بزرگانِ دین کے مبارک فرامین
* مولانا ابو الحسنین عطاری مدنی
ماہنامہ جون 2021
باتوں سے خوشبو آئے
اولاد کی شادی جلدی کرو
جب تمہاری اولاد بالغ ہوجائے تو ان کا نکاح کردو اور ان کے گناہوں کا بوجھ اپنے کندھوں پر مت اٹھاؤ۔
(ارشادِ حضرت سیّدُنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ )(مناقب امیر المؤمنین عمر بن خطاب ، ص199)
دل کی صفائی کا طریقہ
اس بات کو جان لو کہ دل صاف نہیں رہتے بلکہ انہیں زنگ لگ جاتا اور ان کی صفائی کی ضرورت پڑتی ہے اور دلوں کی صفائی علمِ دین پر مشتمل کتابوں کا مطالعہ کرنے سے بھی ہوتی ہے۔ (ارشادِ حضرت سیّدُنا امام عبدالرحمٰن بن جوزی رحمۃ اللہ علیہ )(تلبیس ابلیس ، ص398)
اچھے دوست کی تلاش
اپنے لئے اچھے دوست تلاش کرو اور جب ایسا دوست مل جائے جو آخرت کے معاملے میں تمہارا مددگار ہو تو اس کے ساتھ اپنی دوستی کو خوب مضبوط کرلو۔ (ارشادِ حضرت سیّدُنا بشر حافی رحمۃ اللہ علیہ )(حسن التنبہ ، 2 / 475)
احمد رضا کا تازہ گلستاں ہے آج بھی
عاق کون؟
شرع میں عُقُوق “ ناحق نافرمانیِ والدین “ کوکہتے ہیں کہ یہ کارِ اولاد (یعنی اولاد کا کام) ہے۔ جو شخص اپنے ماں باپ کاحکم بےعذرِ شرعی نہ مانے گا یا مَعاذَ اللہ انہیں آزار (یعنی تکلیف) پہنچائے گا وہی عاق ہے اگرچہ والدین اسے عاق نہ کریں بلکہ اپنی فرطِ محبت سے دل میں ناراض بھی نہ ہوں ، مگر کوئی شخص عاق ہونے کے سبب ترکہ (یعنی اپنے والدین کی میراث) سے محروم نہیں ہوسکتا ، اور جو فرمانبرداریِ والدین میں مصروف رہے اور وہ بے وجہ اس سے ناراض رہیں یا بحکم : لَاطَاعَۃَ لِاَحَدٍ فِیْ مَعْصِیَۃِ اللہِ تَعَالٰی (یعنی اﷲ پاک کی نافرمانی کے معاملے میں کسی کی اطاعت نہیں کی جائے گی) کسی مخالفِ شرع بات میں ان کا کہا نہ مانے اور وہ اس سبب سے ناخوش ہوں تو ہرگز عاق نہیں۔ (فتاویٰ رضویہ ، 26 / 85)
قابلِ قدر مال و دولت
بے شک خدا کے نزدیک تعدادِ زَرْ وسِیْم محض بے وُقعت (یعنی اللہ پاک کے یہاں مال و دولت کی مقدار (Quantity) کی کوئی حیثیت نہیں) ، مال وہ ہے جو اس کی راہ میں صَرف (یعنی اللہ پاک کی راہ میں خرچ) اور اس کے حبیب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وسلَّم کے قدموں پر نثار ہو ورنہ مال نہیں سوءِ مآل (یعنی بُرا انجام) ہے۔ (مطلع القمرین ، ص181)
عطّار کا چمن کتنا پیارا چمن!
قبر کی یاد
نئے گھر میں شفٹ ہوتے وقت قبر میں ہونے والی شفٹنگ کو یاد کیجئے۔
(مدنی مذاکرہ : 20ذوالقعدۃ الحرام 1441ھ ، 11جُولائی2020ء)
اچھا کون ہے؟
اچھا وہ ہے جس سے رب راضی رہے اور ایمان و عافیت کے ساتھ دُنیا سے رُخصت ہو اور جنّت میں داخل ہوجائے۔ (مدنی مذاکرہ : 13ذوالقعدۃ الحرام 1441ھ ، 4جُولائی2020ء)
جس کا کھانا اُسی کا گانا
اے دعوتِ اسلامی سے آخرت کی بھلائیاں جمع کرنے والو! دعوتِ اسلامی سے کبھی بے وفائی مت کرنا ، یہ اُصول یاد رکھنا “ جس کا کھانا اُسی کا گانا “ ۔ (مدنی مذاکرہ : 25صفر المظفر 1442ھ ، 12 اکتوبر 2020ء)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ ، کراچی
Comments