اچھے پہلو تلاش کیجئے

فریاد

اچھےپہلوتلاش کیجئے

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کے نگران مولانا محمد عمران عطّاری

ماہنامہ فیضان مدینہ جولائی2022

اے عاشقان ِرسول! اچھے پہلو پر نظررکھناانسان کی سوچ کے اچھا ہونے کی نشانی ہے اور سوچ کی اچھائی انسان کے اچھا ہونے کا پتادیتی ہے ، نیز اچھے پہلو پر نظر رکھنے سے جہاں دلی سکون واطمینان کی دولت نصیب ہوتی ،  ڈپریشن ،  ٹینشن ،  اینگزائیٹی (گھبراہٹ) وغیرہ کئی خطرناک بیماریوں سے انسان کی بچت ہوتی ہےوہیں اپنےربِّ کریم کاشکرادا کرنے کےبھی آدمی کو کئی مواقع ملتے ہیں۔

اللہ والے اچھے پہلو تلاش کرتے تھے :

 اچھے پہلوؤں پر غور کرنا ہمارے بزرگانِ دین کی زندگی کالازمی حصہ ہوا کرتا تھا ،  چنانچہ ایک مرتبہ کسی شخص نے حضرت سیِّدُنا سہل تُستری رحمۃُ اللہ علیہ سے عرض کی :  چور میرے گھر میں داخل ہوکر گھر کا سامان لے کر چلا گیا ہے۔  آپ رحمۃُ اللہ علیہ نےارشاد فرمایا :  اللہ پاک کا شکر ادا کرو !اگر شیطان تمہارے دل میں داخل ہوکر تمہارے ایمان میں فساد ڈال دیتاتوتم کیا کرتے  ؟ اسی طرح ایک بزرگ رحمۃُ اللہ علیہ سڑک سےگزررہے تھے کہ ان کےسر پر راکھ کا ایک تھال گرادیا گیا۔  وہ بارگاہِ خداوندی میں سجدۂ شکر بجالائے ،  ان سے سجدہ کرنےکی وجہ پوچھی گئی تو فرمایا  : میں تو اپنےاوپرآگ کے ڈالےجانے کامُنْتَظِر رہتا تھا ،  اس کی جگہ راکھ ڈالاجانا نعمت ہے۔ (احیاء العلوم،4/158)

لہٰذا ہمیں بھی چاہئے کہ دنیا اور آخرت کی بہتری کے لئے زندگی کے ہر معاملے میں اچھےپہلو ہی پر نظر رکھیں ،  اپنے اندر اچھے پہلوتلاش کیجئے سب سےپہلےاپنے بارےمیں غور کیجئے ،  مثال کے طور پرآپ کےبدن میں تکالیف ہیں ،  آپ ان تکالیف کو ایک کاغذ پر لکھئے ،  مثلاًآپ نے 10تکلیفیں لکھ لیں ،  اب غورکیجئے کہ آپ کے بدن کے کن حصوں میں تکلیف نہیں ہے ،  اب ان حصوں کولکھئے تو شاید ان عافیت وسلامتی والے حصوں کی تعداد100بن جائے گی ،  تو 10حصوں میں تکلیف ہے اور 100 میں نہیں ہے ،  تو یہ شکر کا پہلو ہے۔  یوں ہی آپ اپنی موجودہ حالت کے بارے میں غور کیجئے ،  مثلاً آپ ایک نارمل اور جائز جاب کرتے ہیں مگرآپ کی سیلری آپ کو اپنی صلاحیتوں کے مقابلے میں کم لگتی ہے ،  تویوں غورکیجئےکہ اللہ پاک کا شکر ہے کہ سیلری کم ہےکوئی بات نہیں ،  میرا کام تو جائز اور اچھا ہے ،  دھوکادہی وغیرہ کرکےمیں حرام روزی تو نہیں کماتا اورنہ ہی مجھے کام کے دوران اس پر مجبور کیا جاتا ہے ،  سیٹھ مجھ پر ظلم و زیادتی تو نہیں کرتا ،  عام سیٹھوں کی طرح ماں بہن کی گالیاں تو نہیں دیتا ،  جلدی بلاتا اور دیر سے تو نہیں چھوڑتا ،  اگر کبھی وقت پورا ہونے کے بعد بھی کام کرنا پڑے تو اس وقت کو گول کرنے کے بجائے میرے اوور ٹائم میں شامل کرلیتا ہے اوراس وقت کےبھی مجھے پیسے ملتے ہیں ،  نیز سیلری بھی مجھےوقت پرہی ملتی ہے۔ اس طرح اگرآپ اپنے بارے میں اچھے پہلوؤں پرغورکریں گے تو شکر کے کئی پہلو آپ کے سامنےآجائیں گے ،  اورجب آپ اللہ پاک کا شکر ادا کریں گے تو اللہ پاک آپ پر اپنی نعمتیں مزید بڑھادے گا  اِن شآءَ اللہ ۔  چنانچہ ہمارا پاک پروردگار ارشاد فرماتا ہے : لَىٕنْ شَكَرْتُمْ لَاَزِیْدَنَّكُمْ ترجمۂ کنزالعرفان  : اگر تم میرا شکر ادا کرو گے تو میں تمہیں اور زیادہ عطا کروں گا۔ (پ13، ابراھيم: 7) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

اپنےملک کے بارے میں بھی اچھےپہلوتلاش کیجئے :

