مدنی کلینک
چکن پاکس (Chickenpox)
* ڈاکٹر اُمِّ سارب عطّاریہ
ماہنامہ جون 2021
چکن پاکس ایک وبائی بیماری ہے جوکہ ایک وائرس کی وجہ سے ہوتی ہے۔ اردو میں اسے چیچک کہتے ہیں۔ یہ بیماری بچّوں اور بڑوں دونوں کو متأثر کر سکتی ہے۔
علامات :
چکن پاکس سے متأثرہ افراد میں بھوک کی کمی ، گھبراہٹ ، تھکن ، کمزوری اور گلا خراب ہونے کی علامات ظاہر ہوتی ہیں ، اس کے بعد بخارہوتا ہے ، ایک یا دو دن کے بعد جِلد پر دھبے (سرخ نشانات) ہوتے ہیں جن میں بہت خارش ہوتی ہے ، یہ سرخ دھبے جَلد ہی چھالوں میں بدل جاتے ہیں جن کے اندر مواد بھرا ہوتا ہے۔ یہ دانے مختلف تعداد میں نکل سکتے ہیں ، کسی میں تو صرف چند چھالے ہوتے ہیں اور کسی میں اس کی تعداد 500 تک ہوسکتی ہے ، عام طور پر پانچ سے سات دِنوں میں بخار کم ہوجاتا ہے ، دانے خشک ہونے لگتے ہیں اور خشک ہو کر کُھرَنڈ بن جاتے ہیں۔
وجوہات (Causes) :
یہ مرض ایک وائرس کے باعث ہوتا ہے جسے Varicella كہتے ہیں ، یہ عام طور پر بچّوں میں ہلکی نوعیت کا ہوتا ہے ، لیکن نوزائیدہ بچّوں (Newborn babies) اور جن لوگوں میں امیون سسٹم ((Immune System كے مسائل ہوتے ہیں یعنی ان کے جسم میں مدافعت کی قوت بہت کم ہوتی ہے ان لوگوں کے لئے بہت خطرناک ہو تا ہے۔
چھالوں کے خشک ہونے تک دوسرے لوگوں کو اس کے وائرس لگ سکتے ہیں ، گھر کے دوسرے افراد سے لے کر اسکول اور ڈے کیئر کے دوسرے بچّوں میں اس کے وائرس پھیل سکتے ہیں ، ایک حاملہ خاتون اپنے آنے والے بچّوں میں بھی اس کے وائرس منتقل کرسکتی ہے۔
گھر پر علاج :
(1)بچّے کے بخار کو کم کرنے کیلئےپیرا سیٹامول دیں ۔
(2)دانے بہت خارش دار ہوتے ہیں لہٰذا جِلد کی اچھی طرح دیکھ بھال کریں اور بچّے کو خارش نہ کرنے دیں۔
(3) بچّے کے ناخن کاٹ کر چھوٹے کردیں ۔
(4)ہلکے پھلکے کپڑے پہنائیں۔
(5) نیم گرم قابلِ برداشت پانی سے نہلائیں ، کُھجلی سے اس کا دھیان ہٹانے کے لئے اس کو چُست رکھیں اور کھلونے دیں۔
(6)ڈاکٹر کے مشورے سے کوئی کریم یا کیلامائن لوشن (Calamine Lotion) وغیرہ لگاسکتے ہیں۔
(7)پانی زیادہ سے زیادہ پلائیں ، ممکن ہو تو لیموں کی سکنجبین بنا لیں ، اگر موسم گرم ہے تو دن میں دو سے تین مرتبہ سکنجبین پلائیں۔
(8) کچی لسی اور دہی کا جتنا زیادہ ممکن ہو استعمال کریں ، یہ اندر سے جلد کو صاف کرتی ہے ، نتیجے میں جلد کے اوپر نمایاں ہونے والے داغ دھبے ختم ہوجاتے ہیں۔
(9)مریض کو باریک ململ کا کپڑا اوڑھائیں ۔
(10)تازہ کھلی ہوئی کلیاں مریض کے سرہانے رکھیں ان سے اسے راحت ملتی ہے ۔
حفاظتی ٹیکہ (Immunization) :
تمام صحت مند بچّوں کو جب وہ ایک سال کی عمرکے ہوجائیں ، انہیں چھوٹی چیچک کا حفاظتی ٹیکہ لگوانا چاہئے۔ اگر آپ کے بچّے کو یہ حفاظتی ٹیکہ نہیں لگایا گیا ہے اور وہ کسی ایسے بچے کو ہاتھ لگاتا یا اس کے ساتھ کھیلتا ہے ، جس کو چھوٹی چیچک ہو تو اگر اس کو فورا ًحفاظتی ٹیکہ لگوالیا جائے تو وہ محفوظ رہ سکتا ہے۔
احتیاط :
چکن پاکس سے متأثرہ بچّے یا بڑے کی موجودگی میں پراٹھے نہ بنائیں اور نہ ہی سالن وغیرہ کو گھی کا تڑکہ لگائیں اس سے جلن میں اضافہ ہوسکتاہے۔
نوٹ : ہر علاج اپنے طبیب(ڈاکٹر یا حکیم) کے مشورے سے ہی کیجئے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* سندھ گورنمنٹ ہاسپٹل ، کراچی
Comments