مفتی محمد اشرفُ القادری کے انتقال پر تعزیت
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
مجھے یہ افسوس ناک خبر ملی کہ حضرت مولانا محمد عبد اللہ جیلانی قادری صاحب اور حضرت مولانا محمد عبدالرحمٰن قادری صاحب کے والدِ گرامی اور حضرت پیر مفتی محمد افضل قادری صاحب ، حضرت مولانا معروف سبحانی صاحب اور حضرت مولانا مسعود صاحب کے بھائی جان شیخُ الحدیث والتفسیر حضرت علّامہ مولانا \پیر مفتی محمد اشرفُ القادری صاحب “ کورونا “ میں مبتلا رہتے ہوئے 11صفر شریف 1443 سِنِ ہجری مطابق 19ستمبر2021ء کو 70سال کی عمر میں مراڑیاں شریف ، گجرات میں انتقال فرما گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔
میں تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں اور صبر و ہمت سے کام لینے کی تلقین۔ یاربَّ المصطفےٰ جَلَّ جَلَالُہ و صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! حضرت علّامہ مولانا پیر مفتی محمد اشرفُ القادری صاحب کو غریقِ رحمت فرما ، یااللہ! انہیں اپنے جوارِ رحمت میں جگہ نصیب فرما ، مولائے کریم! ان کی قبر جنّت کا باغ بنے ، رحمت کے پھولوں سے ڈھکے ، تاحدِ نظر وسیع ہو ، ربِّ کریم! ان کی قبر کی گھبراہٹ ، وحشت اور تنگی دور فرما ، نورِ مصطفےٰ کا صدقہ! ان کی قبر تاحشر جگمگاتی رہے ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! مرحوم کی بے حساب مغفرت فرماکر انہیں جنّتُ الفردوس میں اپنے پیارے پیارے آخری نبی ، مکّی مدنی ، محمدِ عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس نصیب فرما ، یااللہ پاک! تمام سوگواروں کو صبرِجمیل اور صبرِ جمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! میرے پاس جو کچھ ٹُوٹے پُھوٹے اعمال ہیں اپنے کرم کے شایانِ شان ان کا اجر عطا فرما ، یہ سارا اجر و ثواب جنابِ رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عطا فرما ، بوسیلۂ خاتمُ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یہ سارا ثواب حضرت علّامہ مولانا پیر مفتی محمد اشرفُ القادری صاحب سمیت ساری امّت کو عنایت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
تمام سوگوار صبر و ہمت سے کام لیں ، اللہ کی رحمت پر نظر رکھیں ، جس کا وقت پورا ہوتا ہے ایک سیکنڈ بھی وہ رکتا نہیں ہے ، یہ دنیا چل چلاؤمیں لگی ہے ، جو بھی آیا ہے جانے ہی کے لئے آیا ہے ، یہاں رکے گا کوئی بھی نہیں ، ( كُلُّ نَفْسٍ ذَآىٕقَةُ الْمَوْتِؕ) ہر جاندار نے موت کا مزہ چکھنا ہے۔ (پ17 ، الانبیاء : 35) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) اَلْمَوتُ قَدَحٌ کُلُّ نَفْسٍ شَارِبُھَا موت ایک ایسا جام ہے جسے ہر جاندار نے پینا ہے۔ اَلْمَوتُ بَابٌ کُلُّ نَفْسٍ دَاخِلُھَا موت ایک ایسا دروازہ ہے جس سے ہر جاندار نے گزرنا ہے۔ تو ہمیں جانے والے کے لئے بے شک خوب مغفرت کی دعائیں مانگنی چاہئیں ، ایصالِ ثواب کرنا چاہئے ، اللہ توفیق دے صدقۂ جاریہ کے کام کرلینے چاہئیں ، ہمیں جانے والے سے اپنی موت کی یاد کا سامان کرنا چاہئے ، آخرت کی طرف مزید راغب ہونا چاہئے بالکل یہ ذہن میں بٹھالیں کہ
مرتے جاتے ہیں ہزاروں آدمی
عاقل و نادان آخر موت ہے
بارہا علمیؔ تجھے سمجھا چکے
مان یا مت مان آخر موت ہے
بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔
حضرت علّامہ منوّر حسین عثمانی رضوی کے انتقال پر تعزیت
