اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّوَجَلَّ ایک بار پھر مقدّس مہمان ماہِ رَمَضان کی آمد ہے۔اس ماہ کےفرض روزے رکھنا نہ صِرف اُخروی فوائد و ثمرات کے حصول کا باعث ہے بلکہ انسانی جسم کی صحت و تندرستی میں بھی اس کا عمل دخل ہے۔ مختلف امراض میں مبتلااسلامی بھائی روزہ رکھنے کے حوالے سے پریشانی کا شکار ہوتے ہیں، انہیں چاہئے کہ اپنے طبیب کے مشورے سے مناسب غذا استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ احتیاط کا دامن تھامتے ہوئےفرض روزے ضرور رکھیں۔ اس مضمون میں بالخصوص شوگر (ذیابیطس) کے مریضوں کو روزہ رکھنے کے حوالے سے چند معروضات پیش کی گئی ہیں۔تحقیقی جائزہ شوگر کے مریضوں پر روزے کے اثرات جاننے کیلئے پاکستان اور بیرونِ پاکستان کے مختلف ڈاکٹر حضرات نے گزشتہ دنوں ایک تحقیقی تجربے کا اہتمام کیا۔ شوگر کے 70 مریضوں کا انتخاب کرکے پہلے ان کا شوگر لیول نوٹ کرلیا گیا، ان میں سے کچھ کو روزے رکھوائے گئے اور کچھ کو نہ رکھوائے گئے۔ جن مریضوں کو روزے رکھوائے گئے انہیں سحری سے آدھا گھنٹہ قبل اور افطار کے آدھے گھنٹے بعد انسولین(Insulin) کا انجکشن دیا گیا اور روزے کے اوقات کے علاوہ باقاعدہ ادویات استعمال کروائی گئیں۔ پورا مہینہ یہ عمل چلتا رہا اور شوگر لیول چیک ہوتا رہا، نتیجۃً یہ معلوم ہوا کہ روزے رکھنے والے مریضوں کی شوگر نارمل رہی جبکہ روزہ نہ رکھنے والے مریضوں کا شوگر لیول اُتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔ میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!اس تحقیقی جائزے سے ثابت ہوتا ہے کہ شوگر کا مریض اگر اپنے معالج کی ہدایات کے مطابق رمضان کے روزے رکھے اور مناسب ادویات لیتا رہے تو یہ اس کیلئے فائدہ مند ہے۔ شوگر کے مریض کے خون میں انسولین کی مقدار کم جبکہ شوگر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، روزے کے دوران یہ شوگر آہستہ آہستہ استعمال ہوتی رہتی ہے۔ ماہِ رمضان کے روزوں کی برکت سے شوگر کے مریضوں کا نہ صرف شوگر لیول کنٹرول ہوگا بلکہ شوگر کی وجہ سے ہونے والی کمزوری نہیں ہوگی اور قوت مدافعت (Immunity)بھی بڑھے گی۔ شوگر کے مریض کے لئے چند ممکنہ مسائل شوگر کے مریض کو روزے میں چند مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے: (1)خون میں شوگر کی مقدار میں کمی جسے ”ہائپو گلائی سیمیا (Hypoglycemia)“ کہا جاتا ہے۔ مختلف تجزیاتی مطالعہ (Studies) سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ رمضان المبارک میں روزہ رکھنے کے باوجود شوگر کے مریضوں میں شوگر کی کمی کے واقعات عام دنوں سے زیادہ نہیں ہوتے۔ شوگر کی مقدار عموماً ان مریضوں میں زیادہ کم ہوتی ہے جو رات کو اچھی طرح کھانا نہیں کھاتے یا مناسب انداز میں سحری نہیں کرتے۔ (2)خون میں شکر کی مقدار کا بڑھ جانا ہے جسے ”ہائپرگلائی سیمیا (Hyperglycemia)“ کہا جاتا ہے۔ اس صورتحال میں ہفتہ 10دن تک شوگر بڑھتی رہتی ہے اور کمزوری میں اضافہ ہوتا ہے آخرکار مریض کوما میں جاسکتا ہے۔ اس کیفیت کا بنیادی سبب سحر و افطار میں کھانے پینے میں بے اِعتدالی ہے۔ (3)بالخصوص موسمِ گرما میں روزے رکھنے کی صورت میں جسم میں پانی کی کمی (Dehydration) کا بھی خطرہ ہوتا ہے۔ اس پریشانی سے بچنے کے لئے افطار اور سحری کے درمیان کم از کم 8 سے 10گلاس پی کر اپنے جسم میں پانی کی مقدار پوری کریں۔ گرمی کے موسم میں روزے کے دوران ایسے کاموں سے بچنے کی کوشش کریں جن کی وجہ سے جسم سے زیادہ پسینہ نکلتا ہو۔سحری کیسی ہو؟ شوگر کے مریض سحری میں ایسی غِذا استعمال فرمائیں جو دیر سے ہضم ہوتی ہے مثلاً جَو شریف کا دلیہ، ان چھنے آٹے کی روٹی کے ساتھ سبزی یا مرغی کا سالن وغیرہ۔ پیاس کی شدت سے حفاظت کا نسخہ جن مریضوں کو پیاس زیادہ لگتی ہے وہ سحری میں الائچی کا قہوہ اس طرح استعمال کریں کہ قہوہ میں الائچی اُبال لیں اور اس میں معمولی دودھ شامل کریں۔ اگرہائی بلڈ پریشر کا مسئلہ نہ ہو تو نمکین لسی پینے سے بھی روزے میں پیاس کم لگتی ہے۔افطار سے متعلق مدنی پھول تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ایک کھجور میں 6گرام کاربوہائڈریٹس ہوتی ہیں جس میں معدنیات، فائبر، فاسفورس اور پوٹاشیم ہوتا ہے۔ افطار سے قبل آخری وقت میں تھکاوٹ اور بوجھل پن کی وجہ سے بھی جسم میں پوٹاشیم کی کمی واقع ہوتی ہے جسے کھجور کھاکر فوری طور پر دور کیا جاسکتا ہے۔ شوگر کے مریض افطار میں ایک کھجور اور اگر ان کی شوگر کنٹرول میں ہے تو 2کھجوریں بھی کھا سکتے ہیں۔ فروٹ چاٹ بغیر چینی کے کھائیں نیز اگر کٹے ہوئے پھلوں میں تھوڑا سا لیموں شامل کرلیں تو اس کی افادیت میں اضافہ ہوجائے گا۔ مشروب کے طور پر ایک گلاس لیموں پانی کا استعمال مناسب رہے گا۔ عشائیہ(Dinner) شوگر کے مریض رات کو ایک چپاتی سالن کے ساتھ یا سلاد اور رائتے کے ساتھ ایک پلیٹ ابلے ہوئے چاول کھاسکتے ہیں، سوتے وقت بھوک لگتی ہے تو ایک کپ دودھ بھی پی سکتے ہیں۔انرجی ڈرنکس کا استعمال سحری ہو یا افطار، بالعموم ہر شخص اور بالخصوص (Specially) شوگر کے مریض کو انواع و اقسام کی کولڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس سے پرہیز کرنا چاہئے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں انرجی ڈرنکس کے استعِمال کے باعث نوجوانوں میں بھی شوگر کے مریضوں کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق یومیہ 2 سے 3 انرجی ڈرنکس پینے والے 20سے 25نوجوان روزانہ شوگر میں مبتلا ہورہے ہیں۔ انرجی ڈرنکس کے بجائے لسّی، سکنجبین، ستّو اور تھادل وغیرہ قدرتی انرجی ڈرنکس ہیں جن کا استعمال توانائی فراہم کرتا ہے اور فائدہ مند بھی ہے۔توجہ فرمائیےشوگر یا کسی بھی بیماری میں مبتلا فرد کو اگر خود یہ محسوس ہو کہ مجھے روزہ نہیں رکھنا چاہئے یا ڈاکٹر مشورہ دے کہ آپ رمضان کا فرض روزہ نہ رکھیں تو اس پر عمل سے پہلے کسی مستند مفتیِ اہلِ سنّت سے شَرْعی رہنمائی ضَرور حاصل فرمائیں۔(شرعی رہنمائی کیلئے دارالافتاء اہلِ سنّت کے نمبر نیچے دئیےگئے ہیں) ٭شوگر کے مریض کو اگر بلڈ پریشر کا مسئلہ بھی ہو تو اس مضمون میں مذکور کسی بھی مشورے پر عمل سے پہلے اپنے معالج سے ضرور مشورہ فرمالیں۔ نماز کا ایک دنیوی فائدہشوگر کے مریض اگر بالخصوص رَمَضان المبارک میں نمازِ پنج گانہ اور 20رکعت نمازِ تراویح باجماعت ادا کریں تو اس کا ایک ضمنی فائدہ یہ بھی ہوگا کہ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ کسی اور ورزش کی ضَرورت نہیں رہے گی۔
آ گیا رمضاں عبادت پر کمر اب باندھ لو فیض لے لو جلد یہ دن تیس کا مہمان ہے
(وسائلِ بخشش مرمم، ص705)
دار الافتا ءاہلِ سنت کے فون نمبراور میل ایڈریس
فون سروس کے اوقات کار |
0300-0220113 |
0300-0220112 |
بالخصوص پاکستا ن اور دنیا بھر کیلئے |
10am تا 3pm (وقفہ 1تا 2 جمعۃ المبارک تعطیل) |
0300-0220115 |
0300-0220114 |
بالخصوص پاکستا ن اور دنیا بھر کیلئے |
پاکستانی اوقات کے مطابق pm2 تا pm6 (علاوہ نماز کے اوقات) |
0044-121 318 2692 |
بالخصوص یو کے اور دنیا بھر کیلئے |
|
پاکستانی اوقات کے مطابق pm2 تا pm6 (علاوہ نماز کے اوقات) |
0015-859020092 |
بالخصوص امریکہ اور دنیا بھر کیلئے |
|
پاکستانی اوقات کے مطابق pm2 تا pm6 (علاوہ نماز کے اوقات) |
0027-318135651 |
بالخصوص افریقہ اور دنیا بھر کیلئے |
|
پاکستانی اوقات کے مطابق pm2 تا pm6 (علاوہ نماز کے اوقات) |
0061-280058426 |
بالخصوص آسٹریلیا اور دنیا بھر کیلئے |
Email: darulifta@dawateislami.net
(۱)اس مضمون کی طبّی تفتیش”مجلس طبّی علاج(دعوتِ اسلامی)“ کے ڈاکٹر محمد کامران اسحاق عطاری نے فرمائی ہے۔ (۲)تمام علاج اپنے طبیب (Doctor)کے مشورے سے ہی کیجئے
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭…ماہنامہ فیضان مدینہ ،باب المدینہ کراچی
Comments