پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا خواب

خوابوں کی دنیا

پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا خواب

*مولانا محمد اسد عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جولائی 2022

محترم قارئین !  انبیائے کرام  علیہمُ السّلام  کے خواب اللہ پاک کی جانب سے وَحی ہوا کرتے ہیں ،  اسی لئے انبیائے کرام  علیہمُ السّلام کو بعض احکام خواب کے ذریعے بیان کئے جاتے ہیں۔  آج کے مضمون میں ہم خاتمُ النّبیین حضرت محمد مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے خواب کا ذکرِ خیر کریں گے۔

پیارے آقا  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا خواب پیارے آقا  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نےارشاد فرمایا  :   میں نے خواب کی حالت میں دیکھا کہ لوگ مجھ پر پیش کئے جارہے ہیں انہوں نے قمیصیں پہن رکھی ہیں  ، کسی کی قمیص سینے تک ہے اور کسی کی اس سے نیچے تک۔ پھر عمر بن خطاب میرے سامنے پیش کئے گئے تو میں نے دیکھا کہ ان پر ایک قمیص ہے جسے وہ گھسیٹ رہے ہیں ۔ صحابۂ کرام  علیہمُ الرّضوان  نے عرض کی  :   یَارسولَ اللہ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  ! آپ اس کی کیا تعبیر فرماتے ہیں؟ فرمایا  :   دین۔ (ترمذی ،  4 / 126 ،  حدیث  :   2292)

حکیمُ الامّت مفتی احمد یار خان نعیمی  رحمۃُ اللہِ علیہ  اس حدیثِ پاک کی شرح میں فرماتے ہیں  :   حضرت عمر ( رضی اللہُ عنہ ) کی قمیص ان کے قدموں سے نیچے تھی جو ان کے چلنے پر گھسٹ رہی تھی۔ حضورِ انور ( صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ) نے لباس کی تعبیر دین سے فرمائی کیونکہ لباس تو بدن کا ستر اور زینت ہے اور دین دل و جان کا ستر بھی ہے زینت بھی۔  اس خواب اور نبوی تعبیر سے معلوم ہوا کہ حضرت عمر نہایت ہی کامل الایمان قوی دین والے ہیں۔  غالب یہ ہے کہ ان پیش ہونے والوں میں حضرت ابوبکر صدیق نہ ہوں گے۔  خیال رہے کہ دین یا ایمان کی مقدار میں زیادتی کمی نہیں ہوتی یعنی کوئی آدھا یا چوتھائی مسلمان نہیں ہوتا سارے پورے مومن ہوتے ہیں ،  ہاں کیفیت میں فرق ہوتا ہے ، بعض مومن ، بعض کامل مومن ،  بعض اکمل یعنی کامل تر مومن۔ (مراٰۃ المناجیح ،  8 / 363 ملتقطاً)

اس  کے علاوہ بھی رسولُ اللہ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے کئی خواب ملاحظہ فرمائے جن میں سے بعض خواب اور ان کی تعبیر صحابۂ کرام  علیہمُ الرّضوان  کے سامنے بیان فرمائی۔  اللہ کی قدرت کہ جس خواب کی جو تعبیر بیان فرمائی بعد میں 100 فیصد ویسا ہی ظاہر ہوا۔

آپ کے خوابوں کی تعبیر

خواب  :  میں اکثر یہ خواب دیکھتا رہتا ہوں کہ کسی سفر پر جا رہا ہوں اور گاڑی کا انتظار کر رہا ہوں ،  کبھی کبھار گاڑی میں جگہ مل جاتی ہے اور کبھی جگہ نہیں ملتی۔  برائے کرم اس خواب کی تعبیر بتا دیجئے۔

تعبیر  :  خواب میں سفر کرنا اچھا ہے ،  حالات کے بدلنے اور کامیابی کے ملنے کی علامت ہوتی ہے اسی لئے سفر کو وسیلۂ ظفر کہا جاتا ہے۔  

خواب  :  میں نے خواب دیکھا کہ کوئی عورت مجھے  سفید لباس دے رہی ہے اور میں لے لیتی ہوں ۔  مہربانی فرما کر اس کی تعبیر بتا دیجئے۔ (بنتِ یونس ،  پاکپتن)

تعبیر  :  اچھا خواب ہے ،  گناہوں سے توبہ کی توفیق ملنے اور نیک بننے کی علامت ہے ،  اللہ پاک کا شکر ادا کریں اور مزید نیک اعمال کی کوشش کریں ،  اللہ پاک کی جانب سے نیکی کے کام پر توفیق ملے گی۔ اِنْ شآءَ اللہ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* نگران مجلس مدنی چینل


Share

Articles

Comments


Security Code