”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ جولائی 2022
حضرت پیر سیّد امیر احمد شاہ صاحب ہمدانی کے انتقال پر تعزیت
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن
نازوں کا پالا کام نہ آئے گا!
مکتبۃُ المدینہ کے رسالے ” بادشاہوں کی ہڈیا “ صفحہ نمبر 14 پر ہے : حضرتِ سیِّدُنا فضیل بن عیاض رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں کہ بروزِ قیامت ماں اپنے بیٹے سے ملے گی اور کہے گی : اے بیٹے ! کیا تو میرے پیٹ میں نہ رہا؟ کیا تو نے میرا دودھ نہ پیا؟ بیٹا عرض کرے گا : اے میری ماں ! کیوں نہیں۔ اِس پر ماں کہے گی : بیٹا ! میرے گناہوں کا بوجھ بہت بھاری ہے اِس میں سے توصرف ایک گناہ ہی اُٹھالے۔ بیٹا کہے گا : میری ماں ! مجھ سے دُور ہو جا ، مجھے اپنی فکر لاحق ہے ، میں تیرا یا کسی اور کا بوجھ نہیں اُٹھا سکتا۔ (الروض الفائق ، ص155)
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
مجھے یہ افسوسناک خبر ملی کہ سیّد آفاق حسین شاہ صاحب ہمدانی ، سیّد جواد شاہ صاحب ہمدانی ، سیّد احسان شاہ صاحب ہمدانی اور سیّد محسن شاہ صاحب ہمدانی کے ابو جان اور حاجی سیّد خورشید حسین شاہ صاحب ہمدانی ، سیّد ضیاء حسین شاہ صاحب ہمدانی اور حاجی سیّد فدا حسین شاہ صاحب ہمدانی کے بھائی جان حضرت پیر سیّد امیر احمد شاہ صاحب ہمدانی کَبْرَوِیَّہ ہمدانیہ جگر اور گردوں کے مرض میں مبتلا رہتے ہوئے 16رمضان شریف 1443 سِنِ ہجری مطابق 18 اپریل 2022ء کو 73 سال کی عمر میں کشمیر میں انتقال فرما گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن!
میں تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں اور صبر و ہمت سے کام لینے کی تلقین۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَط وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن
یاربَّ المصطفےٰ جَلَّ جَلَالُہ و صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! حضرت پیر سیّد امیر احمد شاہ صاحب ہمدانی کو غریقِ رحمت فرما ، مولائے کریم ! انہیں اپنے جوارِ رحمت میں جگہ نصیب فرما ، یااللہ پاک ! ان کی قبر جنّت کا باغ بنے ، رحمت کے پھولوں سے ڈھکے ، تاحشر جگمگاتی رہے ، اِلٰہ العٰلمین ! ان کی قبر پر انوار و تجلیات کی برسات ہو ، یااللہ پاک ! ان کی قبر تاحدِ نظر وسیع ہوجائے ، مرحوم کو بے حساب مغفرت سے مشرف فرماکر جنّتُ الفردوس میں اپنے پیارے پیارے آخری نبی ، مکی مدنی ، محمدِ عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوسی بنا ، اِلٰہ العٰلمین ! تمام سوگواروں کو صبرِجمیل اور صبرِ جمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما ، میرے مولا ! میرے پاس جو کچھ ٹُوٹے پُھوٹے اعمال ہیں اپنے کرم کے شایانِ شان ان پر اجر و ثواب عطا فرما ، یہ سارا اجر و ثواب جنابِ رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عطا فرما ، بوسیلۂ خَاتَم النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یہ سارا ثواب مرحوم حضرت پیر سیّد امیر احمد شاہ صاحب ہمدانی سمیت ساری امّت کو عنایت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
نماز ، روزوں کی پابندی کرتے اور کرواتے رہئے ، مدنی چینل دیکھتے رہئے ، اپنی اچھی اچھی نیتیں بھی بھجوائیے اور ہمت رکھئے گا۔
بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔
حضرت سیّد شاہ عبدُالحق قادری صاحب کیلئے دعائے صحت
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے شہزادۂ عالی وقار حضرت قبلہ سیّد شاہ عبدُالحق قادری اَطَالَ اللہُ عُمَرَکُم
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
حاجی عبدُالحبیب کے ذریعے حضور کی علالت کا علم ہوا ، اللہ کریم پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صدقے آپ کو شفائے کاملہ ، عاجلہ ، نافعہ عطا فرمائے ، ربِّ کریم ! آپ کو صحتوں ، راحتوں ، عافیتوں ، عبادتوں ، ریاضتوں ، دینی خدمتوں اور سنّتوں بھری طویل زندگی نصیب کرے ، آپ کا سایۂ عاطفت ہم غریب سنّیوں پر تادیر قائم رکھے ، آپ کی خدماتِ دینی قبول فرمائے ، اِن شآءَ اللہ آپ ٹھیک ہوجائیں گے ، ہمت رکھئے گا۔
لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ!
