قومِ عاد کی نافرمانیاں

قومِ عاد کی نافرمانیاں

بنتِ کریم عطّاریہ مَدَنیہ ( مُدرِّسہ جامعۃُ المدینہ خوشبوئے عطّار ، واہ کینٹ)

ماہنامہ جون 2021

قراٰنِ پاک میں اللہ پاک نے جن موضوعات کو بیان فرمایا ہے ان میں سے ایک گزشتہ امتوں کے واقعات بھی ہیں ، ان واقعات کو بیان کرنے کا مقصد یہ ہے کہ لوگ ان قوموں کے انجام سے عبرت حاصل کریں اور ان نافرمانیوں سے خود کو بچائیں جن کی وجہ سے وہ قومیں دنیا میں ذلت و رُسوائی کا شکار ہوئیں ، انہی قوموں میں سے ایک “ قومِ عاد “ بھی ہے ، قومِ عاد مقامِ اَحقاف میں رہتی تھی ، یہ لوگ اپنے مُورِثِ اعلیٰ عاد کے نام سے پکارے جاتے تھے ، اللہ پاک نےان کی طرف حضرت ہُود  علیہ السّلام  کو بھیجا لیکن یہ قوم اپنی نافرمانیوں سے باز نہ آئی ، تو اللہ پاک نے تیز آندھی کی صورت میں ان پر اپنا عذاب نازِل فرمایا ، چنانچہ قراٰنِ کریم میں ہے : تَرجمۂ کنزُالایمان : “ اور رہے عاد وہ ہلاک کئے گئے نہایت سخت گرجتی آندھی سے۔ وہ ان پر قوت سے لگادی سات راتیں اور آٹھ دن لگاتار تو ان لوگوں کو ان میں دیکھو پچھڑے ہوئے گویا وہ کھجور کے ڈنڈ ہیں گرے ہوئے۔ تو تم ان میں کسی کو بچا ہوا دیکھتے ہو۔ “ [1]

قومِ عاد کی جن نافرمانیوں کا ذِکْرقراٰنِ پاک میں ہے ان میں سے چند یہ ہیں : *کُفر و شِرک اور بُتوں کی پُوجا [2]*اللہ کے رسولوں کو جھٹلانا[3] *سَرِ راہ بلند عمارتیں بنانا ، وہاں بیٹھ کر راہ گیروں کو پریشان کرنا ، ان کا مذاق اڑانا[4] *لمبی زندگی کی اُمید پر مضبوط محل بنانا[5] *بے دردی کے ساتھ مار دھاڑ کرنا[6] *طاقت و قوت پر تکبر کرنا [7]*انبیائے کرام کی اطاعت و اتباع سے روکنا[8] *اور نصیحتوں پر ہَٹ دھرمی کا مظاہرہ کرنا۔ [9]

افسوس! آج یہ بُرائیاں ہمارے معاشرے میں بھی تیزی سے پھیلتی جارہی ہیں۔ طاقت و قوت پر گھمنڈ ، طاقتور کا کمزوروں کو دبانا ، احترامِ مسلم کو پامال کرتے ہوئے مسلمانوں ، مسافروں ، راستے میں آتے جاتے لوگوں کو اذیت دینا ، دوسروں کا مذاق اڑانا ، نیکی و اطاعت کی راہ پر چلنے والوں کو طرح طرح کے حیلے بہانوں سے روکنا ، سنّتوں پر عمل کرنے والوں کو اپنی بےجا تنقید کا نشانہ بنانا ، اپنی موت کو بھول کر لمبی لمبی امیدیں لگائے دنیا کی لذتوں میں بدمست رہنا ، کوئی سمجھائے تو اُلٹا اسی پر بَرس پڑنا۔ یہ سب ہمارے معاشرے میں عام ہے ، گویا ہمارا حال تو یہ ہوچکا ہے :

دن لَہو میں کھونا تجھے ، شب صبح تک سونا تجھے

شرمِ نبی خوفِ خدا یہ بھی نہیں وہ بھی نہیں

خُدارا! قومِ عاد کے اس عبرتناک انجام سے خود کو ڈرائیے ، ان بُرائیوں سے خود کو بچائیے ورنہ یاد رکھیں! اللہ کا عذاب بڑا سخت ہے۔ نَعُوذُبِاللہِ مِنْ ذٰلِک!

کر لے توبہ رب کی رحمت ہے بڑی

قبر میں ورنہ سزا ہوگی کڑی



[1] پ29 ، الحاقۃ : 6 ، 7

[2] پ8 ، الاعراف : 70

[3] پ19 ، الشعراء : 123

[4] پ19 ، الشعراء : 128

[5] پ19 ، الشعراء : 129

[6] پ19 ، الشعراء : 130

[7] پ26 ، حم السجدۃ : 15

[8] پ18 ، المؤمنون : 33 ، 34

[9] پ19 ، الشعراء : 138 ، 136


Share