نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے میٹھے میٹھے مدنی بیٹے حاجی شفاعت علی عطّاری اور دعوتِ اسلامی ویلفیئر ٹرسٹ کے تمام عاشقانِ رسول کی خدمتوں میں :
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
مَا شَآءَ اللّٰہ! آپ کے کارنامے اور کارکردگیاں ، مرحبا! کورونا وائرس کی آئی ہوئی اس آفت میں راشن کی خریداری کرنا ، پیکنگ کرنا ، تقسیم کرنا ، نقد رقم بانٹنا ، پکا ہوا کھانا پہنچانا ، تقسیم کرنے کے لئے دور دراز کا سفر کرنا ، رَمَضانُ المبارَک میں سحری و افطاری کے اوقات بھی وہیں گزارنا ، عید کے دنوں میں بھی مجلس دعوتِ اسلامی ویلفیئر ٹرسٹ کے کارنامے مدینہ مدینہ! اسپتال میں خیرخواہی ہو رہی ہے تو اولڈ ہاؤس میں بھی بزرگوں کے ساتھ وقت گزررہا ہے تو یتیم خانے میں یتیموں کی بھی دل جوئی کی جارہی ہے ، کیا بات ہے مدینے کی! اللہ کریم آپ کی ان کاوشوں کو قبول فرمائے اور اجرِ عظیم عطا فرمائے ، آپ کو استِقامت دے ، مدنی چینل پر مدنی خبروں میں بارہا آپ حضرات کی زیارتیں کرتا ہوں اور آپ حضرات کی مَساعی (کوششیں) دیکھتا ہوں ، میرے پیارے پیارےمدنی بیٹو! اب پیچھے نہیں ہٹنا ، دعوتِ اسلامی جب سے بنی ہے اس کی آگے کُوچ جاری ہے تو آپ کی مجلس کا بھی آگے کُوچ جاری رہے۔ زوردار آندھی چلی اور لانڈھی (کراچی) میں باڑوں میں آگ لگ گئی تو ان مواقع پر بھی آپ نے خدمات پیش کیں ، پھر نیاآباد (کراچی) میں سات منزلہ عمارت گِرگئی تو وہاں بھی آپ لوگ پہنچے ، اس میں بھی مَا شَآءَ اللّٰہ آپ نے غالباً لیبر ورک بھی کیا ہوگا ، اللہ برکت دے ، ہمّت دے ، مدد کرے اور مددگار پیدا کرے ، خوب آگے بڑھتے جائیے اور اللہ کی رضا کا خزانہ لُوٹتے رہئے۔ میں آپ کو ایک حدیثِ پاک تحفے میں سناتا ہوں : فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم : جو شخص مسلمان کی ضرورت پوری کرنے کے لئے جائے ، اللہ پاک 75ہزار فرشتوں کے ذریعے اُس پر سایہ فرماتا ہے جو اُس کے لئے دُعا کرتے ہیں ، وہ فارغ ہونے تک رحمت میں چھپا رہتا ہے اور جب فارغ ہوتا ہے تو اللہ پاک اُس کے لئے حج و عمرہ کا ثواب لکھتا ہے۔ (مجمع الزوائد ، 8 / 354 ، حدیث : 13725)
مزید عرض ہے کہ دعوتِ اسلامی کے 12مدنی کام پر بھی توجّہ رکھیں ، “ آقا کی دُکھیاری اُمّت “ کی خدمت کریں اور اس کے ساتھ ساتھ دعوتِ اسلامی کے 12مدنی کام میں بھی حصّہ لیتے رہیں ، اللہ کرے کورونا وائرس دُور ہوجائے اور لاک ڈاؤن ختم ہوجائے ، مساجد کی رونقیں بحال ہوں تو ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماع میں مع رات اعتکاف شرکت کیجئے اور ہر مہینے تین دن کے مدنی قافلے میں سفر کے ذریعے سنّتیں سیکھنے سکھانے کی ترکیبیں بھی رکھنی ہے ، علاقائی دورہ کے ذریعے نیکی کی دعوت بھی دیتے رہنا ہے ، درس دینا ، سننا اور مدنی انعامات پر عمل کرکے روزانہ اپنا مُحاسَبہ کرکے اس کے خانے بھرنے ہیں اور اسلامی مہینے کی پہلی تاریخ کو اپنے یہاں کے ذمّہ دار کو جمع کروانا ہے ، اِنْ شَآءَ اللہ۔ اللہ پاک آپ کو خوش رکھے۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہُ علٰی محمَّد
Comments