بہت چھوٹے  بچوں کی دیکھ بھال

بچّے ہر گھر کی خوشی ہوتے ہیں کہ انہی کھلتی کلیوں سے گھر کی رونق ہوتی ہے۔ جب یہ اپنی نانی یا دادی یا خالہ وغیرہ کے گھر چلے جاتے ہیں تو گھر کا سنّاٹا اس بات کی خوب خبر دیتا ہے۔

محترم والدین! کیا آپ جانتے ہیں کہ پاکستان میں نومَولود بچوں (Newborn babies) کے انتقال کرجانے کی شرح بہت زیادہ ہے! يونيسيف 2016 کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ایک برس کے دوران 2 لاکھ 48 ہزار نومَولود بچے ہلاک ہوئے جو کہ دنیا بھر میں ہلاک ہونے والے بچّوں کا دس فیصد تھے۔  (بی بی سی اردو آن لائن ، 20فروری 2018)

ہمیں چاہئے کہ کَل کے مہکتے ان پھولوں کی جی جان سے حفاظت اور دیکھ بھال کریں ، نیچے اس حوالے سے کچھ مُفید مشورے لکھے گئے ہیں۔ پڑھیں ، خود بھی عمل کریں اور دوسروں تک بھی اس پیغام کو پہنچائیں۔

* اتنے کمزور پیدا ہونے والے بچّے جو فیڈ نہ لے سکیں ان کے والدین کو چاہئے کہ ڈاکٹرز سے تسلی بخش تربیت لئے بغیر ڈسچارج نہ کریں ، البتہ بہتر یہی ہے کہ انہیں کچھ دِنوں کے لئے اسپتال میں رکھیں کیوں کہ اس صورتِ حال میں بچے کے منہ میں دودھ کی نلکی لگانی ، نکالنی پڑتی ہے جو کہ اسپتال کا عملہ بہتر طریقے سے کرسکتا ہے * بچّوں کے لئے ماں کا دودھ ہی موزوں (Suitable) ہے کہ ماں کا دودھ جہاں غذائیت اور طاقت کا ذریعہ ہے وہیں یہ اس کے اندر بیماریوں سے لڑنے کے لئے قوّتِ مُدافَعت (Immunity) بڑھاتا ہے * دودھ پلانے کے بعد بچّے کو کندھے سے لگا کر ہلکے ہاتھوں سے اس کی کمر کو تھپکیں تاکہ دودھ باآسانی ہضم ہوجائے* جب فیڈر سے دودھ پلائیں تو پلاسٹک کے بجائے اچھی کوالٹی کے شیشے والے فیڈر استعمال کریں اور ہر ہفتے بعد فیڈر کی نپل(Nipple) تبدیل کرلیں * مساج کرنا دقیانوسی طریقہ (Old Fashion) نہیں بلکہ یہ بچّوں کی نشو و نما کےلئے بہت فائدہ مند ہے البتہ اس حوالے سے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کرلیں* بچّوں کی جِلد بہت ہی نازک ہوتی ہے لہٰذاکوئی بھی غیر معیاری پاؤڈر اور لوشن ہرگز استعمال نہ کریں * بچّے کو اگر کُھرچنے کی عادت ہوتو آپ کو خاص طور پر اس کے ناخن کاٹنے کی طرف دھیان دینا ہوگا کیوں کہ وہ اپنے چہرے کو نقصان پہنچا سکتا ہے * ناخن کاٹتے ہوئے بچّے کی انگلی کا پیٹ اس کے ناخن سے دور رکھیں تاکہ انگلی کٹنے کا اندیشہ نہ رہے۔ اگر نومولود بچّے پر نیل کلیپر کا استعمال آپ کو مشکل لگے تو آپ اپنے بچے کے ناخن ایمری بورڈ (Emery Boardیعنی ناخن گھسنے والے آلہ) سے چھوٹے کرسکتے ہیں * بچّہ اگر چِڑچڑا ہو رہا ہے یا معمول سے کم آواز نکال رہا ہے تو ڈاکٹر کو چیک کرائیں * بچّوں کو ہر وقت ڈائپر پہناکر خود کو سکون پہنچانا مناسب نہیں ، کوشش کرکے ڈائپر کے بجائے لان ، کاٹن یا سوتی کپڑے کے لنگوٹ پہنائیں ، اگر ڈائپر پہنانا ہی ہے تو مسلسل نہ پہنائیں ورنہ ریشیز ہوسکتے ہیں جس سے بچّہ تکلیف کا شکار ہوجاتا ہے * ریشیز ہوجانے کی صورت میں خود سے کوئی تکنیک آزمانے کے بجائے اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں اور ڈاکٹر کی تجویز کردہ (Suggested)بےبی ریش کریم استعمال کریں * گھر میں تھوڑے بڑے بچّے ہوں تو خیال رکھیں کہ کہیں وہ پیار کرنے میں نومولود کو نقصان نہ پہنچا بیٹھیں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*ماہنامہ  فیضانِ مدینہ ، کراچی

 


Share

Articles

Comments


Security Code