تعزیت و عیادت
ماہنامہ نومبر 2021
حضرت علّامہ مفتی سیّد محفوظُ الحق قادری کے انتقال پر تعزیت
نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن
سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ
مجھے یہ افسوس ناک خبر ملی کہ پروفیسر پیر سیّد انوارُالحق قادری شاہ صاحب ، حضرت علّامہ مولانا سیّد محمودُالحق قادری شاہ صاحب ، سیّد اظہارُالحق قادری شاہ صاحب اور سیّد طاہرُ الحق قادری شاہ صاحب کے والدِ گرامی جامعُ المعقول و المنقول ، خلیفۂ قطبِ مدینہ ، مترجمِ کُتُبِ کثیرہ ، حضرت علّامہ مولانا مفتی پیر سیّد محفوظُ الحق قادری شاہ صاحب مختصر علالت کے بعد 27 محرّم شریف 1443 سِنِ ہجری مطابق 4ستمبر 2021ء کو بورے والا پنجاب میں وصال فرما گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن!
میں تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں اور صبر و ہمت سے کام لینے کی تلقین۔ یاربَّ المصطفےٰ جَلَّ جَلَالُہ و صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! حضرت علّامہ مولانا مفتی پیر سیّد محفوظُ الحق قادری شاہ صاحب کو غریقِ رحمت فرما ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن!انہیں اپنے جوارِ رحمت میں جگہ نصیب فرما ، ا ے اللہ پاک!ان کی قبر جنّت کا باغ بنے ، رحمت کے پھولوں سے ڈھکے ، تاحدِ نظر وسیع بنے۔ یااللہ پاک! قبر کی گھبراہٹ ، وحشت اور تنگی دور فرما ، مولائے کریم! نورِ مصطفےٰ کے صدقے ان کی قبر تاقیامت جگمگاتی رہے ، روشن رہے ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! مرحوم کی بے حساب مغفرت فرماکر انہیں جنّتُ الفردوس میں اپنے پیارے پیارے آخری نبی ، مکّی مدنی ، محمدِ عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس نصیب فرما ، مولائے کریم! تمام سوگواروں کو صبرِجمیل اور صبرِ جمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما ، یااللہ پاک! میرے پاس جو کچھ ٹُوٹے پُھوٹے اعمال ہیں اپنے کرم کے شایانِ شان ان کا اجر عطا فرما ، یہ سارا اجر و ثواب جنابِ رسالتِ مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عطا فرما ، بوسیلۂ خاتمُ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یہ سارا ثواب حضرت علامہ مولانا مفتی پیر سیّد محفوظُ الحق قادری شاہ صاحب سمیت ساری امّت کو عنایت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
حضرت امام اِبنِ جوزی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں : “ جو یہ چاہتا ہے کہ دنیا سے جانے کے بعد بھی اس کے اعمال کا سلسلہ ختم نہ ہو تو اسے چاہئے کہ زیادہ سے زیادہ علمِ دین کو عام کرے۔ “ (التذکرۃ فی الوعظ ، ص55)
بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔
حضرت علّامہ مولانا مفتی بدرُالقادری کے انتقال پر تعزیت
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے دورانِ مدنی مذاکرہ فرمایا : خلیفۂ حُضور مفتیِ اعظم ہند ، محسنِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا مفتی بدرُالقادری صاحب پہلی صفرالمظفر 1443ھ مطابق 9ستمبر2021ء بروز جمعرات ، ہالینڈ میں انتقال فرما گئے۔ اِنَّا لِلہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔
یہ دعوتِ اسلامی سے بڑی محبت فرماتے تھے ، اللہ پاک ان کی خدماتِ دعوتِ اسلامی اور دیگر دینی و ملی خدمات قبول فرمائے۔
میں ان کے صاحبزادے محیُ الدین حسنین قادری ، ان کی بیٹیوں ، ان کے مریدین ، محبین ، متوسلین سمیت تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں۔ یا اللہ پاک! پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا واسطہ حضرت مولانا مفتی بدرُ القادری کو غریقِ رحمت فرما ، اے اللہ پاک! ان کے درجے بلند فرما ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! ان کی قبر جنّت کا باغ بنے ، رحمت کے پھولوں سے ڈھکے ، تا حشر نورِ مصطفےٰ کے صدقے جگمگاتی رہے ، پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے جلووں سے ان کی قبر آباد ہو ، مولائے کریم! جنّتُ الفردوس میں انہیں اپنے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس نصیب فرما ، مولائے کریم! ان کے تمام سوگواروں کو صبرِ جمیل اور صبرِ جمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما ، یااللہ پاک! میرے پاس جو کچھ ٹوٹے پھوٹے اعمال ہیں اپنے کرم کے شایانِ شان ان کا اجر عطا فرما ، یہ سارا اجر و ثواب جنابِ رسالتِ مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عطا فرما ، بوسیلۂ خاتمُ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یہ سارا ثواب حضرت علّامہ مولانا مفتی بدرُ القادری رحمۃُ اللہِ علیہ سمیت ساری امّت کو عنایت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
مختلف پیغاماتِ عطّاؔر
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اگست2021ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے شعبہ “ پیغاماتِ عطّاؔر “ کے ذریعے تقریباً 2ہزار163 پیغامات جاری فرمائے جن میں 448 تعزیت کے ، 1ہزار500 عیادت کے جبکہ 215 دیگر پیغامات تھے ، تعزیت والوں میں سے چند کے نام یہ ہیں :
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے (1)حضرت مولانا مختار احمد قادری صاحب(جلال پور جٹاں ، ضلع گجرات ، پنجاب) [1] (2)حضرت علّامہ مولانا مفتی امین احمد نقشبندی صاحب (بہاولپور) [2] (3)مہتمم مدرسہ انوارِ مصطفےٰ میرپور برڑو ، حضرت مولانا الحاج پیارل بُرڑَو صاحب (میرپور برڑو ، جیکب آباد) [3] (4)حضرت مولانا ثناءُ اللہ فاروقی نقشبندی صاحب (جوہر آباد ، خوشاب)[4] (5)استاذُ العُلماء حضرت مفتی رمضان نقشبندی جماعتی صاحب (کہروڑ پکا ، ضلع لودھراں ، پنجاب) [5] (6)حضرت علّامہ مولانا عثمان برکاتی صاحب (کراچی) سمیت 448 عاشقانِ رسول کے انتقال پر ان کے سوگواروں سے تعزیت کی اور مرحومین کے لئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔ نیز امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے 1ہزار 500 بیماروں اور دُکھیاروں کے لئے دُعائے صحت و عافیت بھی فرمائی۔
[1] تاریخِ وفات : 27ذُوالحجۃِ الحرام1442ھ مطابق7اگست2021ء
[2] تاریخِ وفات : 4محرم شریف1443ھ مطابق13اگست 2021ء
[3] تاریخِ وفات : 10محرم شریف1443ھ مطابق19اگست 2021ء
[4] تاریخِ وفات : 11محرم شریف1443ھ مطابق20اگست 2021ء
[5] تاریخِ وفات : 16محرم شریف1443ھ مطابق25اگست 2021ء
Comments