حالات بدلنےکےلئےپہلےخودکوبدلئے

فریاد

حالات بدلنےکےلئےپہلےخودکوبدلئے

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطّاری

ماہنامہ جون 2021

ایک شخص نے نیا بزنس شروع کیا ، شروع میں تو اس کا بزنس بہت اچھا چلتا رہا مگر کچھ عرصے کےبعدادھار کے لین دَین میں اسے پریشانی کا سامنا شروع ہوگیا کیونکہ ادھار واپس کرنے والوں کی اکثریت نے حیلے بہانے کرنے شروع کردئیے تھے ، جس کی وجہ سے اس کا بزنس ٹَھپ ہونا شروع ہوگیا۔ اس دوران وہ کاروباری نقصانات کی دیگر وجوہات کے بارے میں تو سوچتا رہا مگر حقوقُ اللہ میں کوتاہی کی طرف اس نے توجہ نہ کی ، ایک دن ایک کتاب پڑھتے ہوئے اس کی نظر کچھ اس طرح کی تحریر پر پڑی کہ “ تم اپنے رب سے التجا کرتے ہو کہ تمہارا رب تمہارے حالات تمہاری چاہت کے مطابق بہتر کردے ، تو جہاں تم یہ چاہتے ہو تو کبھی تم نے یہ سوچا کہ تمہارا رب تم سے کیا چاہتا ہے؟ کیا تم وہ کررہے ہو جوتم سے تمہارے رب نے فرمایا ہے؟ “ اس بات کوپڑھ کراس بزنس مین کو خیال آیا کہ ہو نہ ہو یہ کتاب ، یہ صفحہ اور یہ تحریر میرے لئے کوئی غیبی چیز اور ہدایت کا کوئی پیغام ہے۔ بالآخر اس نے اپنے رب کی بارگاہ میں سچی توبہ کی اور آئندہ اپنے رب کی نافرمانی نہ کرنے کا عہد کیا ، پھر اپنے رب سے اپنے حالات کی بہتری کی دُعا کی۔ اللہ پاک کے کرم سے تھوڑے ہی عرصے بعد اس کے حالات بہتر ہونا شروع ہوگئے اور اُدھار کی وصولیاں ہونا شروع ہوگئیں کیونکہ اس نے خود کو اس رَبّ کے حکم کے مطابق بدل لیا تھا جو دِلوں کو پھیرنے والا ہے۔

اے عاشقانِ رسول! جب انسان اپنے حالات کے بدلنے کی تڑپ اور طلب رکھتا ہے تو اس کے لئے پہلے وہ خود کو کیوں نہیں بدلتا؟ یقین مانیئے کہ انسان اگر خود کو اللہ کریم کے دیئے ہوئے احکامات کے مطابق بدل لے اور احكامِ اِلٰہیہ پر عمل کرتے ہوئے حقوقُ اللہ کی ادائیگی کرے تو اللہ کریم بہت رحم و کرم فرمانے والا ہے ، اور جب اللہ ربُّ العزّت اپنی رحمت کا نزول فرمائے گا تو بھلا کہاں کی پریشانیاں اور کہاں کی آزمائشیں! قراٰنِ کریم میں فرمانِ ربِّ رحیم ہے :

( وَ اَطِیْعُوا اللّٰهَ وَ الرَّسُوْلَ لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُوْنَۚ(۱۳۲)) ترجمۂ کنزُ الایمان : اور اللہ و رسول کے فرمانبردار رہو اس امید پر کہ تم رحم کئے جاؤ۔ (پ4 ، اٰل عمرٰن : 132)  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

آج ہم شب و روز جن آزمائشوں اور پریشانیوں کا شکار ہوکر اپنے رب سے دعا کر رہے ہوتے اوراس سے اپنی مرادیں مانگ رہے ہوتے ہیں تو ہم ذرا غور بھی تو کریں کہ اس ربِّ کریم کے کتنے فرامین اور احکامات پر ہم نے عمل کیا؟ اعلیٰ حضرت امام اہلِ سنّت شاہ امام احمد رضا خان  رحمۃُ اللہِ علیہ  نے اس حوالے سے ہم جیسوں کو جو سمجھایا ہے اسے آسان کرکے عرض کرنے کی کوشش کرتا ہوں :

ذرا اپنے گَریبان میں جھانکو! اگر تُمہارا کوئی دوست تم سے ہزار بار کچھ کام اپنے کہے اور تُم اُس کا ایک کام نہ کرو تو اپنا کام اُس سے کہتے ہوئے اَوّلاً  تو خود ہی ہچکچاؤ گے اور شرماؤ گے کہ میں نے تو اُس کا کہنا مانا ہی نہیں اب کِس مُنہ سے اُس سے کام کو کہوں؟ اور اگر بےمُروَّت ہوکر کہہ ہی دیا اور اس نے نہ کیا تو بھی اعتراض اور شکایت کرنا مناسب نہ سمجھو گے اور خود ہی سوچو گے کہ جب ہم نے کبھی اس کی بات نہیں مانی تو اس کے نہ ماننے پر شکایت کیسے کریں۔ اب سوچو کہ دونوں جہاں کے پالنے والے ربُّ العالمین کے کتنے احکام پر تم عمل کرتے ہو؟ اس کے احکام پر عمل نہ کرنا اور اپنی مرادیں ہر صورت پوری ہونے کی خواہش رکھنا کیسی بےحیائی ہے!(فضائل دعا ، ص101ملخصاً)

