میرا وزن ایک سال میں 42کلو کیسے کم ہوا ؟
*مولانا آصف خان عطاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جون 2023
مجھے 8جون 2021ء کو مرشدِ کریم ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی بارگاہ میں حاضری کا شرف ملا تو اس سے اگلے ہی دن ان کی طرف سے ایک آڈیو پیغام بھی موصول ہوا جو دراصل میرے حددرجہ بڑھتے ہوئے وزن کے بارے میں امیرِ اہلِ سنّت کی تشویش ، تجویز اور شفقت سے بھرپور تھا :
پیغامِ عطّاؔر السلا م علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ! اللہ پاک آپ کو شفا عطا فرمائے ، تندرستی دے ، عافیت نصیب فرمائے اور کسی بڑی آزمائش میں مبتلا نہ فرمائے ۔ آپ کی جان بڑی قیمتی ہے۔ کل آپ کو عرصے کے بعد دیکھا تو مجھے ایسا لگا کہ وزن بہت بڑھ گیا ہے۔ اب خدا بہتر جانے کہ آپ کوشش بھی کرتے ہیں یا نہیں ؟ خدا نخواستہ اچانک کچھ بھی ہو سکتا ہے ، اللہ پاک حفاظت فرمائے آپ کی بھی ، آپ کے صدقے میری بھی ، ایمان بھی سلامت رہے جان بھی سلامت رہے ، عزت و آبرو بھی محفوظ رہے۔تو بیٹے کچھ وزن کم کرنے کے لئے ترکیب اگر فرمائیں تو آپ کا ہم پر احسان ہو گا۔ کراچی میں آج کل تو ڈائٹ ( خوراک کا فارمولا ) پتا چلا ہے کہ مل جاتا ہے ، شاید گھر پر آکر دے جاتے ہیں اس میں سبزی بھی ہوتی ہے کچھ اوربھی چیزیں ہوتی ہیں ۔ اگر آپ انٹرسٹڈ ہوں تو کچھ اس پر غور کریں یا ویسے اپنے طور پر میں آپ کو اس کا فارمولا وغیرہ پیش کرنے کی کوشش کروں جبکہ آپ سیریس ہوں کہ یہ کرنا ہے تو کرنا ہے۔ اللہ چاہے گا تو ( وزن کم ) ہو جائے گا۔
امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے انتہائی دلنشین انداز میں میرا ذہن بنایا ، میں نے عرض کی کہ آپ مجھے حکم فرمادیجئے میں اس نسخے پر عمل کروں گا اِن شآءَ اللہ۔ امیرِ اہلِ سنّت نے مجھ سے میرا قد اور وزن معلوم کرکے باقاعدہ نسخے پر تحریری کام شروع فرما دیا اور کچھ دنوں کے بعد مجھے 3 صفحات پر مشتمل تفصیلی ڈائیٹ پلان مل گیا۔
نسخے پر عمل کا جوش و خروش نسخہ دیکھ کر دل بہت خوش ہوا ، پورا نسخہ تسلی سے پڑھا اور ضروری چیزوں کی فوراً لسٹ بنائی ، وزن کرنے والی مشین آڈر کی ، نسخے میں لکھی ہوئی حکیمی اشیاء اور مُرَبّے حکیم خلیل عطّاری ( نعت خواں ) سے منگوائے ، اصلی شہد کافی تلاش کے بعد حاصل کیا اور دیگر ضروری چیزیں بھی خرید کر بھرپور تیاری کرلی اور 2 جولائی 2021 کو نسخے پر باقاعدہ عمل شروع کردیا۔
فیضانِ مرشد سے وزن کی کارکردگی فوراً سامنے آئی ، اس نسخے کے مطابق مہینے میں 5 کلو وزن کم ہوسکتاہےلیکن شروع کے دنوں میں وزن کچھ تیزی سے کم ہوگا ، اَلحمدُ لِلّٰہ شروع کے 10 دنوں میں 3 کلو وزن کم ہوا ، پھر آہستہ آہستہ مہینے میں 4 سے 5 کلو وزن کم ہونا شروع ہوگیا ، اَلحمدُ لِلّٰہ چند ہی مہینوں میں وزن کافی کم ہوگیا لیکن میں نے وزن کم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ، اور کم وبیش ایک سال میں کافی وزن کم ہوگیا۔
