گزشتہ ماہ ’’کولیسٹرول اور اس کے اسباب‘‘ کے متعلق مضمون شائع ہوا تھا ، ذیل میں کولیسٹرول کے متعلق مُفید غذائیں بیان کی جا رہی ہیں :
کولیسٹرول کے لئے مفید چیزیں:مختلف پھلوں اور سبزیوں کا استعمال کریں کہ ان میں کولیسٹرول نہیں ہوتا۔ مثلاً : * بھنڈی کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں بھی مفید ہے([1]) * فالسا کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے([2]) * سیب کولیسٹرول کو بڑھنے سے روکتا اور کم کرتا ہے۔ ([3])موٹاپے سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ روزانہ سیب کھانے کی عادت کولیسٹرول کو شریانوں میں اکٹھا ہونے سے بچاتی ہے * اِنجیر بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کے مریض کے لئے مفید ہے([4])* روزانہ صبح لہسن کا استعمال کولیسٹرول کم کرنے میں مددگار ہوتا ہے * روزانہ کچی گاجر (Carrot)کھانے سے کولیسٹرول کی مقدار ٹھیک رہتی ہے * مالٹا (Orange)کولیسٹرول کو کنٹرول کرتا ہے ، روزانہ مالٹے کا جوس استعمال کرنے سے وٹامن Cکی کثیر مقدار حاصل ہوتی ہے جو جسم میں مضر ِصحت کولیسٹرول کی مقدار کو بڑھنے نہیں دیتا * خوبانی ایسے اجزا (Ingredients) سے بھرپور پھل ہے جو فائدہ مند کولیسٹرول کو بڑھاتا ہے * سرخ انگور(Red Grapes) بھی کولیسٹرول کم کرنے کے لئے بہترین پھل ہے ، یہ امراضِ قلب (Heart Diseases) سے بھی تحفّظ فراہم کرتا ہے۔ طبّی تحقیق(Medical Research)کے مطابق سرخ انگوروں کا چھ ہفتے تک روزانہ مناسب مقدار میں استعمال مُضرّ ِصحت کولیسٹرول میں14 فی صد تک کمی لاتا ہے * ایک طِبّی تحقیق کے مطابق اسٹرابری کا روزانہ استعمال جسم میں نقصان دہ کولیسٹرول کو 4سے 10فیصد تک کم کرتا ہے * بادام (Almond) کولیسٹرول سے پاک ہوتے ہیں ، بادام LDL کولیسٹرول کی سطح کم کرتے ہیں([5]) * کھانے میں سلاد کا استعمال کرنا کولیسٹرول کے لئے مفید ہے * ریشے دار غذائیں مثلاً : کیلے ، انگور ، چیری وغیرہ استعمال کیجئےکہ ان کی وجہ سے کولیسٹرول اور چربی خون میں جذب (Absorb) ہوجاتے ہیں اور خون میں کولیسٹرول کا لیول مناسب رہتا ہے * مختلف تیلوں کا استعمال بھی فائدہ مند ہے مثلاً مکئی کا تیل ، سورج مکھی کا تیل اور مونگ پھلی کا تیل۔ زیتون کا تیل (Olive Oil)بغیر پکائے کھانا مفید ہے اور یہ کولیسٹرول کو بھی کم کرتا ہے۔ ([6]) ایک طبّی تحقیق کے مطابِق زَیتون شریف کا تیل کولیسٹرول کے مریض کیلئے مفید ہے کیوں کہ وہ زائد گندے کولیسٹرول کو خون سے خارج کرتا ہے([7]) * بغیر چکنائی والے دہی میں اسپغول کا چھلکا ڈال کر صبح ایک بڑے چمچ کی مقدار استعمال کریں * روزہ شوگر لیول ، کولیسٹرول اور بلڈپریشر میں اعتدال لاتا ہے اور اس کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے (Heart Attack) کا خطرہ نہیں رہتا ([8]) * 6 ماشہ گُوگل(ایک درخت کا خوشبو دار گوند)نیم گرم پانی میں حل کرکے دن میں چار دفعہ مریض کو پلائیں * ستّو کولیسٹرول کے لئے مفید ہے * مریض کو چاہئے کہ دن میں دو بار 500 ملی گرام خشک ادرک استعمال کریں۔ میتھی کا فائدہ:ایک تحقیق کے مطابق روزانہ میتھی کے دانے استعمال کرنے سے کولیسٹرول اور ٹرائی گلیس رائڈز (Triglycerides) میں کمی آتی اور دل کی بیماریوں کا امکان کم ہوجاتا ہے۔ ([9]) مچھلی اور کولیسٹرول: ضروری مقدار سے زائد کولیسٹرول والوں کیلئے بھی مچھلی کھانا مفید ہے۔ مگر تیل میں تَلی ہوئی دیگر غذاؤں کی طرح تلی ہوئی مچھلی بھی مُضرِّ صحت ہے۔ کوئلہ پر سینکی ہوئی مچھلی بہت مفید ہے کہتے ہیں کہ مِعدہ میں ایسی مچھلی کی موجودگی میں اگر بلڈ کولیسٹرول کا مریض خون ٹیسٹ کروائے گا تو خون میں کولیسٹرول کی مقدار میں کمی ظاہر ہوگی۔ ([10]) مچھلی کا تیل:اِس کے استِعمال سے خون کی نالیوں میں پیدا ہونے والی ابتِدائی رُکاوٹوں جن سے شِریانوں (یعنی دل کی چھوٹی رگوں) کی سختی کی وجہ سے عارِضۂ قلب (یعنی دل کی بیماری) کا اندیشہ ہوتا ہے ، (اس) سے تحفُّظ مل جاتا ہے۔ مچھلی کا تیل خون کی رگوں کی دیواروں کو گڑھوں اور رُکاوٹوں سے بچاتا ہے کیونکہ ان ہی مقامات پر کولیسٹرول جمتا اور دَورانِ خون کیلئے رُکاوٹ بنتا ہے۔ ([11])
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*…ماہنامہ فیضانِ مدینہ ، کراچی
Comments