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے حضرت علّامہ مولانا ابوالفضل منوّر حسین عثمانی رضوی صاحب کے انتقال پر حضرت علّامہ مولانا محمد فضل حنان رضوی صاحب سمیت تمام سوگواروں سے تعزیت کی اور حضرت کے والدِ مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔
مختلف پیغاماتِ عطّاؔر
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے ستمبر اور اکتوبر 2021ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے شعبہ “ پیغاماتِ عطّاؔر “ کے ذریعے تقریباً 4ہزار335 پیغامات جاری فرمائے جن میں 766 تعزیت کے ، 3ہزار 70 عیادت کے جبکہ 499 دیگر پیغامات تھے ، تعزیت والوں میں سے چند کے نام یہ ہیں :
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے (1)حضرت علّامہ مولانا حافظ احسان اللہ جوکھیو(گوٹھ مٹھا خان جوکھیو ، دولت پور سندھ) [1] (2)گلزارِ حبیب مسجد کے متولی اور امام و خطیب مولانا حاجی محب نقشبندی کاتیاری (عمرکوٹ) [2] (3)مولانا محمد حبیب امجد (فیصل آباد) [3] (4)الحاج ممتاز میاں قبلہ شرافتی مجددی (بریلی شریف ، ہند) [4] (5)استاذُ العلماء استاذُ الحفاظ حضرت علّامہ مولانا الحاج الحافظ نذیر احمد سعیدی صاحب (مہتمم و ناظمِ اعلیٰ مدرسہ فاروقیہ رضویہ شفیعیہ پنڈدادن خان ضلع جہلم) [5] سمیت 766 عاشقانِ رسول کے انتقال پر ان کے سوگواروں سے تعزیت کی اور مرحومین کے لئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔
دعائے صحت مولانا غلام مرتضیٰ ساقی صاحب
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے حضرت مولانا غلام مرتضیٰ ساقی مجددی صاحب کے لئے دعائے صحت کی :
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَط وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن
یاربَّ المصطفےٰ جَلَّ جَلا لُہ و صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! حضرت غلام مرتضیٰ ساقی مجددی صاحب کو شفائے کاملہ ، عاجلہ ، نافعہ عطا فرما ، یااللہ پاک! انہیں صحتوں ، راحتوں ، عافیتوں ، عبادتوں ، ریاضتوں اور دینی خدمتوں بھری طویل زندگی عطا فرما ، مولائے کریم! یہ بیماری ، یہ دُکھ ، یہ آفت و مصیبت ان کے لئے ترقیِ درجات کا باعث ، جنّتُ الفردوس میں بےحساب داخلے اور جنّتُ الفردوس میں تیرے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس پانے کا ذریعہ بن جائے ، مولائے کریم! انہیں دَر دَر کی ٹھوکروں ، اسپتالوں کے پھیروں ، ڈاکٹروں کے دھکوں اور دواؤں کے خرچوں سے نجات عطا فرما ، ربِّ کریم! انہیں صبر عطا فرما ، صبر پر ڈھیروں ڈھیر اجر عطا فرما ، یااللہ پاک! ان کے حال پر خصوصی کرم فرما ، رحمت کی نظر فرما ، مشکل آسان کردے ، فضل کردے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! یعنی کوئی حرج کی بات نہیں اللہ نے چاہا تو یہ مرض گناہوں سے پاک کرنے والا ہے۔ بےحساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے *شیخُ الحدیث حضرت علّامہ مولانا حافظ غلام حیدر خادمی صاحب *شیخُ الحدیث حضرت علّامہ مولانا انفاس الحسن چشتی صاحب *حضرت علّامہ مولانا قمرالزماں اعظمی صاحب سمیت3 ہزار 70 بیماروں اور دُکھیاروں کے لئے دُعائے صحت و عافیت بھی فرمائی۔
[1] تاریخِ وفات : 23محرم شریف1443ھ مطابق1ستمبر2021ء
[2] تاریخِ وفات : 5صفر شریف1443ھ مطابق12ستمبر 2021ء
[3] تاریخِ وفات : 5صفر شریف1443ھ مطابق13ستمبر 2021ء
[4] تاریخِ وفات : 8صفر شریف1443ھ مطابق16ستمبر 2021ء
[5] تاریخِ وفات : 16صفر شریف1443ھ مطابق24ستمبر 2021ء
Comments