واقعی ہم اپنی حالت کو دیکھ لیں کہ نماز ہم سے پڑھی جاتی ہے یا نہیں؟ فرض روزے ہم سے رکھے جاتے ہیں یا نہیں؟ زکوٰۃ واجب ہونے کے باوجود ہم پوری ادا کرتے ہیں یا نہیں؟ قربانی لازم ہونے کے باوجود ہم کرتے ہیں یا نہیں؟ سچ ہم بولتے ہیں یا نہیں؟ جھوٹ ہم سے چھوٹا یا نہیں؟ بدگمانی ہم نے چھوڑی یا نہیں؟ گانے باجوں فلموں ڈراموں اور بدنگاہی سے ہم دور ہیں یا نہیں؟ احکامِ اسلام پر عمل اور حقوقُ اللہ کی ادائیگی میں ہماری کیفیت کیا ہے؟ پچھلے زمانے کے لوگ حقوقُ اللہ کی ادائیگی اور ان میں بھی بالخصوص نماز کا کس قدر اہتمام کرتے تھے اس کی ایک جھلک ملاحظہ کیجئے : حجۃُ الْاِسلام حضرت سیِّدُنا امام ابو حامد محمدبن محمد غزالی  رحمۃُ اللہِ علیہ  لکھتے ہیں : (اسلاف میں ایسے نیک لوگ تھے کہ) اُن میں سے جو لوہار ہوتا تھا وہ اگر ضَرب (یعنی چوٹ) لگانے کے لئے ہتھوڑا اُوپر اٹھائے ہوئے ہوتا اور اِسی حالت میں اذان کی آواز سنتا تو اب ہتھوڑا لوہے وغیرہ پر مارنے کے بجا ئے فوراً رکھ دیتا نیز اگر موچی یعنی چمڑا سینے والا سُوئی چمڑے میں ڈالے ہوئے ہوتا اور جُوں ہی اذان کی آواز اُس کے کانوں میں پڑتی تو سُوئی کو باہَر نکالے بِغیر چمڑا اور سُوئی وَہیں چھوڑ کر بِلاتا خیر مسجِدکی طرف چل پڑتا۔ یعنی اُٹھے ہوئے ہتھوڑے کی ایک ضَرب لگا دینا یاسُوئی کو دوسری طرف نکالنا بھی اُن کے نزدیک تاخیر میں شامل تھا حالانکہ اِ س میں وَقت ہی کتنا لگتا ہے! (کیمیائے سعادت ، 1 / 339)

اےعاشقانِ رسول!ہم تو آئے دن مشکلات کے بَھنْوَر میں پھنسے اور پریشانیوں کے جالوں میں گرفتار رہتے ہیں ، اللہ پاک کے سوا کون ہے جو ہمیں مشکل اور پریشانی سے آسانی کی طرف لائے گا ، تکلیف سے راحت کی طرف لائےگا ، وہ کریم رب فرماتا ہے : ( ادْعُوْنِیْۤ اَسْتَجِبْ لَكُمْؕ- ) ترجمۂ کنزُ الایمان : مجھ سے دعا کرو میں قبول کروں گا۔ (پ24 ، المؤمن : 60)  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)  مگراس کے لئے ہمیں اس راستے کو بھی اختیار کرنا پڑے گا کہ جس سے ہماری دعائیں قبول ہوں اور ہمارے حالات بہتر ہوں۔

میری تمام عاشقانِ رسول سے فریاد ہے! ہمارے گھریلو ، کاروباری ، جسمانی ، روحانی اور دیگر معاملات بہتر کرنے والی ذات اللہ پاک ہی کی ہے ، لہٰذا اپنے حالات کی بہتری کے لئے ، رب کی رحمت اور اس کے کرم کو پانے کے لئے ، اپنی دعاؤں کی قبولیت کے لئے ہمیں تقویٰ اور پرہیزگاری کو اختیار کرنا ہوگا ، گناہوں کے راستے کو چھوڑکر نیکی کی راہ کو اپنانا ہوگا کہ (اِنَّ رَحْمَتَ اللّٰهِ قَرِیْبٌ مِّنَ الْمُحْسِنِیْنَ(۵۶))ترجمۂ کنز ُالایمان : بےشک اللہ کی رحمت نیکوں سے قریب ہے۔ (پ8 ، الاعراف : 56)  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

اللہ پاک ہمیں اپنے حالات کی بہتری کے لئے خود کو بہتر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین


Share