کئی سال پہلے کی بات ہے کہ پنجاب کے شہر گوجرہ میں ایک نوجوان جوتوں کا
کام کرتا تھا، باتوں باتوں میں اس کی اپنے دوستوں کے ساتھ 40 روپے کی شرط لگ گئی
کہ وہ ٹاٹری کھا کر سوڈا واٹر کی بوتل پئے گا،جیسے ہی اس نے ٹاٹری([1])
کھانے کے بعد بوتل پی تو ایک دم زمین پرگِرا اور تڑپ تڑپ کر دم توڑ دیا، اسی شہر کے
ایک اور نوجوان نے نمک کھا کر سوڈا واٹر کی بوتل پینے پر
40 یا 50 روپے کی شرط لگائی اور وہ بھی شرط تو جیت گیا مگر کلیجہ پھٹ جانے کی وجہ
سے زندگی کی بازی ہار گیا۔
پیارے اسلامی
بھائیو! جان لیوا شرطیں لگانے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، لُڈو، کیرم، بلیرڈ، تاش
وغیرہ کی ناجائز و حرام شرطوں میں توانسان مال ہارتا ہے لیکن خطرناک شرطوں میں
اپنی جان بھی ہارجاتا ہے جیسے ٭گہرے اور تیز دریا کو تیر کر پار کرنے کی شرط ٭شیر،
چیتے، ریچھ اور مگرمچھ جیسے خونخوار جانوروں کے قریب جانے، انہیں ہاتھ لگانے ٭خوفناک
ویرانے میں تنہارات گزارنے ٭اونچی بلڈنگوں کے کنارے پر بغیر سہارے کھڑے ہونے ٭پہاڑوں
کی خطرناک چوٹیوں پر پُر خطر انداز سے کھڑے ہونے ٭غیر ہموار ڈھلوان والے بلند پہاڑ
سے بھاگتے ہوئے نیچے اُترنے کی شرط ٭زہریلے سانپ کو ہاتھ میں پکڑنے کی شرط ٭چلتی
گاڑی سے چھلانگ لگانے کی شرط ٭کسی کے سر پر سیب وغیرہ رکھ کر اصل پسٹل کی گولی سے
سیب کو نشانہ بنانے کی شرط ٭گہری آبشاروں میں چھلانگ لگانے ٭خون جمادینے والی سردی
میں گرم لباس کے بغیر برف باری یا ٹھنڈے ٹھار پانی میں بیٹھ جانے ٭تیزرفتار ٹرین
کے سامنے زیادہ دیر تک کھڑے رہنے ٭بغیر بریک لگائے رَش والیسڑکوں پر موٹر سائیکل ریس لگانے ٭زیادہ دیر تک بائیک
کا اگلا پہیہ اُٹھا کر وَن وِیلنگ(One Wheeling) کرنے جیسی خطرناک شرطیں اکثر جان لیوا ثابت ہوتی ہیں، اس
قسم کی شرطوں سے دُور رہنا چاہئے۔عبرت حاصل کرنے کی نیّت سے6 خبریں ملاحظہ کیجئے:
(1)پہلے نہر عبور کرنے کی شرط طالبِ علم کی جان لے گئی گورنمنٹ کالج جہلم (پنجاب،پاکستان)
کے پانچ اسٹوڈنٹس نے گجرات میں اَپرجہلم نہر کو پہلے تیر کر پار کرنے کی شرط
لگائی، اس پر ایک طالبِ علم نے نہر میں چھلانگ لگادی لیکن بقیہ
چار نہر میں نہیں اُترے، جب چھلانگ لگانے والا ڈُوب گیا تو چاروں وہاں سے بھاگ
نکلے۔ (جیو
نیوز ویب سائٹ،28 ستمبر ، 2018 ملخصاً)
(2)ٹرین کے سامنے زیادہ دیر بیٹھنے کی
شرط جان لیوا ثابت ہوئی سوشل میڈیا پر خطرناک ویڈیو دیکھ کر گورنمنٹ سائنس کالج فیصل آباد کے 19 سالہ نوجوان نے اپنے دوستوں کے ساتھ شرط لگائی کہ ٹرین کے آنے پر کون زیادہ دیر تک پٹری(ریلوے لائن)پر
بیٹھتا ہے۔ چنانچہ سب دوست جاکر ریلوے لائن پر بیٹھ گئے۔ جب ٹرین آئی تو سب اپنی
اپنی جان بچانے کے لئے وہاں سے اٹھ گئے لیکن وہ نوجوان وہیں بیٹھا موبائل میں مگن
رہا،اس کے ساتھ موجود دوستوں نے اسے اٹھانے کی بہت کوشش کی مگر ناکام رہے ، ٹرین
اس نوجوان کو بُری طرح کچلتی ہوئی اس کے اوپر سے گزر گئی، یوں وہ نوجوان خطرناک
شرط میں اپنی جان ہار گیا۔(92 نیوز ویب سائٹ،21 نومبر2018)
(3)شرط جیتنے کی کوشش میں نوجوان دریا میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ سے تعلق
رکھنے والا ایک نوجوان شرط جیتنے کی کوشش میں کُنیر پکنک پوائنٹ پر دریائے جہلم میں ڈُوب کر جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق 19سالہ
نوجوان نے دوستوں کی جانب سے دریا پار کرنے پر اسمارٹ فون اور 15 ہزار روپے کی مُبَیّنہ
پیش کش پر پانی میں چھلانگ لگائی، نوجوان دریا میں چھلانگ لگانے کے کچھ ہی دیر بعد
پانی میں غائب ہوگیا اور اسے دریا کی لہریں بہا لے گئیں۔(ڈان اخبار ویب
