نانا جان سے سفارش کیجئے کہ مدینے بلا لیں
نَحۡمَدُہٗ وَ نُصَلِّیۡ وَ نُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوۡلِہِ النَّبِیِّ الۡکَرِیۡم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے شہزادۂ عالی وقار، پیرِ طریقت، سیِّد شبیر علی شاہ صاحب گیلانی مجددی زیبِ سجادہ دربارِ عالیہ مجددیہ چُورا شریف!(ضلع اٹک پاکستان)
اَلسَّلَامُ عَلَیۡکُمۡ وَرَحۡمَۃُاللّٰہِ وَ بَرَکَاتُہٗ
مبلغِ دعوتِ اسلامی محمد صدیق ریاض نقشبندی نے یہ خبر دی کہ آپ کی بائیں آنکھ کا آپریشن ہوا ہے۔آپ کی عمر بھی ستّر سال، یک بڑھاپا صد عیب، پھر اوپر سے آپریشن! اللہ پاک آپ کے حال پر رحم فرمائے۔(اس کے بعد امیرِ اہلِ سنّت نے ان کی صحت یابی کی دعا کی اور ماہنامہ فیضانِ مدینہ رجب المرجب 1439ھ کے صفحہ نمبر17سے یہ مدنی پھول پڑھ کر سنایا:)ارشادِ حضرتِ سیدنا ابو درداء رضی اللہ تعالٰی عنہ:موت کو کثرت سے یاد کرنا خوشی اور حسد کو کم کردیتا ہے۔(احیاء العلوم،ج3ص233) حضورِ والا! اپنے نانا جان صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں میری سفارش کیجئے گا کہ مجھے مدینے بلا لیں، ایمان و عافیت کے ساتھ شہادت کی سعادت عنایت فرماکر جنت البقیع کے اندر اپنے قدموں میں رکھ لیں، بارگاہِ الٰہی میں شفاعت کرکے میری بے حساب مغفِرت کروادیں، آپ کا احسان بالائے احسان ہوگا۔ اپنی دعوتِ اسلامی کو دعاؤں میں یاد فرماتے رہیں۔ شہزادۂ گرامی سیّد فضل عثمان حیدر شاہ گیلانی اور آستانہ شریف کے دیگر احباب، مریدین، متوسلین، معتقدین سب کو میرا بہت بہت سلام اور سب میری بے حساب مغفِرت کے لئے دُعا فرمائیے۔(بِتَغَیُّرٍ قَلِیْلٍ)
تیری نسلِ پاک میں ہے بچہ بچہ نور کا
تُو ہے عینِ نور تیرا سب گھرانا نور کا
(حدائقِ بخشش، ص 246)
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
اِظہار محبت سے بھرپور جواب
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم
میں بندۂ ناچیز سیّد محمد شبیرعلی شاہ گیلانی نقشبندی مجدّدی خادمِ دربارِعالیہ چُورا شریف( ضلع اٹک، پاکستان)اس وقت علیل ہوں، آنکھوں کے عارضے میں مبتلا ہوں دو تین دفعہ آپریشن ہو چکا ہے، اس سلسلے میں میرے دَیرینہ محسن،مُربِّی، اہلِسنّت و جماعت کا دل میں درد رکھنے والی ایک حسین و جمیل شخصیت، امیرِ شریعت حضرتِ علّامہ مولانا محمد الیاس قادری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے میری صحت یابی کے لئے بڑی حسین، بڑی جمیل، بڑی پر مغز اوربڑی جامع دعا فرمائی ہے۔ایسا دردِ دل رکھنے والی شخصیت جو اتنی حسین و جمیل دُعا کے ساتھ نوازیں اُس کے لئے یہی جملے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اُن کو سلامت رکھے۔ دعوتِ اسلامی کے ساتھ میرا پیار خالی نہیں بلکہ یہ ایک اَٹوٹ اَنگ(مضبوط عضو) ہے۔ قدم قدم پرمیں دُعا گو بھی ہوں اور معاوِن بھی کہ اللہ تعالیٰ اِس حسین جمیل کاوِش میں اور برکت عطا فرمائے۔ جہاں جہاں میرے دوست احباب میرے اِس ناچیز پیغام کو سُن رہے ہیں وہ قلمے، درہمے،سُخنے جہاں تک ہو سکےدعوتِ اسلامی سے ہر طرح کا تعاون کریں اور پہلے بھی میں کہہ چکا ہوں کہ یہ جماعت دنیا میں عشقِ مصطفیٰ،محبتِ رسول کے جام پلا رہی ہے۔اللہ تعالیٰ اپنے محبوب کریم کے صدقے امیرِ شریعت کو بھی صحتِ کاملہ سے نوازے، اُن کا سایہ ملک و مِلّت پر قائم رکھے،اُن کے معاونین، خُدّام اور رُفقا سلامت رہیں، سلامت رہیں، سلامت رہیں، اللہ تعالیٰ ان کو اور دعوتِ اسلامی کو دِن دُگنی رات چُگنی ترقی عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم(بِتَغَیُّرٍ قَلِیْلٍ)
حاجی ابوالبِنتین حسان عطاری سے تعزیت
شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اپنی نواسیوں کے دادا جان اور حاجی ابوالبنتین حسان عطاری مدنی کے والد صاحِب حاجی سلیمان عطاری کے انتقال پر براہِ راست مدنی مذاکرے میں ان کے صاحبزادگان اور لواحقین سے تعزیت فرمائی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لئے مسجد بنانے کی ترغیب بھی دلائی جس پر حاجی حسان عطاری مدنی نے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر ایک مسجد بنانے کی نیت کی۔
رکنِ شوریٰ حاجی عقیل عطاری مدنی سے تعزیت
امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے بذریعۂ صُوری پیغام رکنِ شوریٰ حاجی محمدعقیل عطاری مدنی سے ان کی والدۂ محترمہ (گلزارِ طیبہ سرگودھا) کے انتقال پر تعزیت فرمائی اور دعائے مغفرت سے نوازا۔
رکنِ شوریٰ الحاج قاری سلیم عطاری سے عیادت
شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے رکنِ شوریٰ الحاج قاری محمد سلیم عطّاری اور ان کے والد صاحب کی بیماری کی اطلاع ملنے پر ان سے عیادت فرمائی اور صحت یابی کی دعا فرمائی۔
تعزیت و عیادت کے مختلف پیغامات
شیخِ طریقت،امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے صُوری پیغامات (Video Messages) کے ذریعے٭فخر المشائخ ڈاکٹرپیر سید محمد اشرف جیلانی اشرفی( سجادہ نشین درگاہ عالیہ اشرافیہ فردوس کالونی باب المدینہ کراچی) اوران کے بھائیوں سے ان کےچھوٹے بھائی صاحبزادہ،حافظ ابوالوہاج سیدجمال اشرف جیلانی(امیر حلقہ اشرفیہ سردارآباد فیصل آباد) ٭غلام محی الدین اور محمد احمد رضا سے ان کے والدِ محترم حضرت مولانا شمیم الحسن قادری رضوی (باب المدینہ کراچی) ٭مولانا محمدیعقوب صاحب اوران کے بھائیوں سے مبلّغِ دعوتِ اسلامی حاجی محمدسلیم عطاری (نگران ِمجلس ہفتہ واراجتماع ومجلس مدنی مذاکرہ پاکستان)کے بچوں کے نانا جان مولانامحمد یوسف (خوشاب، پاکستان) ٭حاجی محمد انیس اور عمران عطاری سے ان کے والد (باب المدینہ کراچی) ٭گلزار احمد عطاری اور دلدار عطاری سے ان کی والدہ نسیم بانو عطاریہ(مٹیاری، باب الاسلام، سندھ) ٭محمدشفیع سے ان کے والد حبیب اللہ عطاری (میسور، ہند) ٭قاری آصف عطاری و برادران سے ان کی والدہ ٭آفتاب عطاری اور عبد الحمید عطاری سے ان کے بھائی حاجی محمد سلیم عطاری (باب المدینہ کراچی) ٭سید عبدالمنان عطاری سے ان کے والد حافط ذاکر حسین (عارف والا) ٭عابد سومرو و برادران سے ان کے والد ماسٹر ہادی بخش سومرو (سکھر) ٭حسین عطاری و برادران سے ان کی والدہ مریم عطاریہ (بُندی راجستان ہند) ٭احمد حیات صدیقی و برادران سے ان کی والدہ (راولپنڈی) ٭صابر عطاری و برادران سے ان کے والد حاجی محمد ابراہیم عطاری(باب المدینہ کراچی) ٭محسن رضا و برادران سے ان کے والدمحمد انور (گجرات) ٭محمد اکرم عطاری سے ان کے بچوں کی امی اُمِّ عثمان عطاریہ (باب المدینہ کراچی) ٭اکرام عطاری سے ان کے والد غلام محمد قریشی (زم زم نگر حیدرآباد) ٭غلام نبی عطاری و برادران سے ان کی والدہ (ٹنڈو الہ یار) ٭طاہر عطاری و برادران سے ان کے والد حیات عطاری(ملیر باب المدینہ کراچی) ٭عاطف حسین عطاری و برادران سے ان کے والد شرافت حسین عطاری (باب المدینہ کراچی) کے انتِقال پر تعزیت فرمائی اور لواحقین کو اپنے اپنےمرحوموں کے ایصالِ ثواب کیلئے مختلف مشورے دئیے جن میں سے مسجد بنانے، ماہِ رمضان میں اعتکاف کرنے، تقسیمِ رسائل،مدنی مذاکرے میں شرکت اور مدنی قافلوں میں سفر کرنے کی ترغیب وغیرہ شامل ہیں، جبکہ محمد جمیل، محمد نوید، محمد عثمان، محمد جاوید، محمد سعید اور محمد سلطان سے ان کے ایکسیڈنٹ کی خبر ملنے پرعیادت فرمائی اور اپنی دُعاؤں سے نوازا۔
Comments