نعت
مُژدۂ[1] رَحمتِ حق[2] ہم کو سنانے والے
مرحبا آتشِ دوزخ[3]سے بچانے والے
جتنے اللہ نے بھیجے ہیں نبی دنیا میں
تیری آمد کی خبر سب ہیں سنانے والے
مجھ سے ناشاد[4] کو پہنچا دے دَرِ احمد تک
میرے خالق میرے بچھڑوں کے ملانے والے
دلِ ویرانۂ عاشق کو بھی کیجے آباد
میرے محبوب مَدینے کے بسانے والے
کوئی پہنچا نہ نبی رُتبۂ عالی [5]کو ترے
مرحبا! خُلد[6] کی زنجیر ہلانے والے
بَعدِ مُردَن[7]مجھے دِکھلائیں گے جلوہ اپنا
قبرِ تِیرہ[8]میں مرے شمع دکھانے والے
قبر میں آپ کو دیکھا تو رضاؔ نے یہ کہا
دیکھئے! آئے وہ مردوں کو جِلانے والے[9]
حدائقِ بخشش ، ص484
از امامِ اہلِ سنت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ
[1] خوش خبری ، بشارت
[2] اللہ پاک کی رحمت
[3] جہنم کی آگ
[4] غمگین
[5] بلند مرتبہ
[6] جنت
[7] مرنے کے بعد
[8] اندھیری قبر
[9] زندہ کرنے والے
Share
Comments