کھجور کے فوائد

کھجور(Date)ایک  طاقت بخش اور خوش ذائقہ غذا ہے جس کا استعمال دنیا بھر میں کیا جاتا ہے بالخُصوص رَمَضانُ المبارک میں اس کا استعمال مسلم مَمالک میں نمایاں  طور پر سامنے آتاہے۔ افطار کے وقت  شاید ہی کوئی ایسا دسترخوان ہو جہاں کھجور موجود نہ ہوتی ہو۔کھجور ہمارے پیارے آقا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو بھی نہایت مَرغُوب اور پسند تھی۔ آئیے! کھجور کے کچھ خواص اور فوائد جانتے ہیں۔

کھجور کے خواص ٭ زمین پر سب سے پہلے حضرتِ آدم علیہ السَّلام کی بچی ہوئی مٹی سے کھجور کا درخت پیدا کیا گیا (تفسیر روح البیان،ج7ص393ملخصاً ) ٭ کھجور  کی خاصِّیَّت گرم اور تَر ہے لہٰذا اسے مُعتَدِل کہا جا سکتا ہے٭ جسامت میں چھوٹے سے اس پھل کی تقریباً چار ہزار اقسام بتائی جاتی ہیں مگر مدینہ منوّرہ زادہَا اللہ  شرفاً وَّ تعظیماً کی عجوہ اور بَرنی کھجور سب سے عمدہ ہیں۔(رسائلِ طب، ص 322، 328 ملخصاً)

کھجور کے طبی فوائد٭3فرامینِ مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم: نَہار منہ کھجور کھانےسےپیٹ کے کیڑے مَر جاتے ہیں۔ (جامع صغیر،ص398 حدیث:6394)٭عجوہ کھجور جنّت سے ہے،اس میں زہر سے شِفا ہے۔ (ترمذی،ج4ص17، حدیث:2073) ٭ کھجور کھانے سے قولنج (یعنی بڑی انتڑی کا درد Colic Pain) نہیں ہوتا۔ (کنزالعمال،ج10ص12، حدیث:28191 )  ٭امام ذَہبی علیہ رحمۃ اللہ القَوی فرماتے ہیں: حاملہ کو کھجوریں کھلانے سے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ لڑکا پیدا ہوگا جو کہ خوبصورت، بُردبار اور نرم مِزاج ہوگا۔(مدنی  پنج سورہ، ص356) ٭ کھجور کے ساتھ کھیرا یا ککڑی ملا کر کھانے سے جسمانی کمزوری اور دُبلاپَن دور ہوتا ہے ٭ کھجور کو دودھ میں اُبال کر کھانا بہترین مُقَوِّی (یعنی طاقت دینے والی) غذا ہے٭ پیلا یرقان (یعنی پیلیا) کیلئے بہترین دَوا ہے ٭رات کو کھجور بھگو کر صبح اس کے پانی کا استعمال دل کے دورے (Heart attack) و دیگر امراضِ قلب کا انتہائی کامیاب اور سَستا علاج ہے ٭ پکی ہوئی کھجوروں کو پانی میں بھگو کر ان کا پانی پیا جائے تو پیچش(Dysentery) ختم، معدے اور آنتوں میں صَفْرا کی زیادتی کم ہوجاتی ہے، اس کے علاوہ معدے اور آنتوں کے زخم،اَلسَر اور سوزِش کے لئے بھی کھجور کا پانی  پینا بہت مُفید ہے۔٭ کھجور کی گٹھلی یا چھال کو جلا کر اس کی راکھ زخم پر ڈالنے سےخون آنا بند ہوجاتا ہے۔٭ کھجور کے درخت سے گوند نکلتی ہے جو آنتو ں ،گُردوں،پیشاب کی نالیوں کی سوزش اور بیرونی چوٹوں کے لئے  مفید ہے۔

قوتِ حافظہ اور اعصابی کمزوری کا نسخہ 5عددکھجوریں اور 10عدد بادام ایک گلاس دودھ میں گرائنڈ کرکے (یعنی ملک شیک بنا کر) پینا قوتِ حافظہ کا بہترین نسخہ ہے نیز  جسمانی اور اعصابی کمزوری میں ہر عمر کے افراد کے لئے بہت مفید ہے۔

کھجور استعمال کرنے کی احتیاطیں ٭ایک وقت میں 5 تولہ (تقریباً60گرام)سے زیادہ کھجوریں نہ کھائیں ٭پرانی کھجوریں کھاتے وقت کھول  کر اندر سے دیکھ لیجئے کیونکہ اس میں بعض اوقات سُرسُریاں(چھوٹے چھوٹے لال کیڑے)ہوتی ہیں ٭ بعض بیچنے والے چمکانے کے لئے سرسوں کا تیل لگاتے ہیں نیز مکھیوں کی بِیٹ وغیرہ بھی لگی ہوتی ہے  لہٰذا  کھجور ہمیشہ دھوکر ہی  استعمال فرمائیے۔(ماخوذ از مَدَنی پَنج سُورہ،ص359)

نوٹ:تمام دوا ئیں اپنے طبیب  (ڈاکٹر)کے مشورے سےہی استعمال کیجئے۔

(یہ مضمون ایک  ماہر حکیم صاحب سے بھی چیک کروایا گیا ہے۔)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…ماہنامہ فیضان مدینہ ،باب المدینہ کراچی

 


Share

Articles

Comments


Security Code