یا اللہ مِری جھولی بھردے
تُونے مجھ کو حج پہ بلایا ، یااللہ مِری جھولی بھردے
گردِ کعبہ خوب پِھرایا ، یااللہ مِری جھولی بھردے
مولیٰ مجھ کو نیک بنادے ، اپنی اُلفت دل میں بسادے
بَہرِ صَفا اور بَہرِ مَروہ ، یااللہ مِری جھولی بھردے
واسِطہ نبیوں کے سرور کا ، واسِطہ صِدّیق اور عُمَر کا
واسِطہ عثمان و حیدر کا ، یااللہ مِری جھولی بھردے
میں ہوں بندہ تُو ہے مولیٰ ، تُو ہے قادِر میں ناکارہ
میں منگتا تُو دینے والا ، یااللہ مِری جھولی بھردے
دے حُسنِ اَخلاق کی دولت ، کردے عطا اِخلاص کی نعمت
مجھ کو خزانہ دے تَقویٰ کا ، یااللہ مِری جھولی بھردے
بخش دے میری ساری خطائیں ، کھول دے مجھ پر اپنی عطائیں
برسادے رَحْمت کی برکھا ، یااللہ مِری جھولی بھردے
جنّت میں آقا کا پڑوسی ، بن جائے عطّاؔر الٰہی
مولیٰ از پئے قُطبِ مدینہ ، یااللہ مِری جھولی بھردے
وسائلِ بخشش( مُرَمَّم) ، ص 121
از شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ
Comments