اے دعوتِ اسلامی تیری دھوم مچی ہے!
دعوت اسلامی کی مدنی خبریں
* مولانا عمر فیاض عطاری مدنی
ماہنامہ مئی 2021ء
عُرسِ سیّدُنا امیرِ معاویہ رضی اللہ عنہ پر ختمِ بخاری شریف کا سلسلہ
آخری حدیث کے متعلق امیرِ اہلِ سنّت نے مدنی پھول عطا کئے
6مارچ2021ء کو 22رجب المرجب 1442ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں عرس حضرت سیّدُنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ اور ختمِ بخاری شریف کے سلسلے میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔ مدنی مذاکرے کے آغاز میں جلوسِ امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کا سلسلہ بھی ہوا جس میں عاشقانِ رسول نے امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے ہمراہ شرکت کی سعادت پائی۔ امیرِ اہلِ سنّت نے کاتبِ وحی حضرت سیّدُنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی شان بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ رضی اللہ عنہ بہت زیادہ حوصلہ مند ، سخی ، دلیر اور معافی و درگزر سے کام لینے والے تھے۔ اس موقع پر بانیِ دعوتِ اسلامی نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے حکمت بھرے جوابات دیئے۔ دورانِ مدنی مذاکرہ دورۃُ الحدیث شریف کے طلبۂ کرام کو پڑھائی جانے والی حدیثِ پاک کی مشہور و معروف کتاب “ بخاری شریف “ کے ختم کا سلسلہ بھی ہوا جس میں امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے بخاری شریف کی آخری حدیث (حدیث نمبر 7563) پڑھ کر سنائی اور حدیث پاک کے متعلق مدنی پھول بھی بیان کئے۔
درسِ شمائلِ ترمذی کے اختتام پر پُر وقار تقریب کا انعقاد
شیخُ الحدیث و التفسیر مفتی محمد قاسم قادری کا خصوصی بیان
دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں درسِ شمائلِ ترمذی کے اختتام پر ایک پُر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں جامعۃُ المدینہ فیضانِ مدینہ کے اساتذہ و طلبہ نے شرکت کی سعادت حاصل کی۔ تقریب میں استاذُ العلماء شیخُ الحدیث و التفسیر مفتی قاسم قادری مَدَّ ظِلُّہُ العالی نے خصوصی بیان فرمایا۔ مفتی قاسم صاحب نے فرمایا کہ شفاشریف ، شمائل ، قصیدۂ بُردہ اور قصیدۂ ہمزیہ کا بیان یہ وہ چیزیں ہیں جو بزرگانِ دین ، اسلافِ امت اور علمائے عظام سے چلتی آرہی ہیں۔ سرکارِ دو عالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی عاداتِ مبارکہ ، آپ کے احوال ، آپ کے شب وروز ، آپ کے اہلِ خانہ سے معمولات اور آپ کے ظاہری و باطنی جمال کے مجموعے کا نام شمائلِ محمدی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شمائلِ محمدیہ پر اب تک اُردو ، عربی ، فارسی اور دیگر زبانوں میں کئی کتابیں لکھی جاچکی ہیں مگر سب سے زیادہ مشہور و معروف کتاب شمائلِ ترمذی ہے جبکہ اُردو میں حضرت علّامہ مولانا شفیع اوکاڑوی صاحب رحمۃُ اللہِ علیہ کی لکھی ہوئی کتاب “ ذکرِ جمیل “ اس موضوع پر ایک شاندار تصنیف ہے۔ تقریب کے اختتام پر بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا آڈیو پیغام بھی نشر کیا گیا جس میں آپ نے مدرسِ شمائلِ ترمذی شریف مفتی حسان عطاری مدنی کو مبارکباد پیش کی اور خصوصی دعاؤں سے نوازا۔ واضح رہے کہ پچھلے 17 مہینوں سے شیخُ الحدیث مفتی حسان عطاری مدنی مَدَّ ظِلُّہُ العالی شمائلِ ترمذی شریف کا درس دیتے ہوئے طلبۂ کرام اور مدنی چینل کے ناظرین کے دِلوں میں عشقِ رسول کی شمع فروزاں کررہے تھے۔ یکم نومبر 2019ء سے شروع ہونے والا 48 نشستوں پر مشتمل یہ درس مفتیِ اہلِ سنّت مفتی قاسم قادری مَدَّ ظِلُّہُ العالی کی موجودگی میں اپنے اختتام کو پہنچا۔
نگرانِ شوریٰ کا لاہور ، اسلام آباد اور فیصل آباد کادورہ مختلف اجتماعات میں بیانات اور شخصیات سے ملاقات کا سلسلہ رہا دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شو ریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مَدَّ ظِلُّہُ العالی نے دینی کاموں کے سلسلے میں مارچ 2021ء میں لاہور ، فیصل آباد اور اسلام آباد کا دورہ فرمایا۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر ہونے والے اجتماعات میں بیانات کئے اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ لاہور میں نگرانِ شوریٰ کےدینی کاموں کی جھلکیاں : (1)شخصیات اجتماع (2)پروفیشنلز اجتماع (3)تاجر اجتماع (4)پروفیسرز ، ٹیچرز اور اسٹوڈنٹس اجتماع (5)Secretary Labour and Human Resource Punjab Office میں ہونے والےمدنی حلقے میں خصوصی بیان فرمایا اور شرکا کو دعوتِ اسلامی کی دینی اور فلاحی خدمات سے آگاہی دیتے ہوئے دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں شرکت کرنے کی ترغیب دلائی جبکہ پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیرِ اعظم چودھری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ، لاہور کے مقامی ہوٹل میں صحافیوں ، پنجاب یونیورسٹی ایگزیکٹو کلب میں پروفیسرز اور جنرل ریٹائرڈ اشرف تبسم سابق چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن سے ملاقاتیں کیں۔ اسلام آباد : (1)عظیمُ الشان اسٹوڈنٹس اجتماع (2)پروفیشنلز کے درمیان علمی نشست (3)سینیئر ایڈووکیٹس کے ساتھ ایک میٹنگ (4)اعلیٰ سرکاری افسران کے درمیان مدنی حلقے (5)چیمبر آف کامرس اسلام آباد میں شخصیات کے درمیان سنتوں بھرا بیان فرمایا۔ اس کے علاوہ فیضانِ مدینہ اسلام آباد میں M.N.A ایاز صادق اور دیگر سیاسی شخصیات ، انٹرنیٹ سیلیبرٹیز اور چیئرمین ہنجرہ گروپ آپ کمپنیز چودھری اظہر حیات ہنجرہ و دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ فیصل آباد : لاہور اور اسلام آباد کے شیڈول کے بعد نگرانِ شوریٰ فیضانِ مدینہ فیصل آباد پہنچے جہاں نگرانِ ریجن ، نگرانِ زون اور پاکستان سطح کے ذمہ داران کا مدنی مشورہ فرمایا۔ اس مدنی مشورے میں نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمدشاہد عطاری سمیت کئی اراکینِ شوریٰ بھی موجود تھے۔ نگرانِ شوریٰ نے شرکا کی تربیت کی اور دینی کاموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
کراچی میں فیضان آن لائن اکیڈمی(بوائز)کی نئی برانچ کا افتتاح
افتتاحی تقریب میں مولانا عبد الحبیب عطاری کا بیان
27 فروری2021ء کو کراچی کے علاقے نیو چالی میں رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری کے ہاتھوں فیضان آن لائن اکیڈمی (بوائز) کی ایک نئی برانچ کا افتتاح کردیا گیا۔ خوشی کے اس موقع پر مدنی حلقے کا انعقاد کیا گیا جس میں رکنِ شوریٰ نے مدنی پھول بیان کرتے ہوئے شرکا کو ادارے کے ساتھ تعاون کرنے ، دینی کاموں میں شرکت کرنے اور اپنی مصروف زندگی سے کچھ نہ کچھ وقت نکال کر آن لائن کورسز کرنے کا ذہن دیا۔ اس موقع پر اراکینِ مجلس شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی ، معروف نعت خواں حافظ طاہر قادری اور مقامی شخصیات سمیت دیگر اسلامی بھائی شریک تھے۔
مولانا حامد سعید کاظمی شاہ صاحب کا عالمی مدنی مرکز کا دورہ
عالمی مدنی مرکز میں قائم مختلف شعبہ جات کا وزٹ کیا
سابق وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ حضرت مولانا سیّد حامد سعید کاظمی شاہ صاحب دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی کا دورہ کیا۔ جہاں رکنِ شوریٰ حاجی شاہد عطاری مدنی اور مجلسِ رابطہ بالعلماء کے ذمہ داران نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے آپ کو عالمی مدنی مرکز میں دارُالافتاء اہلِ سنّت کا دورہ کروایا جہاں استاذُالحدیث مفتی حسان عطاری مدنی صاحب اور مفتی سجاد عطاری مدنی صاحب سے ملاقات ہوئی۔ اس کے بعد آپ “ المدینۃ العلمیہ “ (اسلامک ریسرچ سینٹر) تشریف لائے جہاں سو سے زائد اسلامک اسکالرز کو ایک چھت کے نیچے علمی اور تحقیقی کُتب و رسائل لکھتے دیکھ کر نہایت خوشی کا اظہار کیا۔ آپ نے دیگر شعبہ جات کا دورہ کرتے ہوئے رکنِ شوریٰ ونگرانِ کراچی ریجن حاجی محمد امین عطاری سے ملاقات کی اور دعوتِ اسلامی کے لئے شب و روز ترقی و امیرِ اہلِ سنّت کی سلامتی کے لئے دعائیں کیں۔
نیوکراچی میں عظیمُ الشّان تاجر اجتماع
ماہرِ امورِ تجارت مفتی علی اصغر عطاری مدنی کا خصوصی بیان
یکم مارچ 2021ء دعوتِ اسلامی کے شعبے رابطہ برائے تاجران کے زیرِ انتظام جناح کلچرآڈیٹوریم نیوکراچیE-5 میں عظیم الشان تاجر اجتماع کا اہتمام کیا گیا جو کہ مدنی چینل پر براہِ راست (Live) نشر کیا گیا۔ اس اجتماع میں ماہرِ امورِ تجارت مفتی علی اصغر عطاری مدنی مَدَّ ظِلُّہُ العالی نے “ زکوٰۃ کیا ہے؟ اور کیسے نکالیں؟ “ کے موضوع پر خصوصی بیان فرمایا۔ اجتماعِ پاک میں دارُالافتاء اہلِ سنّت کے مفتی جمیل عطاری مدنی ، تاجر حضرات اور فیکٹری مالکان سمیت بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ مفتی علی اصغر عطاری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے ان موضوعات : زکوٰۃ کی شرائط اور اس کی تفصیلات ، وہ کون کون سے مال ہیں جن پر زکوٰۃ نکالی جائے گی؟ مستحقِ زکوٰۃ کون کون ہیں؟ نصاب اور حاجتِ اصلیہ کسے کہتے ہیں؟ زکوٰۃ کن 6 چیزوں پر فرض ہے؟ کون کون سے رشتے داروں کو زکوٰۃ دینا جائز ہے؟ پر بیان کرتے ہوئے زکوٰۃ کے اہم مسائل بیان کئے۔ اس موقع پر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔ یہ اجتماع اسQ-R Code کو اسکین کرکے دیکھا جاسکتا ہے :
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز ، کراچی
Comments