حضرت علّامہ غلام محمد سیالوی کے انتقال پر تعزیت
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے صاحبزادہ یاسر محمود اور صاحبزادہ ظفر محمود کی خدمات میں : اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
محمد طیب مدنی نے دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رُکن حاجی محمد شاہد مدنی کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ آپ صاحبان کے والدِ محترم حضرت علّامہ مولانا غلام محمد سیالوی (چیئرمین قراٰن بورڈ پنجاب اور رُکنِ تنظیمُ المدارس) 6شوّالُ المکرم 1441سِنِ ہجری تقریباً 68سال کی عمر میں کراچی میں انتقال فرما گئے ، اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔ میں تمام سوگواروں سے تعزیت اور صبر سے کام لینے کی تلقین کرتا ہوں۔ یاربَّ المصطَفےٰ جَلَّ جَلَالُہٗ وَ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! حضرت علّامہ مولانا غلام محمد سیالوی کو غریقِ رحمت فرما ، اے اللہ! انہیں بے حساب بخش کر جنّتُ الفردوس میں اپنے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس عطا فرما ، یااللہ! ان کی قبر جنّت کا باغ بنے ، رحمت کے پھولوں سے ڈھکے ، نورِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صدقے تاحشر جگمگاتی رہے ، اے اللہ! ان کی قبر تاحدِ نظر وسیع ہوجائے ، قبر کی گھبراہٹ ، وحشت اور تنگی سب دُور ہو ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! ان کے سوگواروں کو صبرِ جمیلِ اور صبرِ جمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما ، مولائے کریم! میرے پاس جو کچھ ٹُوٹے پُھوٹے اعمال ہیں اپنے کرم کے شایانِ شان ان کا اجر عطا فرما ، ىہ سارا اجر و ثواب جنابِ رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عنایت فرما ، بَوسیلۂ رَحْمَۃٌ لِّلْعٰلَمِين صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میرے ان ٹوٹے پھوٹے اعمال کا سارا ثواب حضرت علّامہ مولانا غلام محمد سیالوی سمىت سارى اُمّت کو عنایت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
(دُعا کے بعد امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے حضرت کے ایصالِ ثواب کے لئے ایک قول بیان فرمایا : ) تفسیرِ قرطبی میں لکھا ہے : امام ضحاک رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : دنیا میں سنّت کی مثال ایسے ہے جیسے آخرت میں جنّت کی لہٰذا جس طرح جنّت میں داخل ہونے والا سلامت رہے گا ، اسی طرح دنیا میں سنّتوں کی پابندی کرنے والا بھی سلامت رہے گا۔ (تفسیرِ قرطبی ، العنکبوت ، تحت الآیۃ : 69 ، جز13 ، 7 / 274)
صبر و ہمت سے کام لیجئے ، اللہ کی رضا پر راضی رہئے ، بس وقت پورا ہوگیا تو انتقال ہوگیا ، ہمارا بھی جب وقت پورا ہوگا تو ہمیں بھی اس دنیا سے سفر کرنا ہی ہوگا۔
جنازہ آگے بڑھ کر کہہ رہا ہے اے جہاں والو!
مِرے پیچھے چلے آؤ تمہارا راہنما میں ہوں
دنیا میں رہتے ہوئے آخرت کی تیاری کرنی ہے۔
کچھ نیکیاں کمالے جلد آخرت بنالے
کوئی نہیں بھروسا اے بھائی! زندگی کا
(وسائلِ بخشش(مُرَمَّم) ، ص178)
دعوتِ اسلامی آپ حضرات کی اپنی تحریک ہے ، اس کے لئے ہمیشہ دعا فرماتے رہئے اور اپنے چاہنے والوں کو دعوتِ اسلامی کے مدنی کام کرنے کی تلقین فرماتے رہئے ، اِنْ شَآءَ اللہ اس طرح مسلکِ اہلِ سنّت کی خوب اشاعت ہوگی اور اَلْحَمْدُ لِلہِ دین کا کام مزید بڑھے گا۔
تعزیت و عیادت کے پیغام علما و مشائخ کے نام
