30 اکتوبر 2019ء کو دوپہر 12بجے کی فلائٹ کے ذریعے ہم نے کراچی سے ہانگ کانگ کا سفر شروع کیا۔ ہانگ کانگ دنیا کا ایک مشہور و معروف خِطّہ ہے جس کی آبادی تقریباً 75 لاکھ ہے جس میں 3لاکھ کے لَگ بَھگ مسلمان بھی شامل ہیں۔ یہ بہت گُنجان آباد ہے یعنی کم رقبے پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد آباد ہے۔
کراچی سے 3 تاجر اسلامی بھائیوں کے ساتھ تقریباً 2 گھنٹے میں ہم دُبئی پہنچے جہاں ہمارا 5 گھنٹے کا قِیام (Stay) تھا۔ یہاں مزید ایک تاجر اسلامی بھائی ہمارے ساتھ شامل ہوگئے اور شام 7بجے ہماری فلائٹ ہانگ کانگ کے لئے روانہ ہوگئی۔ نمازِظہر ، عصر اور مغرب دبئی ایئرپورٹ پر جبکہ نمازِ عشا ہوائی جہاز میں ادا کی۔ دبئی سے ہانگ کانگ مسلسل 7گھنٹے کی فلائٹ تھی۔ مقامی وقت کے مطابق صبح6بجے ہوائی جہاز ہانگ کانگ ایئرپورٹ پر پہنچ گیا۔ یہاں نمازِ فجر کا آخری وقت 6بج کر 27 منٹ تھا اور جہاز سے نِکل کر وضو کرتے کرتے نماز قَضا ہونے کا اندیشہ تھا لہٰذا ہم نے جہاز کے واش رومز میں ہی وضو کرکے جہاز کے اندر نمازِ فجر ادا کرلی۔
نماز کا احسا س : پیارے اسلامی بھائیو! پابندی سے نماز پڑھنے
والے کئی افراد بھی عام طور پر سفر کے دوران نماز کے معاملے میں سُستی کرجاتے ہیں۔ بس ، ٹرین یا ہوائی جہاز کے سفر میں نماز پڑھنا عام حالات کی نسبت کچھ مشکل ضرور ہوتا ہے لیکن اگر نیّت سچّی ہو تو مشکلیں آسان ہوجاتی ہیں۔ سفر شروع کرنے سے پہلے ہی اوقاتِ نماز اور سَمتِ قِبلہ سے متعلق ضروری معلومات اور شرعی مَسائل کا علم حاصل کرلیں تو اِنْ شَآءَ اللہ نماز کی پابندی کرنے میں آسانی رہے گی۔
نمازِ فجر پڑھنے کے بعد ہم امیگریشن وغیرہ کے معاملات سے فارغ ہوکر باہر نکلے تو اسلامی بھائیوں کی ایک تعداد ہمیں خوش آمدید کہنے کے لئے موجود تھی۔ ہانگ کانگ جیسے ملک میں جمعرات کے روز وَرکِنگ ڈے میں صبح کے وقت اتنے اسلامی بھائیوں کا جمع ہونا ان کی دین سے محبت کی عَلامَت اور دعوتِ اسلامی کی برکت ہے۔ یہاں سے ہم ایک اسلامی بھائی کے گھر پہنچے جہاں ناشتہ کرنے کے بعد کچھ دیر آرام کیا۔
ہانگ کانگ میں دعوتِ اسلامی کے مدنی مراکز : ہانگ کانگ میں زمین کی قیمت(Property Value) بہت زیادہ ہے۔ وہاں لوگ عموماً کثیرُ المنزِلَہ عمارات (Multi Storey Buildings) میں چھوٹے چھوٹے گھروں میں رہتے ہیں۔ جس گھر میں ہمارا قیام تھا وہ بھی21ویں مَنزِل پر واقع تھا۔ ہانگ کانگ کے علاقےتھِن شوئی وُئی( Tin Shui Wai) میں موجود اس بلڈنگ کے بالکل سامنے ’’ فیضانِ صحابہ‘‘کے نام سے دعوت اسلامی کا ایک مدنی مرکز موجود ہے۔ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے قارئین کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ اَلْحَمْدُللہ ہانگ کانگ میں دعوتِ اسلامی کے 10 مدنی مَراکِز موجود ہیں۔ ان مدنی مراکز میں باجماعت نمازوں کا سلسلہ بھی ہوتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ان مراکز میں اسلامی بھائیوں کے لئے 8 اور اسلامی بہنوں کے لئے 2مدرسۃ ُالمدینہ بھی قائم ہیں۔