 اَلحمدُ لِلّٰہ میں اپنے ملک پاکستان  کے بارے میں اچھے پہلو تلاش کرتا ہوں ،  مانتا ہوں کہ میرے ملک میں بہت مسائل ہیں ،  مگر میرے وطن میں ہونے والی اچھائی اس میں پائے جانے والے مسائل پر اب بھی غالب ہے ،  میرے ملک میں بہت خوبصورتیاں اوربہت اچھائیاں ہیں۔  اس میں لاکھوں مساجد و مدارس ہیں ،  لاکھوں نمازی ہیں ،  غریبوں ،  محتاجوں اورضرورت مندوں کی خدمت کرنے والوں کی میرے ملک میں کوئی کمی نہیں ہے ، اس میں اللہ پاک اور اس کے رَسُول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا نام لینے پر کوئی پابندی نہیں ہے ، اَلحمدُ لِلّٰہ پاکستان میں ٹھیک ٹھاک دِین کا کام ہوتا ہے اور یہاں جتنی آزادی سے دِین کی خدمت کر سکتے ہیں اتنی آزادی سے کہیں اور نہیں کر سکتے۔

اولادمیں اچھے پہلو تلاش کیجئے :

اپنی چھوٹی اولادکہ جس کی شرارتوں اورحرکتوں کی وجہ سےآپ پریشان ہیں ،  اس کے بارے میں یوں غور کیجئے کہ صرف شرارتی ہے ،  اللہ پاک کا شکر ہےکہ پاگل تو نہیں ہے ،  مارتی پیٹتی تو نہیں ہے ،  ہاتھ پاؤں سلامت ہیں جسمانی معذور تو نہیں ہے ،  چوریاں تونہیں کرتی۔  بڑی نافرمان اولاد کے بارے میں یوں غور کیجئے کہ صرف نافرمان ہے ،  چَرسی مَوالی ،  جُواری اور شرابی تو نہیں ہے ،  آپ کو گالیاں تو نہیں دیتی ،   گھر سے باہر تو نہیں نکالتی ،  مزید دیگرظلم و زیادتیاں جو وہ آپ پر کرسکتی تھی وہ تو نہیں کرتی وغیرہ۔  یوں ہی والدین اولاد میں اور اولاد والدین میں ،  شوہر بیوی میں تو بیوی شوہرمیں ،  ملازمین سیٹھ میں توسیٹھ ملازمین میں اچھے پہلو تلاش کریں گےتو  اِن شآءَ اللہ  انہیں راحت و سکون نصیب ہونے کے ساتھ ساتھ شکر کا موقع بھی ملےگا۔

ساس بہو میں اور بہو ساس میں اچھے پہلو تلاش کرے :

بہو گھر کے کام کاج درست طریقےسےنہیں کرتی ، اس پرساس یہ سوچے کہ کوئی بات نہیں صرف اتنا ساہی معاملہ ہے ،  اللہ پاک کا شکر ہے کہ میری بہو زبان کی خراب نہیں ، لڑائی اور جھگڑے نہ کرتی ہے اور نہ کرواتی ہے ،  گھرکی باتیں باہر نہیں کرتی جوکہ اچھی بہوکی ایک نشانی ہے ،  اسی طرح بہوبھی ساس میں اچھےپہلوتلاش کرنےکی کوشش کرےتو  اِن شآءَ اللہ  گھر کی فضا خوشگوار ہوجائے گی اور کئی گناہوں کے دروازے بھی بند ہوجائیں گے۔

اچھے پہلو پر نظرکےساتھ صبر و برداشت سے بھی کام لیجئے :

رات میں دن کا ،  دن میں رات کا اور بیماری کے بعد صحت کا انتظار ہی کرنا ہوتا ہے ،  بعض مہلک اور خطرناک بیماریاں ہوتی ہیں جوجلدی ختم نہیں ہوتیں ،  یوں ہی بعض بیماریاں ایسی ہوتی ہیں کہ ان کے پیچھے کچھ خرابیاں چھپی ہوتی ہیں کہ جب تک وہ خرابیاں دور نہیں ہوتیں تب تک ان بیماریوں کاعلاج بھی نہیں ہوپاتا ،  اسی طرح دو چار دس دن میں عادتیں اور طبیعتیں نہیں بدلتیں ،  انہیں بدلنےمیں کچھ وقت لگتا ہے ،  صبر سے کام لیجئے ،  بےشک اللہ صبر کرنےوالوں کے ساتھ ہے ،  اللہ پاک نے چاہا تو سب بہتر ہو جائے گا ،  اپنامعاملہ اللہ پاک کے حوالے کردیں ، وہ دل بدلنے والا ہے ، مزاج کو اسی نے ہی تبدیل کرنا ہے ،  وہ جس کاجب چاہےدل بدل دے ،  جس کا جب چاہے ذہن بدل دےاورجس کےجب چاہے حالات بدل دے ،  البتہ آپ اچھےپہلوتلاش کیجئے ، یقین مانئے جو لوگ میری اس عرض یعنی اچھےپہلوتلاش کرنے پر عمل کریں گے تو  اِن شآءَ اللہ  وہ مجھے دعائیں دیں گے۔  میری تمام عاشقانِ رسول سے فریاد ہے! گھر کے لوگوں اور اپنے دیگر ماتحت افراد پر اپنی شفقت زیادہ سے زیادہ اور قریب سے قریب کیجئے ،  درخت بہت اونچا ہو تب بھی سایہ نہیں دیتا ،  نیچا ہومگرگھنانہ ہو پھر بھی اس کے سائے سے خاطرخواہ فائدہ نہیں ہوتا ،  درخت گھنا ہونے کے ساتھ ساتھ نیچا ہو تو بہترین سایہ دیتا ہے ،  لہٰذا اچھے پہلو تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ دوسروں کےساتھ اچھے اخلاق ،  شفقت ،  صبر اور برداشت سےکام لیجئے۔  اللہ پاک ہم سب پر رحمت کی نظر فرمائے اور ہمیں اچھے پہلوتلاش کرنے کے لئے اچھا ذہن نصیب فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


Share