سائٹ،21 اگست 2017)
(4)شرط لگا کر گھونگا کھانے
والا نوجوان دنیا سے چل بسا سڈنی (آسٹریلیا)
کے نوجوان طالبِ علم نے اپنے ہم جماعتوں کے ساتھ گھونگے (کی
ایک قسم Slug جس کے جسم پر خول نہیں
ہوتا) کو
شرط لگاکر کھا لیا۔ گھونگا کھانے کے بعد طالبِ علم کو کمزوری
محسوس ہونے لگی، والدین نے اس کیفیت کو خطرناک نہ سمجھتے ہوئے نظر انداز کردیا، تاہم
24 گھنٹوں کے دوران طالبِ علم کوما(ایسی حالت جس
میں آدمی بظاہر مُردہ نظرآتاہے) میں چلا گیا
اور ایک سال کوما میں رہنے کے بعد مرگیا۔(ایکسپریس نیوز ویب سائٹ ،6 نومبر
2018)
(5)بیوی سے شرط لگا کر جان کی بازی ہار گیا اوکاڑہ (پنجاب)
میں عید کے دن پکنک منانے کے لئے جانے والے
شوہر نے اپنی
بیوی سے شرط لگائی
کہ میں نہر
میں چھلانگ لگاؤں گا اور تیر کر دوسری طرف جاؤں گا۔ بیوی نے سوشل میڈیا کے
لئےویڈیو بنانا شروع کی اور شوہر نے نہر میں چھلانگ لگائی، کچھ فاصلہ طے کیا اور
پھر منظر سے غائب ہوگیا، پھر اس کی لاش (Dead body) ہی ملی۔(24 نیوز ویب سائٹ،19 جون 2018)
اپنی جان کو ہلاکت پر پیش کرنا جائز نہیں یادرہے! بِلامَصلَحتِ شرعی جان بوجھ کر اپنے آپ کو ہلاکت
پر پیش کرنا گناہ و حرام اور جہنَّم میں لے جانے والا کام ہے۔ پارہ 2سورۃ البقرۃ آیت نمبر 195 میں ارشاد ہوتا ہے:( وَ لَا تُلْقُوْا بِاَیْدِیْكُمْ اِلَى التَّهْلُكَةِ ﳝ- ) تَرجَمۂ کنز الایمان: اور اپنے ہاتھوں ہلاکت میں نہ پڑو۔
اچّھوں کی صحبت میں رہیں انسان کے کردار پر جو چیزیں اثر انداز ہوتی ہیں ان میں سے صحبت(Company) بھی ہے، انسان اگر کاروباری لوگوں کے ساتھ اٹھے بیٹھے گا تو
وہ کاروبار کے بارے میں زیادہ سوچنا شروع کردے گا، کھلاڑیوں کے ساتھ رہے گا تو
کھیلوں کا شوقین بنے گا، عبادت گزار پرہیز گار لوگوں میں بیٹھے گا تو اس کی زندگی
بھی انہی کے رنگ میں رنگ جائے گی، صحبت کے اثرات کو نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے یوں بیان فرمایا
ہے:
اچّھے اور بُرے مصاحب (ساتھی)
کی مثال، مُشک اُٹھانے والے اور بھٹی جھونکنے والے کی طرح ہے، کستوری اٹھانے والا
تمہیں تحفہ دے گا یا تم اس سے خریدو گے یا تمہیں اس سے عمدہ خوشبو آئے گی، جبکہ
بھٹی جھونکنے والا یا تمہارے کپڑے جلائے گا یا تمہیں اس سے ناگوار بُو آئے گی۔(مسلم،ص1084،حدیث:6692)
نوجوان اسلامی
بھائیو! ہمیں چاہئے کہ کوئی بھی کام کرنے سے پہلے اس کے انجام پر غور کرلیں، خاص
کرحد سے زیادہ خوداعتمادی (Over
Confidence) کا شکار ہوکر خطرناک کاموں
کے حوالے سے کسی کے چکر میں نہ آئیں۔ ربِّ کریم ہمیں نیک اور پرہیزگار بننے کی
توفیق عطا فرمائے۔اے کاش!ہمیں نیکیوں میں ایک دُوسرے کامقابلہ کرنے کی مدنی سوچ
نصیب ہو جائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن
صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
مسلمان کی قبر کا ادب
ارشادِ اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ:قبرِ
مسلم کا ادب واجب ہے اُس پر استنجا کرنا حرام ہے اُس پر اُگال(چباکر
منہ سے نکالی یا تھوکی ہوئی چیز) یا دھووَن(یعنی وہ
پانی جس میں کوئی چیز دھوئی گئی ہو اسے) ڈالنا
توہین ہے، اس پر بلاضرورت و مجبوری شرعی پاؤں رکھنا ناجائز ہے، نہ کہ معاذاﷲ اس پر
جوتا پہنے چڑھنا۔(فتاوی رضویہ،ج16،ص568)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭…مدرس مرکزی جامعۃ المدینہ ،عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ
باب المدینہ کراچی
[1]۔۔۔ نمک کی شکل کا ایک قسم کابہت ترش (کھٹا) ایسڈ جو پانی میں
حل ہوجاتا ہے، ادویات مشروبات اور مٹھائی وغیرہ میں استعمال ہوتا ہے۔
Comments