ہانگ کانگ میں جامعۃُ المدینہ کا آغاز : اللہ پاک کے کرم سے کچھ عرصہ قبل ہانگ کانگ میں جامعۃُ المدینہ کا آغاز ہوچکا ہےاور پہلے درجے (Class One)میں 14 طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔ نمازِ عصر کے بعد ان طلبہ کے ساتھ مدنی پھولوں کا تبادلہ ہوا اور انہیں دورۂ حدیث تک مکمل درسِ نظامی پڑھنے کی ترغیب دلائی۔ نمازِ مغرب ہم نے وہیں باجماعت ادا کی۔ اس دوران ان طلبہ کے سَرپَرسْت بھی آچکےتھے ، نمازِ مغرب کے بعدان کے درمیان بیان کرنے کی سعادت ملی۔
پیارے اسلامی بھائیو! اللہ پاک کا کس قدر فَضْل و کرم ہے کہ اس نے ہمیں امیرِ اہلِ سنّت کے طفیل ایک ایسا مدنی ماحول عطا فرمایا جس کے تحت ہانگ کانگ میں بھی درسِ نظامی(یعنی عالم کورس) کا سلسلہ جاری ہے۔ اللہ کریم ہمیں دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول میں استقامت عطا فرمائے۔
سنتوں بھرا اجتماع : نمازِ عشایہیں ادا کرنے کے بعد ہم دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ اہلِ بیت حاضر ہوئے جہاں سنتوں بھرے اجتماع کا سلسلہ تھا۔ بڑی تعداد میں اسلامی بھائی ہمارے پہنچنے سے پہلے ہی موجودتھے ۔ یہاں’’ساىۂ عرش قیامت کےدن کِن خوش نصىبوں کو ملے گا‘‘کے موضوع پر اردو اور انگلش میں مِکس بیان کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ بىان کے بعد اسلامى بھائىوں کے ساتھ ملاقات کا سلسلہ رہا ، پھرلنگر ِمىلاد بھى پىش کىا گىا۔ اس کے بعد رات دىر تک اسلامى بھائىوں کے ساتھ مُشاوَرَت کا سلسلہ جارى رہا جس کے بعد آرام کىا ۔
مدنی حلقے میں شرکت : اگلی صبح ہم نے نمازِ فجر باجماعت مدنی مَرکز فىضانِ صحابہ مىں ادا کى۔ نماز کے بعد مدنى حلقے کا سلسلہ ہوا جس مىں نماز کی شرائط وفَرائض نیز غُسل اور وضو کا طریقہ سکھانے کی کوشش کی گئی۔ اس کے بعد صراط ُالجنان سے تىن آىتىں بَمع ترجمہ و تفسىر پڑھنے کى سعادت بھی ملى۔ اِشراق و چاشت کی نماز تک یہ سلسلہ جاری رہا۔ اشراق و چاشت کی نماز پڑھنے کے بعد ایک اسلامی بھائی کے گھر پر ناشتہ اور پھر کچھ دیر آرام کیا۔
نمازِ جمعہ سے پہلے بیان : آرام کرنے کے بعد ہم نے نمازِ جمعہ کی تیاری کی اور پھر ہانگ کانگ کے ایک اور علاقے میں واقع مسجد و مَدْرَسَہ نور ُالقراٰن میں نمازِ جمعہ کے لئے حاضر ہوگئے۔ یہاں ایک سے ڈیڑھ بجے تک مجھے’’ جمعہ کے فضائل “ اور “ ربیعُ الاوّل کیسے گزارا جائے؟‘‘کے عُنوان پر بیان کا موقع ملا۔
نمازِ جمعہ کے بعدتاجر اسلامی بھائیوں نے ہمارے لئے ظُہرانے (Lunch) کى ترکىب بنائى تھى۔ اس موقع پر موجود تاجر اسلامى بھائىوں کو دعوتِ اسلامی کی خدمات بتاکر مدنى عطىات مُہم (Telethon) میں خوب حصّہ لینے کی ترغیب دلائی گئی۔
اللہ کریم دنیا بھر اور بالخصوص ہانگ کانگ میں دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں کو خوب ترقی عطا فرمائے ۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
نوٹ : اونچے اور نیچے مقامات میں نماز کے وقت کا فرق ہوتا ہے ، دنیا بھر میں کہیں بھی درست اوقاتِ نماز جاننے کے لئے دعوتِ اسلامی کی آئی ٹی مجلس کی تیارکردہ ایپلی کیشن Prayer Times انسٹال کیجئے۔ (بقیہ اگلے شمارے میں)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*…رکنِ شوریٰ و نگران مجلس مدنی چینل
Comments