حضورِ والا ! بےحساب مغفرت کی دُعا کا ملتجی ہوں اور اپنے نانا جان صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے میری سفارش کیجئے گا کہ مجھے اپنی شفاعت سے محروم نہ کریں اور اپنے قدموں میں مدینے بلا لیں۔
حضرت سیّد شاہ عبدُالحق قادری صاحب کا جوابی صَوتی پیغام
اَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمط بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم
اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلَیْکَ یَارَسُوْلَ اللہ وَعَلٰی اٰلِکَ وَاَصْحٰبِکَ یَاحَبِیْبَ اللہ
حُضور امیرِ اہلِ سنّت ، امیرِ دعوتِ اسلامی کی خدمتِ اقدس میں اس فقیرِ حقیر سیّد شاہ عبدُ الحق قادری کا محبتوں بھرا سلام !
حضور آپ کا دعاؤں بھرا صَوتی پیغام موصول ہوا جس کا فقیرِ حقیر تَہ ِدل سے ممنون و مشکور ہے ، الحمدُ لِلّٰہ حُضور علیہ الصّلوٰۃُوالسّلام کے طفیل اب طبیعت میں بہتری ہے آپ کی دُعائیں مزید شاملِ حال رہیں تو اِن شآءَ اللہ تَبارَک وتعالیٰ صحت مکمل بحال ہوجائے گی ، اللہ ربُّ العزت آپ کا سایۂ عاطفت میرے اور تمام سنیوں کے سَروں پر دراز فرمائے ، اٰمین ثم اٰمین۔
حضرت مولانا قاری حنیف چشتی صاحب کیلئے دعائے صحت
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن
ہر بیماری کی دوا ہے
فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے : ہر بیماری کی دوا ہے ، جب دوا بیماری تک پہنچا دی جاتی ہے تواللہ پاک کے حکم سے مریض اچھا ہو جاتا ہے۔ (مسلم ، ص933 ، حدیث : 5741) حضرت الحاج مفتی احمد یار خان رحمۃُ اللہِ علیہ اس حدیث پاک کے تحت لکھتے ہیں : جب اللہ پاک کسی بیمار کی شفاء نہیں چاہتا تو دواء اور مرض کے درمیان ایک فرشتے کے ذریعے آڑ (رکاوٹ) کردیتا ہے جس کی وجہ سے دواء مرض پر واقع نہیں ہوتی،جب شفاء کا ارادہ ہوتا ہے تو وہ پردہ ہٹا دیا جاتا ہے جس سے دواء مرض پر واقع ہوتی ہے اور شفاء ہوجاتی ہے۔ (مراٰۃُ المناجیح ، 6/214)
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖنط
یاربَّ المصطفےٰ جَلَّ جَلَالہ و صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! حضرت مولانا قاری محمد حنیف چشتی صاحب کو شوگر کے مرض سے شفائے کاملہ ، عاجلہ ، نافعہ عطا فرما ، یااللہ پاک ! انہیں صحتوں ، راحتوں ، عافیتوں ، عبادتوں ، ریاضتوں ، دینی خدمتوں بھری طویل زندگی عطا فرما ، یااللہ پاک ! یہ بیماری ، یہ تکلیف ، یہ پریشانی ان کیلئے گناہوں کا کفارہ ، ترقیِ درجات کا باعث اور جنتُ الفردوس میں بے حساب داخلے اور جنّتُ الفردوس میں تیرے پیارے پیارے آخری نبی مکی مدنی محمد ِعربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوسی بننے کا سبب بنے ، اے اللہ پاک ! کربلا والوں کا صدقہ ان کی جھولی میں ڈال دے ، یااللہ پاک ! انہیں در در کی ٹھوکروں ، اسپتال کے پھیروں ، ڈاکٹروں کی فیسوں اور دواؤں کے خرچوں سے نجات عطا فرما ، مولائے کریم ! ماہِ رمضان کا صدقہ ان پر رحمت کی خاص نظر فرما۔
اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ!
بےحساب مغفرت کی دُعا کا ملتجی ہوں۔
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اپریل2022ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے شعبہ ” پیغاماتِ عطّاؔر “کے ذریعے تقریباً2069پیغامات جاری فرمائے جن میں282 تعزیت کے ، 1617عیادت کے جبکہ 170دیگر پیغامات تھے ، تعزیت والوں میں سے چند کے نام یہ ہیں :
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے (1)حضرت مولانا حاجی حضور بخش چَنَّہ سلیمی قادری (جیکب آباد)[1] (2)پیر ِطریقت ، رہبرِ شریعت حضرت مولانا ڈاکٹر قاضی معین الدین نقشبندی صاحب(حیدرآباد) [2] (3)پیرِ طریقت ، رہبرِ شریعت حضرت مولانا پیر سیّد احمد شاہ صاحب جیلانی (ہند) [3] (4)حضرت مولانا قاری مفتی محمد یوسف سعیدی صاحب (پاکپتن شریف) [4]سمیت 282عاشقانِ رسول کے انتقال پر ان کے سوگواروں سے تعزیت کی اور مرحومین کیلئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔
[1] تاریخِ وفات: 2رمضان شریف 1443ھ مطابق4اپریل2022ء
[2] تاریخِ وفات: 5رمضان شریف 1443ھ مطابق7اپریل2022ء
[3] تاریخِ وفات: 6رمضان شریف 1443ھ مطابق8اپریل2022ء
[4] تاریخِ وفات: 23رمضان شریف 1443ھ مطابق25اپریل2022ء ۔
Comments