خوابوں کی تعبیریں

خوابوں کی تعبیر

*مولانا محمد اسد عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جنوری 2024ء

خواب: خواب میں دیکھا کہ بھینس حملہ کررہی ہے۔

تعبیر:بھینس کا حملہ آور ہونا سختی یا مشقت میں مبتلا ہونے کی علامت ہے۔ آپ کو چاہئے کہ اللہ پاک کی بارگاہ میں عافیت کے لئے دُعا کریں اور کچھ صدقہ کریں۔ اگر کوئی سخت حاجت درپیش ہو یا کوئی بڑا اور اہم کام کرنا ہو تو اس سے پہلے دو رکعت نماز صلوٰۃُ الحاجات کی نیت سے ادا کر کے اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا کریں۔

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ ایک کالا خطر ناک سانپ ہے جس کے سر پر 3 سفید نشان ہیں، اُسے دیکھنے کے بعد میں بہت ڈر گیا اور اس سے بھا گنے چھپنے لگا، اس کی تعبیر بتا دیجئے۔

تعبیر:خواب میں سیاہ سانپ کا کاٹنا یا حملہ کرنا اچھا نہیں، کسی بُرے شخص کی طرف سے نقصان پہنچانے کی علامت ہے، آپ اپنے اطراف پر نظر رکھیں، بُرے لوگوں سے دور رہیں، اپنے معاملات کو زیادہ باریک بینی سے دیکھتے رہیں۔ بہت بہتر ہوگا کہ اللہ پاک کی راہ میں اس نیت سے کچھ خرچ کریں کہ اللہ پاک اس خواب کے بُرے اثر سے آپ کو محفوظ فرمائے، اٰمین۔

خواب:میری اَمّی نے خواب میں دیکھا کہ وہ اونٹ پر سوار ہیں اور ساتھ اور بھی اونٹ ہیں۔ اس کی کیا تعبیر ہو سکتی ہے، راہنمائی فرما دیجئے۔

تعبیر:اس کی تعبیر سفر کرنے سے ہے۔ جسے اونٹ پر سوار دیکھا گیا وہ کسی سفر پر روانہ ہوگی۔

خواب:میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے بہنوئی بڑے جانور کا گوشت دے رہے ہیں، پہلے میری اَمّی کو ران دی، پھر ایک اور ران سے گوشت کا ٹکڑا کاٹ کر میری بہن کو دیا اور باقی ران میری بڑی باجی کو دی، میرا چھوٹا بھائی گوشت کے بارے میں کوئی بات کرتا ہے اور میں گوشت کی اگلی ٹانگ پکڑ کر کھڑی کرتی ہوں اور کہتی ہوں کہ یہ ران نہیں ہے بلکہ بازو کا گوشت ہے، اس کی تعبیر ضرور بتا دیجئے۔ میں نے سنا تھا کہ خواب میں کچا گوشت دیکھنا اچھا نہیں ہوتا، اس خواب میں میرے بہنوئی کا ہماری فیملی میں گوشت بانٹنا کیسا ہے؟ اصل میں ہمارے اس بہنوئی کا رویہ ہماری فیملی سے بہت خراب تھا، وہ ہمارے نقصان کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے تھے مگر اب اچانک بغیر کسی وجہ کے انہوں نے اپنا رویہ یکسر تبدیل کر لیا ہے جس نے ہمیں حیرت میں ڈال دیا ہے۔

تعبیر:خواب اچھا ہے، خوشحالی کی علامت ہے جیسا کہ آپ نے خود بیان کیا کہ معاملات میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ بہتری ہے تو وہ اس خواب کی بنیاد پر خوش خبری ہے، اللہ پاک آپ کے خاندان کو سلامت رکھے اور معاملات کو مزید بہتر بنائے، اٰمین۔

خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میری ماں نے مجھے میرے شوہر کی وفات کی اطلاع دی، جس پر میں بہت روتی ہوں۔

تعبیر: جس کی موت خواب میں دیکھی اگر وہ زندہ ہے تو اس کے لئے درازی عمر بالخیر کی دعا کریں۔ مگر یاد رہے اس خواب کی بنیاد پر کسی کی موت کی خبر نہیں دی جاسکتی۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* نگرانِ مجلس مدنی چینل


Share

Articles

Comments


Security Code