کامیابی کے سفر میں خواہشات کو پیچھے چھوڑتا گیا میں نے اَلحمدُ لِلّٰہ پوری کوشش کی کہ نسخے کے مطابق سختی سے عمل کرتا رہوں لہٰذا بسکٹ ، برگر ، سینڈویچ ، پکوڑے ، سموسے ، پزا ، سویاں ، آئسکریم اور کولڈڈرنگ وغیرہ بہت سی چیزیں کھانا پینا بالکل چھوڑ دیں جن سے نسخہ میں منع کیا گیا تھا حتی کہ گھر میں لذید ترین چیزیں بنی ہوئی ہوتیں لیکن میں خود پر جبر کرکے کھانے سے گریز کرتا بلکہ میرے لئے علیحدہ سے سبزی ، دال وغیرہ سادہ کھانا بنایا جاتا جسے میں سب کے ساتھ دسترخوان پر بیٹھ کر کھاتا ، اس نسخے میں اگر کسی چیزکا ذکر نہیں تھا اور میرا دل چاہتا کہ وہ کھالوں تو پہلے پوچھ لیا کرتا تھا ، جیسے ایک بارکئی دنوں سے سویاں کھانے کا بہت دل کررہا تھا ، تو میں نے حکیم خلیل عطّاری سے پوچھا کہ کیا میں یہ کھا سکتا ہوں تو انہوں نے کہا کہ یہ میدہ ہے ، آپ نہیں کھا سکتے۔ ایک بار پالک کھانے کو دل کررہا تھا تو میں نے معلومات کروائیں تو جواب ملا کہ آپ کھا سکتے ہیں ، ایک بار چنے کی دال کا پوچھا تو فرمایا کہ مہینے میں ایک بار کھاسکتے ہیں یونہی دیسی گھی استعمال کرنےکا بھی پوچھا ، غرض یہ کہ میں نے بھرپور کوشش کی کہ نسخے کی خلاف ورزی نہ ہو ، ایک بار دن کو کھیر پوری کھالینے کی وجہ سے بدپرہیزی ہوگئی تو میں نے اس رات اِس خوف سے کھانا نہیں کھایاکہ کہیں صبح وزن بڑھا ہوا نہ ہو۔ کیونکہ میں روزانہ صبح اٹھ کر نہانے کے بعد سب سے پہلے اپنا وزن چیک کیا کرتا تھا جس کی وجہ سے وزن کے اعتبارسے پچھلے 24 گھنٹے کی کارکردگی سامنے آجاتی تھی ، اگر وزن پچھلے دن سے کم ہوتا تو ٹھیک ، اور اگر پچھلے دن کے وزن کے برابر یا اس سے زیادہ ہوتا تو اس دن کھانے پینے کے اعتبارسے میں اپنے اوپر زیادہ سختی کیا کرتاتھا جس کے نتیجے میں اگلے روز چیک کرنے پر وزن معمول کے مطابق کم ہوا کرتا تھا۔
پہلے کی مشکلات اور اب کی سہولیات اَلحمدُ لِلّٰہ جب سے وزن نارمل ہوگیا ہے ، اندازِ زندگی ( Lifestyle ) بدل گیا ہے ، پہلی اور اب کی زندگی میں زمین آسمان کا فرق ہوگیاہے ، اب زندگی بہت آسان ہوگئی ہے : * پہلے میرے گھٹنوں میں اور جسم کے مختلف حصوں میں درد ہوتا تھا اب ختم ہوچکا ( گھٹنوں کا درد کم و بیش 15 سال پرانا تھا ) * پہلے سیڑھیاں چڑھنے میں بہت دشواری ہوتی تھی ، اب بالکل بھی مسئلہ نہیں ہوتا * پہلے تھوڑے فاصلے تک چل کر ہی تھک جاتا تھا اور ہانپنے لگتا تھا ، اب بہت زیادہ چل کر بھی غیرمعمولی تھکاوٹ نہیں ہوتی اور ہانپتا تو بالکل نہیں ہوں * پہلے آفس سے گھر پہنچ کر تھکاوٹ کی وجہ سے کوئی کام نہیں کرپاتا تھا بس بیڈ پر ہی پڑا رہتاتھا ، اب گھر پہنچنے کے بعد روزانہ کئی گھنٹے المدینۃ العلمیہ’’شعبہ پیغاماتِ عطار‘‘ کے ایک مرحلہ کا کام فی سبیل اللہ کرتا ہوں * پہلے بغیر سہارے کے 15 منٹ سے زیادہ نہیں بیٹھ سکتا تھا اب کئی گھنٹے بغیر سہارے بیٹھ جاتاہوں * پہلے جسمانی طور پرپریشان تھا ، اب فرحت بخش جسمانی چستی و توانائی محسوس کرتا ہوں بلکہ جسمانی و دماغی قوت میں اچھا خاصا اضافہ ہوگیاہے * پہلے وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے اپنے علاقے پہنچ کر اسٹاپ سے گھر تک رکشے میں جانا پڑتا تھا ، اب بآسانی پیدل جاتا ہوں ( اسٹاپ سے گھر تک تقریباً 15 منٹ پیدل