اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے!
دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
* مولانا محمد عمرفیاض عطّاری مدنی
ماہنامہ نومبر 2021
بِن قاسم باغ میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں تقریب
مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت
دعوتِ اسلامی کے فلاحی شعبے FGRFکے تحت پاکستان بھر کی طرح کراچی میں بھی شجرکاری مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں کلفٹن کراچی کے بِن قاسم باغ میں بھی تقریب منعقد کی گئی جس میں دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن اور کراچی ریجن کے نگران حاجی امین عطّاری نے شُرکا کو دعوتِ اسلامی کی شجرکاری مہم سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ تقریب میں شریک ہونے والی شخصیات نے دعوتِ اسلامی کی اس کاوش کو سراہا نیزسندھ حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایاگیا۔ اس کے بعد پودے لگانے کا سلسلہ ہوا۔ واضح رہے کہ FGRF کے تحت14 اگست 2021ء سے مُون سُون سیزن کے دوران “ پودا لگانا ہے ، درخت بنانا ہے “ کی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔ مہم کے دوران ملک بھر میں 20 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ اسی مہم کے تحت صرف کراچی کے بن قاسم باغ میں 7 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔
میاوا کی اربن فاریسٹ پلانٹیشن کا بڑا منصوبہ
کراچی میں ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لئے دعوتِ اسلامی کا بڑا منصوبہ
کراچی میں ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے دعوتِ اسلامی نے ایک انقلابی قدم اٹھانے کا عزم کیا ہے۔ بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی (Pollution) کو قابو کرنے کیلئے دعوتِ اسلامی کا فلاحی ادارہ FGRF کراچی میں300 سے زائد جگہوں پر چھوٹے چھوٹے مصنوعی جنگل بنائے گا جسے میاواکی اربن فاریسٹ پلانٹیشن کہا جاتا ہے۔ پہلا اربن فاریسٹ کراچی کی مشہور ترین شاہراہ شارعِ فیصل پر بنادیا گیا ہے۔ اربن فاریسٹ ایک جنگل ہوتا ہے جو شہر کے اندر چھوٹی سی جگہ پر بنادیا جاتا ہے ، اس میں مختلف سائز کے پودے بہت قریب قریب لگائے جاتے ہیں تاکہ وہ پودے آس پاس کی کاربن ڈائی آکسائیڈکو اپنے اندر جذب کرکے فضا کو صاف ستھرا بناسکیں۔ اِن شآءَ اللہ اربن فاریسٹ منصوبے کی تکمیل سے کراچی میں ماحولیاتی آلودگی کافی حد تک کم ہو جائے گی ، کراچی کے بعد پورے پاکستان میں FGRF کی جانب سے میاواکی اربن فاریسٹ بنائے جائیں گے تاکہ ہمارا وطن سرسبز و شاداب ہوسکے۔ ایک میاواکی اربن فاریسٹ بننے میں تقریباً 2لاکھ 50ہزار کی لاگت آرہی ہے جبکہ دعوتِ اسلامی نے صرف کراچی میں300 اور پاکستان بھر میں ہزاروں اربن فاریسٹ بنانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ عاشقانِ رسول سے مدنی التجا ہے کہ اس صدقۂ جاریہ میں بڑھ چڑھ کر دعوتِ اسلامی کا ساتھ دیں اور ڈھیروں ثواب کے حقدار بنیں۔
جناح ہال کوئٹہ میں اسلامک ورکشاپ
مفتی علی اصغر عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی کا خصوصی بیان
دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام09اگست2021ءبروز پیر جناح ہال میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ میں اسلامک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا آغاز دوپہر 02 : 00بجے ہوا جس میں شرکت کےلئے کوئٹہ اور اس کے مضافات سے شخصیات سمیت سینکڑوں عاشقانِ رسول نے جناح ہال میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا رخ کیا۔
مفتی علی اصغر عطّاری مدنی نے قراٰن و سنّت کی روشنی میں زندگی کو کامیاب بنانے کے اصولوں پر روشنی ڈالی اورحاضرین کو ان سنہری اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کی ترغیب دلائی۔
UK میں شعبہ تعلیم کے تحت دینی پروگرام کا انعقاد
ایسٹن یونیورسٹی برمنگھم میں “ The Power of Words “ کے عنوان سے پروگرام کا انعقاد
برمنگھم UK میں قائم ایسٹن یونیورسٹی میں دعوتِ اسلامی کے شعبۂ تعلیم کے تحت “ The Power of Words “ کے عنوان سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس اور دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ پروگرام میں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے مختلف موضوعات بالخصوص اخلاقیات کے حوالے سے شُرکا کی راہنمائی فرمائی اور دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ ہوکر دین کی خدمت کرنے کا ذہن دیا ، اس موقع پر شُرکا نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز ، کراچی
Comments