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نےیمن کے مشہور عالم اور اسلامی اسکالر حضرت شیخ حبیب عمر کے بڑے بھائی جان حضرت علّامہ مفتی شیخ سیّد علی مشہور حسینی([1]) اور ان کی زوجۂ محترمہ کے والدِ محترم شیخ حبیب احمد بن حسین عیدروس کے انتقال پر حضرت شیخ حبیب عمر سے * یمن کے بہت بڑے عالم ، حضرت علّامہ مفتی شیخ محمد بن علی المرعی (رئیس جامعہ دارُالعلوم الشرعیہ) کے انتقال([2])پر ان کے سوگواروں سے * خلیفۂ مفتیِ اعظم ہند ، پیرِ طریقت ، حضرت علّامہ مولانا الحاج عبدالغفار نوری برکاتی (بانی و ناظمِ اعلیٰ دارُالعلوم نوری ، اندور ہند) کے انتقال([3])پر جناب عبدالعزیز مرید صاحب سمیت تمام مریدین ، محبین ، معتقدین اور دارُالعلوم نوری کے جملہ اساتذۂ کرام و طلبۂ کرام سے * حضرت علّامہ مولانا حافظ قاری عبدالمجید بندیالوی (خطیب و امام مدینہ مسجد نیاآباد اور مہتمم ادارہ تدریسُ القراٰن) کے انتقال([4]) پر ان کے بیٹوں محمد رمضان اور محمد عرفان سے * مولانا حکیم غلام حسین عطاری کے انتقال پر ان کے بیٹوں مخدوم حسین عطاری ، شوکت حسین عطاری اور سلیمان عطاری اور ان کے بھائی جان ملک نذر حسین سے * حضرت مفتی عبدالستار مصباحی کے انتقال([5]) پر ان کے بیٹوں زبیر احمد ، سہیل احمد ، عزیر احمد اور اسامہ سے * مبلغِ دعوتِ اسلامی مولانا محمد فاروق قادری عطاری کے انتقال پر ان کے والدِ محترم طارق نقشبندی اور ان کے بھائی جان محمد یاسر سے * حضرت علّامہ مولانا الحافظ القاری اقبال نقشبندی کے انتقال([6])پر ان کے بیٹوں ثاقب رضا عطاری ، عاقل رضا عطاری ، عادل رضا عطاری ، عامر رضا عطاری ، عاطف رضا عطاری اور شفقت رضا عطاری اور ان کے بھائیوں حضرت مولانا حافظ عنایتُ اللہ نقشبندی ، حاجی افضل اور حاجی سکندر سے * حضرت مولانا عبدالمجید نقشبندی (مہتمم مدرسہ صبغتُ القراٰن) کے انتقال([7])پر ان کے بیٹوں حافظ شاہد رسول سکندری اور حافظ احمد رضا سکندری عطاری اور ان کے بھائیوں حاجی عبدالرشید عطاری اور عبدالحمید عطاری سے * حضرت علّامہ مولانا مفتی عبدُ الرّحمٰن خان نعیمی کے انتقال([8])پر ان کے بیٹوں ڈاکٹر احمد مصطفیٰ اور جناب محمد احمد سے * حضرت پیر سیّد سراج احمد شاہ گیلانی صاحب (سجادہ نشین آستانۂ عالیہ پیر عبدالقادر گیلانی ، پیر گوٹھ) کے انتقال([9])پر ان کے بیٹوں سیّد محبوب شاہ گیلانی اور سیّد میران شاہ گیلانی ، سیّد محمود شاہ گیلانی اور سیّد عبدالوہاب شاہ گیلانی سے * حضرت خواجہ ابوالخیر پیر محمد عبداللہ جان (سجادہ نشین دربارِ عالیہ مرشد آباد ، پشاور) کے انتقال([10]) پر ان کے بیٹوں جناب فخرِ عالم جان اور سجادہ نشین الحاج پیر بدرِ عالم جان سے * مبلغِ دعوتِ اسلامی حافظ محمد عابد عطاری (کابینہ نگران ٹھٹھہ ڈویژن) کے انتقال پر جملہ سوگواروں سے تعزیت کی اور دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا جبکہ حضرت مولانا مفتی محمد الیاس رضوی * حضرت مولانا مفتی غلام مرتضیٰ شاکر القادری اور * حضرت مولانا حسن علی رضوی میلسی کے لئے دعائے صحت و عافیت کی اور انہیں صبر و ہمّت کی تلقین بھی کی۔
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ان کے علاوہ بھی کئی عاشقانِ رسول کے انتقال پر تعزیت ، دعائے مغفرت و ایصالِ ثواب کی ترکیب کی ، جبکہ کئی بیماروں اور دُکھیاروں کے لئے دُعائے صحت و عافیت فرمائی ہے ، تفصیل جاننے کے لئے اس ویب سائٹ “ دعوتِ اسلامی کے شب و روز “ news.dawateislami.net کا وزٹ فرمائیے۔
Comments