سفر ہے ) * پہلے 2 مرتبہ میری پنڈلی میں اتنا شدید درد ہوا تھا کہ بلامبالغہ 3 سیکنڈ سے زیادہ کھڑا نہیں ہو سکتا تھا ، چلنا تک بہت مشکل ہو گیا تھا ، اگر تھوڑا بھی چلنا ہوتا تو کچھ کچھ دیر کیلئے کہیں بیٹھنا پڑتا ، شدت درد کی وجہ سے بازو پر صبح و شام انجیکشن لگتے ، لیکن درد کو زیادہ آرام نہیں آتا تھا ، اَلحمدُلِلّٰہ نسخے پر عمل کی برکت سے دوبارہ پنڈلی کا درد نہیں ہوا * پہلے اگر میں کچھ دیر کھڑا ہوجاتا تو تھکن اور بے چینی ہوجاتی تھی ، اب اَلحمدُ لِلّٰہ کافی کافی دیر کھڑے ہونے کے باوجود تھکن اور بے چینی کا نام و نشان تک نہیں ہوتا * پہلے بھاگ نہیں سکتا تھا اب اگر خدانخواستہ کبھی کسی ہنگامی صورت حال میں بھاگنا ناگزیر ہو تو اپنے اندر بھاگنے کی سکت بھی پاتا ہوں * ایک بڑی خوش کُن تبدیلی یہ بھی آئی کہ پہلے میں کافی خوش خوراک تھا یعنی ہفتے میں 5 دن میرے کھانے میں قیمہ ، چپلی کباب ، شامی کباب ، چکن کڑاہی ، بیف کڑاہی ، بریانی جیسی کولیسٹرول اور وزن بڑھانے والی غذائیں ہوتی تھیں ، اگر کسی دن سبزی ہوتی تو اس میں بھی اکثر گوشت ہوتا تھا ، کھانے پینے کا کوئی حساب کتاب نہیں تھا ، کھانے کا شوقین ہونے کی وجہ سے تھوڑی سی بھی بھوک لگتی تو کوئی نہ کوئی چیز کھالیا کرتا تھا ، اب کھانے پینے پر زیادہ توجہ نہیں ہوتی ، بلکہ یہ کہنا ٹھیک ہوگا کہ بھوک سے محبت ہوگئی ہے * نسخے پر عمل شروع کرنے سے پہلے میرا وزن تھا 128 کلو100 گرام اور اب میرا وزن ہے 86کلو 100گرام ، یعنی 42 کلو وزن کم ہوچکا ہے ۔اَلحمدُ لِلّٰہ
امیرِ اہلِ سنّت کی توجہ کا صدقہ چونکہ میرا وزن کافی زیادہ تھا اس لئے وزن کم کرنے کے حوالے سے مجھے پہلے اور بھی کئی لوگوں نے کہا تھا ، یہاں تک میرے بچّوں کی ماں ، میری خالہ ، خالو اور قریبی دوستوں ، رشتہ داروں نے بھی کئی مرتبہ کہا کہ آصف خان اپنا وزن کم کرو ، مگر میرے دل پر بالکل بھی اثر نہیں ہوتا تھا۔لیکن جب پیارے مرشدِ کریم نے مجھے فرمایا تو اَلحمدُ لِلّٰہ دل کی حالت فوراً بدل گئی ، پیارے مرشدِ کریم کی خاص توجہ سے استقامت ملی کیونکہ میں عرصۂ کوشش میں وقتاً فوقتاً امیرِ اہلِ سنّت کو وزن کم ہونے کی کارکردگی پیش کرتا رہتا تھا اور آپ ڈھیروں مصروفیات کے باوجود دعاؤں سے نوازتے ، حوصلہ بڑھاتے اور ضرورتاً راہنمائی بھی فرماتے ۔ اس لئے دِلی جذبات یہ ہیں کہ یہ سب میرے مرشدِ کریم کے طفیل ہی ہوا ہے۔ یقیناً اگر امیرِ اہلِ سنّت نے نہ فرمایاہوتا تو شاید اس وقت میں وزن کی وجہ سے انتہائی مشکل میں ہوتا کیونکہ میرا وزن مسلسل بڑھ رہاتھا ، ایک بار میرا وزن کم و بیش 100 کلو تھا ، پھر کچھ عرصے کے بعد 110 کلو ہوگیا ، اس کے کچھ عرصے کے بعد میرا وزن 120 ہوگیا تھا جو بڑھتے بڑھتے 128 سے کراس کر چکا تھا اگر وہ سلسلہ جاری رہتا تو شاید اس وقت میرا وزن 150 کلو سے بھی زیادہ ہوتا۔ لہٰذا امیرِ اہلِ سنّت کی نوازش پر میں تہہ دل سے ان کا شکر گزار ہوں ۔
پیارے مرشد کریم آپ کا بہت بہت بہت شکریہ !
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* نگرانِ مجلس المدینۃ العلمیہ اسلامک ریسرچ سینٹر
Comments