دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے!

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

* مولانا عمر فیاض عطّاری مدنی

ماہنامہ جون 2021

حیدر آباد کے قریب ایک گاؤں میں 9 افراد کا قبولِ اسلام

مبلغِ دعوتِ اسلامی نےکلمہ پڑھاکردائرۂ اسلام میں داخل کیا

عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی مسلمانوں کو دینِ اسلام کے احکامات سے روشناس کرانے اور ان کی اصلاح کے لئے اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں میں بھی دینِ اسلام کا پیغام پہنچا رہی ہے ، یہی وجہ ہےکہ اب تک کثیر غیر مسلم مبلغینِ دعوتِ اسلامی کی انفرادی کوششوں کی بدولت دائرۂ اسلام میں داخل ہو کر سنّتوں کی بہاریں لوٹ رہے ہیں۔ ایسا ہی ایمان افروز واقعہ صوبہ سندھ کے شہر حیدر آباد سے تقریباً 22 کلو میٹر دور ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں ایک غیر مسلم خاندان نے دینِ اسلام کی روشن تعلیمات سے متأثر ہوکر مبلغِ دعوتِ اسلامی کے ہاتھ پر اسلام قبول کرلیا۔ اسلام قبول کرنے والوں میں چار خواتین اور پانچ مرد شامل ہیں۔

 

کراچی کے مختلف علاقوں میں زکوٰۃ تربیتی اجتماع کا انعقاد

 دارالافتاء اہلِ سنّت کے مفتیانِ کرام نے مسائلِ زکوۃ بیان کئے

تفصیلات کے مطابق دارُالافتاء اہلِ سنّت کے زیرِ اہتمام مارچ اور اپریل کے مہینے میں کراچی کے مختلف علاقوں میں زکوٰۃ تربیتی اجتماعات منعقد کئے گئے جن میں تاجر حضرات اور فیکٹری مالکان سمیت بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ سب سے پہلا زکوٰۃ تربیتی اجتماع یکم مارچ کو جناح کلچرل آڈیٹوریم نیوکراچی 5-E میں ہوا جس میں ماہرِ امورِ تجارت مفتی علی اصغر عطّاری مدنی  مُدَّ ظِلُّہُ العالی    نے خصوصی بیان فرمایا۔ 14 مارچ کو بحریہ ٹاؤن کراچی میں مولانا کفیل عطّاری مدنی ، 17 مارچ کو فرحین لان سرجانی ٹاؤن میں مولانا جمیل عطّاری مدنی اور گولڈ لائن سفاری گارڈن میں مولانا حسّان عطّاری مدنی ، 19 مارچ کو پرل بینکیوٹ نزد دھوراجی کالونی میں مولانا شفیق عطّاری مدنی ، فیضانِ اسلام مسجد ڈیفنس میں مولانا حسان عطّاری مدنی ، مدرسۃُ المدینہ الصفۃ بلدیہ ٹاؤن میں مولانا کفیل عطّاری مدنی ، حنفیہ مسجد محمود آباد میں مولانا سجاد عطّاری مدنی ، 24 مارچ کو مصطفیٰ بینکوئٹ اورنگی ٹاؤن میں مولانا جمیل عطّاری مدنی جبکہ 02 اپریل کو کیماڑی میں مولانا عبدالماجد عطّاری مدنی اور کراچی یونیورسٹی کے ڈیارٹمنٹ آف کیمسٹری آڈیٹوریم میں مولانا شفیق عطّاری مدنی نے بیان کیا۔ مفتیانِ کرام نے بیان کرتے ہوئے زکوٰۃ کی شرائط اور اس کی تفصیلات ، وہ کون کون سے مال ہیں جن پر زکوٰۃ نکالی جائے گی؟ مستحق زکوٰۃ کون کون ہیں؟ نصاب اور حاجتِ اصلیہ کسے کہتے ہیں؟ زکوٰۃ کن چیزوں پر فرض ہے؟ کون کون سے رشتے داروں کو زکوٰۃ دینا جائز ہے؟جیسےاہم مسائل بیان کرتے ہوئے زکوٰۃ کی ادائیگی کا ذہن دیا۔ ان “ زکوٰۃ تربیتی اجتماعات “ میں شُرکا نے سوالات بھی کئے جن کے مفتیانِ کرام نے جوابات عطا فرمائے۔

 “ گرین پاکستان مہم “ کے تحت سرگودھا میں تقریباً ایک ہزار پودے لگادیئے گئے

رکن شوریٰ حاجی رفیع عطّاری اور دیگر شخصیات نے حصہ لیا

عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے شعبہ “ فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن (FGRF) “ کے تحت پاکستان بھر میں “ گرین پاکستان “ مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں پنجاب کے شہر سرگودھا میں شجر کاری مہم کا سلسلہ ہوا جس میں تقریباً 1000 پودے لگائے گئے۔ اس مہم میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد رفیع عطّاری ، سید محمود بخش گیلانی (چیئرمین D.H.A سرگودھا) ، میاں فرخ عباس مخدوم (ڈپٹی ڈائریکٹر P.H.A سرگودھا) اور دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ دعوتِ اسلامی اس مہم کے ذریعے پورے پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے پُر عزم ہے۔

سابق صوبائی وزیر نثار کھوڑو کا عالمی مدنی مرکز کا وزٹ

مولانا عمران عطّاری سے ملاقات کی اور مختلف شعبہ جات کا وزٹ کیا

سابق صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی کا دورہ کیا۔ دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے شخصیات اور دیگر ذمہ داران نے انہیں فیضانِ مدینہ میں قائم اسلامک ریسرچ سینٹر(المدینۃ العلمیہ) ، ٹرانسلیشن ڈپارٹمنٹ اور مدنی چینل کے مختلف ڈپارٹمنٹس کا دورہ کروایا اور ان شعبہ جا ت کے بارے میں بریفنگ دی۔ نثار کھوڑو نے دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطّاری سےبھی ملاقات کی۔ نگرانِ شوریٰ نے انہیں دعوتِ اسلامی کے تحت چلنے والے شعبہ جات کے متعلق بریفنگ دی جس کو سُن کر نثار کھوڑو نے دعوتِ اسلامی کی دینی و فلاحی خدمات کو سراہا۔

فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی چینل کے اسٹاف کے درمیان تربیتی سیشن کا انعقاد

تربیتی سیشن میں نگرانِ شوریٰ کا خصوصی بیان

عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 18 مارچ 2021ء کو ایک ٹریننگ سیشن کا سلسلہ ہوا جس میں مدنی چینل کےمختلف ڈپارٹمنٹس کے اسٹاف نے شرکت کی۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطّاری   مُدَّ ظِلُّہُ العالی  نے سنّتوں بھرا بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ جہاں ہم اپنی زندگی کو اچھی طرح گزارنے کے لئے کوششیں کرتے رہتے ہیں وہاں آخرت کے بارے میں بھی ہمیں فکر کرنی چاہئے کیونکہ آخرت کی زندگی ابدی ہے۔ نگرانِ شوریٰ نے شُرکا کو نمازوں کی پابندی کرنے اور اس کی درستی کے لئے شعبہ مدنی کورسز کے تحت “ فیضانِ نماز کورس “ کرنے کی ترغیب بھی دلائی۔ اس موقع پر رکنِ شوریٰ و نگران کراچی ریجن حاجی محمد امین عطّاری بھی موجود تھے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز ، کراچی


Share