سفر نامہ
ذہنی آزمائش سیزن 14
( قسط : 01 )
*مولانا عبد الحبیب عطّاری
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جون2023
اَلحمدُ لِلّٰہ ذہنی آزمائش مدنی چینل کا مقبولِ عام اور علمی سلسلہ ہے جس کے ذریعے ناظرین کو سینکڑوں طرح کی دینی معلومات سوال جواب کی صورت میں ملتی ہیں۔ سال2023ء میں اس کا 14واں سلسلہ ہوا۔ ذہنی آزمائش سیزن 14 کے لئے مختلف مقامات کا سفر رہا جس کا آغاز 12 فروری سے ہوا۔ اَلحمدُ لِلّٰہ ! اچھی اچھی نیّتوں کے ساتھ ہمارا مدنی قافلہ کراچی سے جوہر جمالی ، شاہ یقیق بابا رحمۃُ اللہ علیہ کی بارگاہ میں حاضر ہوا۔ ہمارا سفر عموماً کاروں میں ہوتا ہے لیکن کراچی سے کچھ اسلامی بھائی مدنی چینل اور ذہنی آزمائش پروگرام کی محبت میں ہمارے پیچھے موٹر سائیکلوں پر بھی چلے آئےتھے ، ہمیں اپنے ساتھ سفر میں ان اسلامی بھائیوں کے شریک ہونے کا اس وقت پتا چلا جب جوہر جمالی میں ان اسلامی بھائیوں سے ملاقات ہوئی۔ البتہ جوہر جمالی جاتے ہوئے جب ٹھٹھہ شریف پہنچے تو کچھ اسلامی بھائی وہاں کے اور کچھ نوریہ باد کے بھی ہمارے قافلے میں شریک ہوگئے تھے ، یہی وجہ تھی کہ جب ہم ٹھٹھہ کے ایک عظیم بزرگ عبد اللہ شاہ اَصحابی رحمۃُ اللہ علیہ کے مزار مبارک پر حاضر ہوئے جن کا سلسلۂ نسب حضور سیدنا غوثِ اعظم رحمۃُ اللہ علیہ سے ملتا ہے تو اس وقت ہمارا مدنی قافلہ ایک ہجوم کی صورت اختیار کر چکا تھا۔ اَلحمدُ لِلّٰہ ! مزار شریف پر صلوٰۃ و سلام اور ایصالِ ثواب کے لئے دعا کا اہتمام کیا۔اس کے بعد ایک اسلامی بھائی کے گھر مختصر وقت کے لئے قیام کیا جہاں ٹیموں کے درمیان ذہنی آزمائش پروگرام کی تیاری کی اور اس کے بعد شخصیات کے درمیان مدنی حلقہ ہوا جہاں اَلحمدُ لِلّٰہ ! ان کی دینی تربیت کی گئی۔یوں یہ سارا دن دینی سرگرمیوں میں گزرا اور پھر وہ وقت بھی آیا جب پاکستان کے مشہور و معروف دو شہرحیدر آباد اور سرگودھا کے درمیان ذہنی آزمائش کا مقابلہ ہونا تھا۔پروگرام شروع ہوا اور دونوں ٹیمیں اپنی اپنی محنت کے نتیجے میں آخر تک ایک دوسرے کے شانہ بشانہ چلتی رہیں ۔بالآخر فیصلہ کن گھڑی آ گئی ، آخری سوال کا جواب دونوں ٹیموں نے دے دیا تھا اور اب جواب کی درستگی ہی انہیں فتح دلا سکتی تھی۔ فیصلہ سنانے کے لئے دونوں ٹیموں کو منچ پر قریب قریب بلایا گیا تو ناظرین کی تجسس بھری نگاہیں ٹِکٹکی باندھ کر دیکھ رہی تھیں۔ فیصلہ سنادیا گیا اور بازی صرف ایک نمبر سے سرگودھا ٹیم کے حق میں رہی اور منچ پر ذکرُ اللہ کی صدائیں بلند ہو گئیں۔اس موقع پر حیدر آباد والے مدینے کی جدائی میں اشک باری کرنے لگے۔بہرحال یہ ایک مقابلہ تھا جس میں ایک ٹیم پیچھے رہ جاتی ہے اور ایک ٹیم آگے نکل جاتی ہے۔پروگرام کے اختتام پر ہم بابا شاہ یقیق رحمۃُ اللہ علیہ کے مزار شریف پر حاضر ہوئے جن کا نام سیّد اصغر علی شاہ بخاری ہے ، آپ روحانی سرجن کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں کیونکہ مشہور ہے کہ جو بھی مریض بابا شاہ یقیق رحمۃُ اللہ علیہ کے مزار شریف پر آ کر دعا کرتا ہے تو اللہ پاک اپنے اس مقرب بندے کے وسیلے سے مریض کو شفا عطا فرما دیتا ہے۔ مزار شریف پر صلوٰۃ و سلام ہوا اور پھر شاہ یقیق رحمۃُ اللہ علیہ کے وسیلے سے اپنے بیماروں کے لئے دعائے خیر و عافیت بھی مانگی گئی ، یوں ہمارے ذہنی آزمائش پروگرام کے اس سفر کا پہلا اسٹیپ مکمل ہوا۔
15 فروری
12 فروری کے بعد مختلف دینی مصروفیات رہیں اور پھر 15 فروری 2023ء سے ذہنی آزمائش پروگرام کے سفر کے دوسرے مرحلے کے طور پر ایک طویل سفر کا باقاعدہ آغاز ہوا ، دس دن کے ٹائم رینج پر یہ سفر سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں کے لئے تھا جن میں ہم نے ذہنی آزمائش پروگرام کرنا تھا اور ساتھ ہی ساتھ دعوتِ اسلامی کی ترویج و اشاعت کی خاطر دیگر بہت سی دینی سرگرمیاں بھی جاری رکھنی تھیں تاکہ کم وقت میں دین کا زیادہ سے زیادہ کام ہو سکے۔ صبح کے وقت ہم کراچی سے نواب شاہ کے لئے روانہ ہوئے تو ذہنی آزمائش پروگرام کے لئے کوئیز تیار کرنے والے ہمارے ایک اسلامی بھائی نے اصرار کیا کہ آپ تو اپنے جدول پر ہیں اور ٹنڈو آدم رستے میں پڑتا ہے تو لگے ہاتھوں آپ میرا نکاح بھی پڑھا دیں لہٰذا ہم نے ٹنڈو آدم میں قیام کیا اور وہاں تین اسلامی بھائیوں کا نکاح پڑھایا ، پھر منزل کی جانب روانہ ہوئے اور جب رات کو نواب شاہ میں اپنے مقام پر پہنچے تو اتفاقاً وہاں دو جنازے بھی تیار تھے ، ثواب کی نیت سےان جنازوں میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد اَلحمدُ لِلّٰہ ! ذہنی آزمائش پروگرام کا آغاز کیا جو ملتان اور فیصل آباد کی ٹیموں کے درمیان مقابلے پر مشتمل تھا۔ پاکستان کے ان دونوں بڑے شہروں کی ٹیمیں زبردست تیاری کے ساتھ جو ش و خروش میں تھیں ، مگر ہر بار کی طرح دو نوں میں سے کسی ایک ٹیم کو جدا تو ہونا تھا لہٰذا ملتان والے بازی لے گئے اور یوں یہ سلسلہ اپنے اختتام کو پہنچا۔اَلحمدُ لِلّٰہ ! ذہنی آزمائش ایک ایسا منفرد پروگرام ہے جس میں علم کی شمعیں بھی روشن ہوتی ہیں اور عشقِ رسول کے پھول بھی مہکتے ہیں ۔یہ پروگرام ناظرین کو ذہنی طور پر متجسس رکھتا ہے کہ آیا اس سوال کا جواب کیا ہوگا ؟ اور کونسی ٹیم اس علمی مقابلے میں فتح یاب ہو گی۔بہر حال پروگرام کے بعد نواب شاہ میں ایک اور نکاح پڑھایا اور اس کے بعد ایک اسلامی بھائی کے اصرار پر ان کے گھر جاکر خیر و برکت کی دعا بھی کی۔الحمد للہ ! یہ لوگوں کی ہم سے حسنِ عقیدت ہے اور اللہ پاک کی ہم پر عطا بھی کہ لوگ اتنی عزت کرتے ہیں کیونکہ جو اللہ کے کاموں میں لگ جاتا ہے اللہ اس کی عزت و توقیر بڑھا دیتا ہے۔
16 فروری
16 فروری کو دن میں ڈاکٹر حضرات کے درمیان مدنی حلقہ ہوا ، اَلحمدُ لِلّٰہ اس میں بیان کرنے کی سعادت حاصل ہوئی ، بیان میں ترکی اور شام کے دلسوز حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں آخرت کی تیاری کا ذہن دیا اور آخر میں خیر و عافیت کی دعا کی اور سیلاب زدگان کے لئے بھی خصوصی دعا کی ، پھر نواب شاہ سے تقریباً 18 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شہر سکرنڈ میں حاضر ہوئے جو ضلع نواب شاہ کی تحصیل ہےاور کاروباری و زرعی حوالے سے متحرک ہے۔سکرنڈ میں شخصیات کے درمیان مدنی مشورہ ہوا اور انہیں مدنی ذہن دیا۔جدول کچھ اس طرح سے ترتیب دیا گیا تھا کہ ہمیں دوبارہ نواب شاہ آنا پڑا کیونکہ وہاں اسلامی بھائیوں نے مہران یونیورسٹی کالونی میں شخصیات کے اجتماع کا اہتمام کیا تھا ، خیر وہاں سنّتوں بھرا بیان کیا ، فکرِ آخرت کی طرف توجہ دلائی اور انہیں دعوتِ اسلامی کے ماحول سے قریب کیا۔ چونکہ 16 فروری جمعرات کا دن تھا تو مغرب کے بعد دعوتِ اسلامی کا ہفتہ وار سنّتوں بھرااجتماع بھی تھا جس کا اہتمام فیضانِ مدینہ مورو کے نزدیک ایریگیشن گراؤنڈ میں کیا گیا تھا لہٰذا ہم اپنی مصروفیات سے فارغ ہو کر نواب شاہ سے مورو پہنچے ، اجتماع میں شرکت کے لئے کافی تعداد میں لوگ آئے ہوئےتھے ، اَلحمدُ لِلّٰہ ! وہاں سنّتوں بھرے اجتماع میں بیان کرنے کی سعادت حاصل ہوئی اور آخر میں رقّت انگیز دعا بھی ہوئی۔اجتماع سے فارغ ہوئے تو مورو نیشنل ہائی وے روڈ پر الامین ریسٹورنٹ گئے جہاں دعوتِ اسلامی کی مجلس رابطہ برائے شخصیات کے تحت شخصیات کا مختصر سا مدنی حلقہ تھا۔ الحمدُ للہ ! اس مدنی حلقے میں سنّتوں بھرا بیان کیا اور وہیں کی ایک مسجد میں نمازِ عشا باجماعت ادا کرنے کے بعد دن بھر کی شدید تھکاوٹ کے باوجود رات ہی کو اپنی اگلی منزل کی طرف روانہ ہو گئے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* رکنِ شوریٰ و نگرانِ مجلس مدنی چینل
Comments